بھکر میں حالات بدستور کشیدہ ، کرفیو نافذ ، شہداء کی تعداد چھ ہو گئی

24 اگست 2013

وحدت نیو ز (بھکر)  دریا خان کے علاقے کوٹلہ جام میں گذشتہ شام ہو نے والے کالعدم ملک دشمن جماعت سپاہ صحابہ کے مسلح حملے میں شہید ہو نے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے ، بھکر شہر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں ، مقامی انتظامیہ اور پولیس حالات کنٹرول میں یکسر ناکام نظر آرہی ہے، صبح دس بجے سے متاثرہ علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ، جب کہ بہاولپور، فیصل آباداور ڈیرہ غازی خان سے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے ۔

مقامی دہشت گرد قاری حبیب کی قیادت میں کالعدم سپاہ صحابہ کی ریلی کے شرکاء نے دریا خان کے علاقے کوٹلہ جام پر ایک دم دھاوا بول دیا، جس سے اہل تشیع کی املاک کو بری طرح نقصان پہنچا جبکہ دکانوں اور گھروں پر فائرنگ بھی کی گئی، جس سے ابتک  چھ افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں سپاہ صحابہ کے دو دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ صورت حال قابو سے باہر دیکھ کر ڈی سی او بھکر نے رینجرز سے مدد مانگ لی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھکر میں دریا خان کے علاقے کوٹلہ جام میں کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گردوں نے اہل تشیع کی دکانوں اور گھروں پر اس وقت حملہ کر دیا جب وہ ایک احتجاجی ریلی سے واپس آ رہے تھے، حملے سے اب تک چھ افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں سپاہ صحابہ کے دو دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ تصادم میں جدید اسلحے کا کھلے عام استعمال کیا گیا جبکہ مقامی پولیس ساری کارروائی کا تماشا دیکھتی رہی، جس سے یوں محسوس ہو رہا تھا کہ پولیس کو دہشت گردوں کو روکنے سے منع کیا گیا ہو۔ شہر میں جدید اسلحے کی مدد سے ایک دوسرے پر شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کی زد میں آکر ایک راہ گیر غلام مصطفٰی بھی جاں بحق ہوگیا ہے۔

فائرنگ کی وجہ سے علاقے میں دکانیں اور دیگر کاروباری مراکز بند ہوگئے ہیں، دونوں گروپوں میں فائرنگ کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ کالعدم سپاہ صحابہ کی جانب سے مساجد میں اشتعال انگیر اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔ جن میں کارکنوں کو جہاد کی جانب ترغیب دی جا رہی ہے۔ صورتحال کو کنٹرول کرنے میں پولیس اور انتظامیہ کی ناکامی کے بعد ڈی سی او بھکر نے رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے۔

وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے بھکر میں ہونے والے تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور بھکر واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سپاہ صحابہ کے ضلعی سیکرٹری جنرل کو ذاتی عناد کی وجہ سے قتل کر دیا گیا، جس کے بعد سے علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی اور آج پورے علاقے میں ہڑتال کی کال کی بھی دی گئی تھی۔ کالعدم سپاہ صحابہ کے کارکنوں نے اہل تشیع کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی اور املاک پر بھی حملے کئے، رینجرز کے دستے اس وقت شہر میں گشت کر رہے ہیں، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں طبی امدادی دی جا رہی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree