وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے ملتان میں پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بدامنی، دہشتگردی، قومی اداروں کی نجکاری اور مہنگائی کے خلاف نکالی جانیوالی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اگر حکومت نے ان دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہ کیا تو حکومت کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں شہداء کے قاتلوں سے مذاکرات غیرآئینی اور غیرشرعی ہیں، پاک فوج قدم بڑھائے پوری قوم ساتھ دے گی، پاک فوج، پولیس اور ایف سی کے جوانوں کی شہادت حکومت اور مذاکرات کی حامی جماعتوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ علامہ اقتدارنقوی نے مزید کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، طالبان ملک میں جب اور جہاں چاہتے ہیں نہتے اور معصوم لوگوں کو لقمہ اجل بناتے ہیں حکومت اور منافق سیاستدان صرف بیانات دے رہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں محب وطن قوتوں کے ساتھ مل کر طالبان اور ملک دشمن قوتوں کے ساتھ فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پورے ملک کی عوام کی آواز ہے۔

وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم  کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے جماعت اسلامی کے امیر منور حسن کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں امام حسین علیہ السلام کی شان میں گستاخانہ کلمات ادا کرنے کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ کربلا کی جنگ حق و باطل کا وہ معرکہ تھا کہ جس میں نواسہ رسول (ص) امام حسین (ع) نے یزید کے خلاف قیام کرکے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی، منور حسن کی جانب سے کربلا کی جنگ کو دو اصحاب کی جنگ قرار دینا نواسہ رسول امام حسین (ع) کی توہین اور رسول اکرم (ص) کی تعلیمات سے غداری کے مترادف ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) منور حسن کی جانب سے امام حسین (ع)کی شان میں گستاخی کی مذمت کرتے ہیں، طالبان کی حمایت میں منور حسن اپنا دماغی توازن کھو چکے ہیں، جماعت اسلامی اپنے بانی مودودی صاحب کی روش سے ہٹ کر طالبان کی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ ن خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید مہدی شاہ نے جماعت اسلامی کے امیر منور حسن کی جانب سے ایک نجی چینل کو انٹرویو میں اما م حسین کی شان میں گستاخانہ کلمات ادا کرنے کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ مہدی شاہ کا کہنا تھا کہ کربلا کی جنگ حق و باطل کا وہ معرکہ تھا کہ جس میں نواسہ رسول (ص) امام حسین (ع) نے یزید کے خلاف قیام کرکے اسلام کو ایک نئی زندگی عطا کی، منور حسن کی جانب سے کربلا کی جنگ کو دو اصحاب کی جنگ قرار دینا نواسہ رسول امام حسین (ع) کی توہین اور رسول اکرم (ص) کی تعلیمات سے غداری کے مترادف ہیں، جماعت اسلامی اس مناسبت سے اپنا مؤقف واضح کرے ،نواسہ رسول امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت (ع) کے قاتل اور کعبہ شریف اور مسجد نبوی کو تاراج کرنے والے یزید کوتمام مسلمان اسلام سے خارج اور دین کا باغی تصور کرتے ہیں، امت مسلمہ کسی بھی صورت یزید کو اصحاب رسول (ص) کی فہرست میں شامل کرنے کی منور حسن کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی۔

وحدت نیوز( کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت جمعہ کے روز ملک بھر کی طرح کراچی بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،احتجاجی مظاہروں کا مقصد پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور دہشت گرد ی کے ذمہ داروں طالبان دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے حکومت سے مطالبہ سمیت حالیہ دنوں سعودی عرب کی ایما ء پر پاکستان کو شام کی جنگ میں دھکیلنے کی سازش کی مذمت کرنا تھا، اس حوالے سے کراچی کے مختلف علاقوں بشمول جامع مسجد حسینی برف خانہ ملیر، جامع مسجد مصطفی عباس ٹاؤن، جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد،جامع مسجد جعفریہ نارتھ کراچی سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ مسجد کھارادر کے باہر ہوا،احتجاجی مظاہروں میں سیکڑوں مظاہرین نے شرکت کی جن کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز موجود تھے جس پر پاکستان شام کی جنگ میں نہ پڑے، سعودی ایماء پر پاکستان کو شام کی جنگ میں دھکیلنے کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کا دفاع کرتے رہیں گے، حکومت ہوش کے ناخن لے، طالبان دہشت گردوں کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن کیا جائے سمیت مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نا منظور کے نعرے درج تھے۔ شہر بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات علامہ عبد اللہ مطہری،مولانا منور نقوی(رہنما مجلس وحدت مسلمین کراچی) مولانا علی انور جعفری (سیکرٹری روابط کراچی)، علی حسین نقوی (سیکرٹری سیاسیات کراچی)، انجینئر رضا نقوی (ڈپٹی سیکرٹری جنرل کراچی)، مولانا علی افضال، مولانا باقر زیدی، مولانا ذوالفقار جعفری اور احسن عباس رضوی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

 

احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان کو شام کی جنگی صورتحال میں دھکیلنا امریک اور اسرائیل کی گھناؤنی سازش ہے جسے سعودی عرب کے حکمران پاکستانی حکمرانوں کو لالچ دے کر پوری کروانے کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم حکمرانوں کو چاہئیے کہ ہوش کے ناخن لیں اور پاکستان کے وسیع تر مفادات کی خاطرکسی بھی عرب یا دیگر ممالک کی ایماء پر شام کی جنگ میں کودنے سے خود کو دور رکھیں، ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کے بیس کروڑ عوام کی زندگیوں اور مستقبل کو داؤ پر لگانے والے حکمرانوں کو چاہئیے کہ وہ سعودی عرب کی ایماء پر شام سمیت کسی بھی ملک کے خلاف استعمال ہونے سے پہلے اپنے اندرونی دشمن طالبان دہشت گردوں کا قلع قمع کریں کیونکہ مستقبل قریب میں سعودی منصوبہ بندی کے تحت شام میں لڑنے والے باغی بھی پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گے جویقیناًپاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگا۔

 

مقررین کاکہنا تھا کہ گذشتہ دنوں افواج پاکستان کی جانب سے طالبان دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کی جانے والی کاروائی پر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور سوال کرتے ہیں کہ افواج پاکستان اپنے جوانوں کے قتل کے انتقام کی خاطر تو طالبان دہشت گردوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لاتی ہیں تاہم پاکستان کے عام عوام کو قتل کرنے والوں کے خلاف کون اٹھے گا؟ کیا پاکستان کے عوام اپنا دفاع خود کریں یا افواج پاکستان عوام کے قاتلوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائیں گی؟ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار وسیع کیا جائے اور طالبان دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے،اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، دہشت گردی نامنظور، طالبان کے خلاف آپریشن کرو سمیت لبیک یا رسول اللہ (ص) اور لبیک یا حسین (ع) کے فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ نواز شریف سعودی عرب کی غلامی کے بجائے اپنے ملک کی سلامتی کی فکر کریں،قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کی تشیع میں بیداری کی جو روح پھونکی ہے اس پر کوئٹہ کی عوام نے لبیک کہتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ کربلا کے ماننے والے کبھی بھی ظالم کے آگے اپنا سر نہیں جھکائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ یکجہتی کونسل کے تحت سانحہ کیرانی روڈ کی برسی کے موقع پر ہزارہ ٹاؤن میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا،ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا اور مقامی رہنما قیوم چنگیزی سمیت دیگر تنظیموں کے رہنما بھی موجود تھے۔ اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت اور یہ ثابت کیا کہ اپنے شہداء کی یاد کو زندہ رکھنے کے لئے ہمارے جوان، بچے، بوڑھے اور خواتین میدان میں ہمیشہ حاضر ہیں۔ علامہ اعجاز بہشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں آج اس جلسے میں قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی نمائندگی کررہا ہوں اور ان کی طرف سے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

 

 ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما  کا کہنا تھا کہ ملت کوئٹہ نے ہمیشہ بیداری کی آواز پر لبیک کہا ہے، یہ کوئٹہ ہی کے شہداء کے خون کی برکت ہے کہ ملت جعفریہ پاکستان بھر میں ظالم کے خلاف برسرپیکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک آج جن مسائل کا شکار ہے اس کے حل کیلئے ہمیں متحد و منظم ہونا پڑے گا، نواز شریف اس ملک کو سعودی عرب کے پروردہ دہشت گردوں کی جنت بنانا چاہتے ہیں لیکن ہم اپنے شہداء کے لہو کی قسم کھا کر کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ہرگز سعودی دہشت گردوں کی جنت نہیں بننے دیں گے۔  علامہ اعجاز بہشتی نے نواز شریف کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  پاک فوج نے دشمن قوتوں کے خلاف جو اقدام کیا ہے ملت جعفریہ اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور یہ اعلان کرتی ہے کہ ملت جعفریہ کا ہر جوان دہشت گردوں کے خلاف اس لڑائی میں اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

وحدت نیوز(روندو) وفاقی حکومت کی طرف سے گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت بڑھانے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن تحصیل روندو کے زیراہتمام گلگت اسکردو روڈ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رضا انصاری، رہنما پی پی پی اقبال دلبر، سید مہدی ہرداس، الطاف عابدی نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافہ معاشی قتل کے مترادف ہے، حکومت اپنے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے عوام سے جینے کا حق چھیننے کے درپے ہو گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ گندم کی قیمت کو پرانی سطح پر نہ لایا گیا تو احتجاجی تحریک کا سلسلہ بڑھایا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں گلگت بلتستان کو حصہ دیا جائے ،گندم کی قیمت بڑھانے سے قبل گلگت بلتستان کو دریائے سندھ کی رائیلٹی دی جائے اور بیرونی ملک سفارت خانوں میں گلگت بلتستان کے افراد کو بھی خصوصی کوٹہ دیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree