بے یقینی کی صورتحال کے باوجود راولپنڈی میں چہلم امام حسین (ع) کا تاریخی ساز جلوس

25 دسمبر 2013

وحدت نیوز(راولپنڈی) سانحہ راجہ بازار کے بعد پیدا ہونیوالی بے یقینی کی صورتحال کے باوجود راولپنڈی میں چہلم امام حسین (ع) کا جلوس انتہائی پرامن رہا اور جلوس کے پورے روٹ پر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، مرکزی جلوس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری، شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، ایم ڈبلیوایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماؤں نے کی۔ چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے برآمد ہوا جس میں امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ، امام بارگاہ یادگار حسینی، امام بارگاہ حفاظت علی شاہ اور شہر کے دیگر علاقوں سے آنیوالے جلوس بھی شامل تھے۔ شرکائے جلوس نے فوارہ چوک میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کی، نماز باجماعت کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن نے کیا۔ اس موقع علامہ امین شہیدی نے عزداروں سے مختصر خطاب بھی کیا، انہوں نے جلوس کے دوران برادران اہلسنت سمیت مختلف مکاتب فکر کی جانب سے شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کی جانیوالی کاوشوں اور سکیورٹی کے حوالے سے حکومت و انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔

علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آج چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات نے ثابت کر دیا کہ اگر حکومت اور ادارے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دیں تو کسی بھی شدت پسند یا فسادی طبقے کو امن و امان کی صورتحال سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکتا، انہوں نے اتحاد، اخوت اور مذہبی رواداری کی فضا برقرار رکھنے پر راولپنڈی کے تاجروں اور برادران اہلسنت سمیت ہر مکتب فکر کے افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ اتحاد، یکجہتی اور مذہبی رواداری کی یہ فضا برقرار رکھی جائے گی۔ جلوس راجہ بازار و مدرسہ تعلیم القرآن کے سامنے سے گزرتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے مرکزی دفتر اور قدیمی امام بارگاہ میں دو الگ الگ کنٹرول رومز بنائے گئے تھے۔

امام بارگاہ قدیمی میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی ہمہ وقت موجود رہے اور جلوس کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھی۔ جلوس کے راستے میں برادران اہلسنت اور دیگر تنظیموں کی جانب سے عزاداروں کے لئے دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں، جلوس کی سکیورٹی کے فرائض مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ جوان وحدت یوتھ، وحدت اسکائوٹس بوائز اور وحدت سکائوٹس گرلز نے سرانجام دیئے، جبکہ حکومت کی جانب سے تعینات گئے پولیس و رینجرز اہلکاروں کے ساتھ ساتھ امامیہ اسکائوٹس، ابراہیم اسکائوٹس، مختار فورس اور جے ایس او کے جوانوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ جلوس کے آخر میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت حسین شیرازی نے اختتامی دعا کرائی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree