The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) بین الاقوامی شہرت یافتہ خطیب اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رہنما علامہ سید حسن ظفرنقوی اپنی تمام تر نجی مصروفیات ترک کرکے شیعہ نسل کشی کے خلاف اسلام آباد میں جاری سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی احتجاجی بھوک ہڑتال میں شامل ہو گئے ہیں ، نیشنل پریس کلب کے باہر قائم احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ میں آمد پر ان کا کہنا تھا کہ ملت تشیع پاکستان کا ایک عظیم لیڈر قوم کے حقوق کی خاطر تین روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھا ہے، اب ہماری قومی وملی جماعتوں او رتنظیموں کا کیا وظیفہ ہے،یہ کسی شخصیت ، تنظیم یا جماعت نہیں بلکہ قومی غیرت وحمیت کا مسئلہ ہے، جس میں پوری قوم کو علامہ راجہ ناصرعباس سے اظہار یکجہتی کرنا چاہئے، انہوں نے مذید کہا کہ جن مومنین سے میرےمجالس یا میلاد میں شرکت کے وعدے ہیں، ان سب سے انتہائی معذرت کے ساتھ کہتاہوں  کہ یہ ناچیز حاضر نہیں ہو سکتا،مومنین کے قتل عام کے خلاف آواز اٹھانا اور احتجاج کرنا آج میری سب سے بڑی ذمہ داری ہےاور اپنے مولا سے کیئے ہوئے وعدے کو وفا کرنا سب سے بڑی وفاداری ہے.

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تنظیمی پیام وحدت کنوکشن کے اختتام پر آئندہ تین سال کیلئے برادر میثم رضا عابدی ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، امام بارگاہ عزاخانہ ابوطالبؑ سولجر بازارمیں منعقدہ کنونشن میں ایم ڈبلیوایم  کراچی ڈویژن کے اراکین کابینہ اور چھ اضلاع سے عہدیداران نے اپنے خفیہ حق رائے دہی کے نتیجے میں نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب کیا، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی ، صوبہ سیکریٹری فلاح وبہبود الفت عالم کربلائی اور سیکریٹری روابط شفقت علی لانگا نے الیکشن کمیشن کے اراکین کی حیثیت سے انتخابی عمل کی نگرانی کی، میثم عابدی کے مد مقابل سید رضا امام اور سجاد اکبر زیدی کے نام بھی انتخابی عمل میں شامل تھے۔نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی سے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی نے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی کا کہنا تھا کہ ایک بھاری ذمہ داری میرے کاندھو ں پر ڈال دی گئی ہے، آپ تمام دوستوں کے تعاون کے بغیر اس الہیٰ وضیفے کی انجام دہی ناممکن ہے، انشاءاللہ آئندہ تین سال جماعت کے تنظیمی ڈھانچے کی مذید مضبوطی کیلئے اقدام بروئے کار لائے جائیں گے اور ایم ڈبلیوایم کو وطن عزیز کی ایک مظلوم دوست جماعت کی حیثیت سے روشناس کروائیں گے۔

وحدت نیوز(لاہور) اہل سنت عالم دین محمد علی نقشبندی صاحب کی تحفظ ناموس رسالت کے وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ آمد، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو پھولوں کے گلدستے کے ساتھ مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اتحاد امت مسلمہ کے لیے کی جانے والی خدمات پر ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کو خراج تحسین پیش کیا،س موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری مالیات علامہ سید مبارک علی موسوی ، مرکزی سیکرٹری سیاسیات برادر اسد نقوی ، برادر ناصر شیرازی اور لاہور کے نو منتخب سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ہمدانی سمیت دیگر ضلعی عہدہ داران موجود تھے۔دونوں رہنمائوں کے درمیان دوطرفہ دلچسپی کے امور سمیت ملکی حالات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری وفدمیں شامل معززمہمانان گرامی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گذشتہ روزدورہ لاہور کے موقع پر  سربراہ تحریک  اتحاد امت مصطفیٰ پیر شفاعت الرسول سے ان کے آستانہ پر ملاقات کی  ، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی، رکن شوریٰ عالی سید ناصرشیرازی،سیکریٹری جنرل لاہور علامہ سید حسن ہمدانی ودیگر بھی مو جود تھے ، ایم ڈبلیوایم قائدین کی آمد پر پیر شفاعت الرسول کے مریدوں کی جانب سے گل پاشی کرکے شاندار استقبال کیاگیا ،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پیر شفاعت الرسول کو تحریک  اتحاد امت مصطفیٰ ﷺکا چیف آرگنائزر نامزدہونے پر مبارک باد پیش کی،
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان سے تکفیریت کے خاتمے اور امن واستحکام کے قیام کیلئے مضبوط شیعہ سنی روابط کا قیام ناگزیر ہے، الحمداللہ مجلس وحدت مسلمین نے وطن عزیز میں اہل سنت تنظیمات کے ساتھ گراس روٹ تک برادرانہ تعلقات قائم کرکے تکفیریت کا منہ کالا کیا ہے۔ پیر شفاعت الرسول نے  تحریک  اتحاد امت مصطفیٰ ﷺمیں مجلس وحدت مسلمین کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیوایم اور خصوصاًآپ کی اتحاد بین المسلمین کے لئے جدوجہد روز روشن کی طرح عیاں ہے، انہوں نے ایم ڈبلیوایم قائدین کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) کرم ویلی ٹیچر ایسوسی ایشن کے تحت یکم جولائی2012سے فاٹا اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر پابندی کے خلاف نیشنل پریس کلب کے باہر جاری احتجاجی دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےخصوصی شرکت کی اور شرکائے دھرنا سے خطاب بھی کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ آغا سید علی رضوی، ارشاد حسین بنگش اور محمد علی بھی موجود تھے، علامہ راجہ ناصرعباس نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فاٹا اساتذہ کی حق تلفی قابل مذمت ہے، معاشرے کے سب سے قابل احترام طبقے کے حقوق غصب کرنا غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدام ہے ، مجلس وحدت مسلمین متاثرہ اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وفاقی حکومت فاٹا کے اساتذہ کے ساتھ متعصبانہ رویہ ترک کرے اور ان کی قابلیت ، اسکیل اور مدت ملازمت کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کرے۔

وحدت نیوز (کراچی ) ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف اسلام آبا دمیں جاری قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کی جانب سے نمائش چورنگی پر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کردیا گیا ہے،  وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقرعباس زیدی، علامہ مختارامامی ، کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن ، علی حسین نقوی ،علامہ علی انور جعفری ،علامہ صادق جعفری ،علامہ احسان دانش ،ناصر حسینی ،ڈاکٹر مدثر حسین سمیت کارکنان کی بڑی تعدادنے بھول ہر تالی کیمپ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اظہار یکجہتی کیلئے علامتی بھوک ہڑتال کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں شہدائے پاراچنار ،ڈیرہ اسماعیل خان ،شہدائے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ اس احتجاجی کیمپ کا مقصد ملک میں بسنے والی بے گناہ عوام کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی اور ملک خداداد میں جاری دہشتگردی کالعدم جماعتوں کے بڑھتے ہوئے نفوذ اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف حکومتی و ریاستی اداروں کی مجر مانہ خاموشی پر اپنا موثر احتجاج ریکارڈ کر وانا ہے ملک میں بڑھتی ہوئی تازہ دہشتگردی کی لہرپر ملکی محب وطن عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ایسا لگتا ہے کے ملک میں دوبارہ طالبان دہشتگردوں اور ان کی بغل بچہ کالعدم جماعتوں کو فری ہینڈ دیا جا رہا ہے اورپھر سے پروفیشنلز کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر قومی نقصان کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی میں خرم ذکی کاقتل تکفیریوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا ہے حکومت اور ریاستی اداروں نے ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود ڈیرہ اسماعیل خان وکلاء کے قتل سمیت کراچی میں خرم ذکی کے قتل پر اب تک کوئی جو ڈیشنل انکوائری کمیشن تشکیل نہیں دیا جبکہ دوسری جانب نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے بے گناہ افراد کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت ،ریاستی ادروں کے ساتھ ساتھ اب عدلیہ پر سے بھی اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔یہ اطلاعات بھی منظر عام پرموجود ہیں کہ سپریم کورٹ کے جج کی سفارش پر عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کیلئے کام کرنے والے افراد کو جیل سے رہا کیا گیا ہے اور دوسری جانب جن ججوں نے ماڈل ٹاون کیس کا فیصلہ حکومت کی مرضی کے برعکس کیا ان کے خلاف حکومت نے انتقامی کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جب حکمران تنزلی کی اس سطح تک گر جائیں تب ملکی سلامتی و بقا خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی مین نمائش چورنگی پر لگایا جانے والا یہ علامتی بھوک ہرتالی کیمپ مرکزی قائدین کے اسلام آباد پریس کلب پر احتجاجی بھوک ہر تالی کیمپ سے مشروط ہے جب تک مرکزی قائدین کا حکم نہیں آجاتا یہ بھوک ہڑتالی کیمپ روزانہ جاری رہے گا ۔

وحدت نیوز (لاہور) لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دوسرا دن،جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ کے رہنماوُں سول سوسائٹی و دیگر کی آمد و اظہار یکجہتی،جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی کا کہنا تھا کہ شیعہ نسل کشی پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال بے حس حکمرانوں  کے منہ پر تماچہ ہے،پرامن اور موثر احتجاج میں مجلس وحدت مسلمین کا کوئی ثانی نہیں،ان کے مطالبات پوری قوم کی ترجمانی ہے،ملک سے دہشت گردی کے عفریت کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہے جب دہشت گردوں کے سیاسی سرپرستوں کو ایوانوں کے بجائے جیلوں میں ڈالا جائے اور ان غداروں کو سر عام پھانسیاں دی جائے،مصلحت پسندی کے ذریعے اس ناسور سے جان چھڑانا ممکن نہیں،انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کیساتھ ساتھ ہیں ،پاکستان کے شیعہ سنی یکجان ہے اور مٹھی بھر دہشت گردوں کو شکست دیے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے اہلسنت اکابرین اور دیگر اظہار یکجہتی کے لئے آئے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اور ریاستی اداروں کی بے حسی کیخلاف ہمارا یہ احتجاج غیر معینہ مدت کے لئے ہیں،ہم ظالموں کیخلاف میدان میں حاضر ہیں انشااللہ ہم اپنی اس جدو جہد کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام ملک بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف احتجاجی دھرنوں کا آغاز آج یادگار چوک اسکردو سے ہوگیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی کی کال پر دیئے گئے دھرنے کی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن نے بھی حمایت کی۔ مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام دھرنے میں کثیر تعداد میں علماء، جوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔ اس دھرنے سے ایم ڈبلیو ایم کھرمنگ کے رہنماء وزیر نثار کلیم، ایم ڈبلیو ایم شگر کے رہنماء فدا علی شگری، ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے ترجمان فدا حسین، علامہ شیخ بشیر دولتی، سید انصار حسین صدر آئی ایس او بلتستان، شیخ مختار مدبری، شیخ محمد علی سعیدی، شیخ اعجاز کرامتی، شیخ ذوالفقار، شیخ حبیب امینی اور علامہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک بھر میں بالخصوص کراچی، ڈیرہ اسماعیل خان اور پارا چنار میں جاری ٹارگٹ کلنگ سکیورٹی اداروں کی بدترین ناکامی ہے۔ ملک بھر میں دہشتگردی کی جو تازہ لہر جاری ہے، اس سے قومی ایکشن پلان زیر سوال آیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز میں چن چن کر شیعہ ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز اور دیگر شخصیات کو جس انداز میں نشانہ بنایا اور جس منظم انداز میں ان کو قتل کیا جا رہا ہے، یہ سکیورٹی اداروں کی غفلت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ سے محب وطن شہریوں کو حب الوطنی کی سزا دی جاتی ہے جبکہ دہشتگرد اور کالعدم جماعتوں کو پشت پناہی حاصل ہوتی رہی ہے۔ اس موقع پر آغا علی رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی کو اس وقت تک ملک سے ختم نہیں کیا جا سکتا، جب تک آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں نہ پھیلایا جائے اور جب تک دہشتگردوں کے ساتھ  دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور نرم گوشہ رکھنے والوں کو پھانسی کے تختے پر نہیں لٹکایا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں موجود کالعدم جماعتوں کے دہشتگردوں اور پشت پناہوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں تسلسل کیساتھ شہید ہونے والوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری افسوسناک ہے۔ پارا چنار میں یوم الحسین ؑ پر پابندی کی کوشش اور ایف سی اہلکار کے مظالم پر خیبر پختونخوا حکومت چپ کا روز توڑے اور اپنا موقف واضح کرے، ورنہ ہم سمجھیں گے کہ کے پی کے حکومت بھی نواز حکومت اور کالعدم جماعتوں کی سیرت پر گامزن ہوئی ہے۔ خیبر پختوانخوا کی حکومت کرم ایجنسی میں ایف سی اہلکار کے ہاتھوں شیعہ مسلمانوں کی شہادتوں اور اسارتوں پر نوٹس لے اور کرم ایجنسی میں محب وطن شہریوں پر مظالم بند کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں دہشتگردوی کی مخالفت کی سزا پر امن شہریوں کو دی جا رہی ہے۔ گیارہ سال قبل گلگت میں پیش آنے والے واقعات میں ایک درجن کے قریب بے گناہوں کو برابری کی بنیاد پر سزا دی جا رہی ہے جبکہ سانحہ چلاس، سانحہ کوہستان، سانحہ نانگا پربت، سانحہ بابوسر اور شاہراہ قراقرم پر پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ ہونا موجودہ صوبائی حکومت کی جانبداری کا واضح ثبوت ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما زاہد خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں تبدیلی کے دعوے محض زبانی ہے۔پولیس سمیت مختلف محکموں میں بدعنوان اور نااہل افراد عوامی کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کرتے ہوئے عوامی اے این پی کے مرکزی رہنما نے انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اور عوامی نیشنل پارٹی کا ایک موقف ہے۔ہم روز اول سے ایم ڈبلیو ایم کی طرح دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے حامی تھے لیکن وفاقی اور خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت مذاکرات کا راگ الاپتی رہیں جس سے ان عناصر کے حوصلوں کو تقویت ملی۔انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور پارلیمنٹ میں بھی آپ کی آواز کو بلند کیا جائے گا۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما نے علامہ ناصر عباس کی بھوک ہرتال کے باعث بگڑتی ہوئی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیاہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے احتجاجی کمیپ میں اظہار یکجہتی کے لیے آنے پر زاہد خان کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے حکمران بے حس ہو چکے ہیں۔انہیں عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں رہا۔ نوازشریف اپنی وزارت عظمی بچانے جبکہ عمران خان وزارت عظمٰی  کے حصول کے لیے بے قرار و بے چین ہیں۔ ملت تشیع کے چیدہ چیدہ افراد کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے لیکن کسی طرف سے ہمدردی کا ایک بول سننے کا نہیں بولتا۔ ہماری ملت کا ایک ایک فرد ہمارا قیمتی سرمایہ ہے۔ ہم اس سرمایے کی یوں بے توقیری نہیں ہونے دیں گے۔ہمارا خون اتنا ارزاں نہیں ہے کہ جو چاہے جب چاہے بہا کر چلا جائے۔ میں حکومت سے اپنی ملت کا مقدمہ برلب سڑک اسی احتجاجی کیمپ میں بیٹھ کر لڑوں گا۔میرا بڑھاپا ، میری ناتوانی میرے عزم و حوصلے کو شکست نہیں دے سکتی۔اس موقعہ پرعلامہ حسن ظفرنقوی، علامہ حسنین گردیزی، سید ناصر شیرازی،سید اسد نقوی سمیت ایم ڈبلیو ایم کے دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے بھی علامہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت کردی اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری کے مطالبات کو تسلیم کرے۔ ملی یکجہتی کونسل کے وفد کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی قیادت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر لگے بھوک ہڑتالی کیمپ میں علامہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب صدر میاں اسلم اور ملی یکجہتی کونسل کے رہنما ثاقب اکبر بھی موجود تھے۔ رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں شیعہ سنی افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ہر طرف بےبسی اور بےحسی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بےحسی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پروفیشنلز کو چن چن کر قتل کیا گیا، لیکن پی ٹی آئی کے کسی وزیر نے شہداء کے خانوادوں کی اشک شوئی تک نہ کی، حتٰی ان واقعات کی مذمت تک نہ کی۔ پارا چنار میں بےگناہ مظاہرین پر فائرنگ کرکے ایف سی کمانڈنٹ نے اپنے ہی پاکستانی بھائیوں سے زندگی کا حق چھین لیا۔ پنجاب میں بےگناہ افراد پر نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں پرچے کاٹے جا رہے ہیں، دورد و سلام پڑھنے پر اہل سنت بھائیوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، کراچی میں سماجی کارکن خرم ذکی کو شہید کر دیا گیا، ایسے میں جب ہر طرف خاموشی ہے تو مجبور ہوا کہ اس طریقہ احتجاج کو اپناوں۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت آپ سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور آپ کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کئے جانے کا مطالبہ کرتی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree