The Latest
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما سید رضا امام نقوی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام پہلے ہی لوڈ شیڈنگ ،اوور بلنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کے ظالمانہ سفاکانہ رویے کا شکار ہیں، اس پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان کے الیکٹرک کے کراچی کے عوام کے ساتھ ظالمانہ رویے کا فوری نوٹس لے اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے کو ختم کرائے، جبکہ شہر قائد میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے حوالے سے شکایات کا ازالہ کیا جائے، جبکہ محرم تا ربیع الاول تک جاری عزاداری اور میلاد النبی کے اجتماعات کو بھی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے عوام کیلئے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان میں رضا امام نقوی نے کہا کہ کے الیکٹرک پہلے ہی اپنے صارفین سے زائد بلوں کی مد میں اربوں روپے بٹور رہی ہے ، ایسے میں نرخ میں مزید اضافہ کراچی کے عوام پر بڑا ظلم ہو گا، اس ظلم میں شریک نیپرا کے الیکٹرک کی پشت پناہی کررہی ہے، لہٰذا نیپرا بھی کے الیکٹرک کے عوام کش بے جا مطالبات منظور کرنے کے بجائے کے الیکٹرک کو نرخوں میں اضافے سے روکے اور اسے پابند کرے کہ وہ صارفین سے زائد بلوں کی مد میں اربوں روپے کی لوٹ مار کا سلسلہ فی الفور بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کراچی کی عوام جو پہلے ہی زائد نرخ، طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کا شکار ہے، ان کے باعث پہلے ہی عوام کا جینا حرام ہو چکا ہے، اگر نرخوں میں حالیہ اضافے کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو عوام سڑکوں پر ہوگی، کے الیکٹرک ہوش کے ناخن لے، ورنہ عوامی غیض و غضب اسے بہا لے جائیگا،سندھ حکومت بھی اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے کے الیکٹرک کا قبلہ درست کرے، ورنہ عوام خود کے الیکٹرک کا قبلہ درست کرنے پر مجبور ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام اور صفر المظفر میں عزاداری کے اجتماعات اور ربیع الاول میں جشن عید میلاالنبی کا سلسلہ جاری رہتا ہے، سندھ حکومت کے الیکٹرک کو پابند کرے کہ وہ عزاداری و جشن عید میلاد النبی کے اجتماعات کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے، دہشتگرد عناصر لوڈشیڈنگ سے فائدہ اٹھا کر دہشتگردانہ کارروئیاں کر سکتے ہیں، حال ہی میں لیاقت آباد ایف سی ایریا میں امام بارگاہ در عباسؑ پر بھی دہشتگردوں نے لوڈ شیڈنگ کا فائدہ اٹھا کر دہشتگرد حملہ کیا تھا، حملے کے بعد تاریکی کا فائدہ اٹھا کر دہشتگرد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و رکن شوریٰ عالی سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنیوالے ملک دشمن دہشتگرد گروہ، ان کے سہولت کار اور سیاسی سرپرست کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہم اس المناک واقعے میں شہید ہونیوالوں کے خاندان کیساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی اور اس مکروہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کو ملک کے طول و عرض میں پھیلائے بغیر اس ناسور سے جان چھڑانا ممکن نہیں، مٹھی بھر ایک مخصوص سوچ کے حامل گروہ نے ملک کی امن کو تباہ برباد کرکے رکھ دیا ہے، ان کیخلاف بھرپور کارروائی کے بغیر دہشتگردی کیخلاف اس جنگ کو جیتنا ممکن نہیں۔ سید اسد عباس نقوی نے موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کو چاہیئے کہ وہ پانامالیکس کو سنجیدہ لے اور اس حوالے سے اقدامات کرے، اگر حکومت خود کو بے قصور سمجھتی ہے تو احتساب کیلئے پیش کرے اور اپوزشن جماعتوں کو اعتماد میں لے، تاکہ ملک میں ابھی جو افراتفری کی صورتحال میں ہے، اس سے نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکمران جماعت اپنی انا کے خاطر جمہوریت کیلئے خطرہ بننے سے گریز کرے، ہم کرپشن اور دہشتگردی کو ایک ہی سکے کے 2 رخ سمجھتے ہیں، ملکی استحکام اور ترقی کیلئے اس ناسور سے نجات دلانا ناگریز ہوچکا، لہذا احتساب کے عمل کو تیز کرتے ہوئے مجرموں کو قرار واقعی سزا دلانا ہوگی۔
وحدت نیوز(ملتان) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما اور مخزن العلوم الجعفریہ سورج میانی کے سرپرست علامہ سید محمد تقی نقوی کے جواں سالہ فرزند مولانا سید جعفرعباس نقوی طویل علالت کے بعد نشترہسپتال ملتان میں انتقال کرگئے، مرحوم جو کہ ایک روحانی طالبعلم تھے اور کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ علامہ سید محمد تقی نقوی کے فرزند کی خبر کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر سے تعزیتی بیانات اور اظہار افسوس کیا جا رہا ہے۔علامہ تقی شاہ نقوی کے جواں سال فرزند کے انتقال پر ایک مشترکہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ مبارک موسوی ، جنوبی پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی ودیگر رہنمائوں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے، رہنمائوں نے اس عظیم رنج وغم کے موقع پر پسماندگان کےلئے صبرجمیل اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ کل 25 اکتوبر بروز منگل کو صبح 9 بجے سورج میانی ملتان میں علامہ ساجد علی نقوی کی زیراقتداء ادا کردی گئی جس میں ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ اقتدار حسین نقوی ، علامہ قاضی نادر علوی سمیت شہریوں اور مختلف مکتب ہائے فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔
وحدت نیوز(کوہاٹ) قومی وحدت کونسل کے زیراہتمام ضلع کوھاٹ، ہنگواور اورکزئی ایجنسی کے بزرگان پر مشتمل دو بڑے اجلاس منعقد ہوئے صبح9بجے بنگش اورکزئی کےشیعہ مشیران کامختلف قومی امور پر اجلاس منعقدہواپھر11بجے ضلع کوہاٹ کے اھل سنت علماء ومشیران بھی تشریف لائےان کے ساتھ بھی تفصیلا ًمحرم وصفرکے مجالس،کوہاٹ چہلم جلوس اور دیگرمشترکہ مذہبی وقومی امور پر ہم آہنگی کیساتھ بات چیت ہوئی،ان اجلاسوں میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی وضلعی مسؤلین نے بھرپورشرکت کی،چیف جسٹس(ر)سید ابن علی،مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخواکے سیکریٹری جنرل علامہ محمد اقبال بہشتی،مولانا سیدین ودیگر شیعہ سنی عمائدین نے تفصیلی خطاب کیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) سنی اتحاد کونسل نے تحریک انصاف کے دھرنے میں شرکت کی دعوت پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔سنی اتحاد کونسل کے ترجمان کے مطابق 24گھنٹوں میں اعلان کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تحریک انصاف کے مخدوم شاہ محمود قریشی نے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سے تفصیلی ملاقات کی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے شاہ محمود قریشی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا اور مشاورت اور فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا ۔ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 2نومبر کا احتجاج حکومت کی چو لیں ہلا دے گا۔ قوم نااہل حکومت سے بیزار ہو چکی ہے۔ ملک بد حال اور حکمران خوشحال ہو گئے ہیں۔ 2نومبر کا دھرنا فیصلہ کن ثابت ہو گا۔ کرپٹ حکمرانوں کی مفاداتی سیاست کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہونے والا ہے۔ وزیر اعظم نے خود کو احتساب سے بچانے کیلئے ملک کو داؤ پر لگادیا ہے۔ قوم اپوزیشن کو متحد دیکھنا چاہتی ہے۔ تحریک انصاف کے دھرنے میں رکاوٹیں ڈالنا حکومت کا غیر جمہوری رویہ ہے۔ احتساب اور انصاف کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ بھارت کیلئے نرم گوشہ رکھنے والا وزیر اعظم ملک کیلئے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مرکزی سیکرٹری تربیت ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین خانم نرگس سجاد جعفری نے پشاور حملے کی پر زور مذمت کی اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انھوں نے ارض پاک کی حفاظت کےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کےلیے سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہم مطالبہ کرتے نہیں کہ حکومت کوئٹہ واقع کے ذمہ داروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچائے خانم نرگس نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پر امن زور متوازن پاکستان کا خواب دیکھا تھا مگر حکمرانوں کی صلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دہشتگردی کی عفریت کا شکار ہے ان کا کہنا تھا کہ زورت اس امر کی ہے کہ قوم انتہا پسندی کے مقابلےمیں متحد ہوجائے۔انھوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی اور شھداء کی بلندی درجات کےلیے دعا بھی کی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پولیس ٹریننگ سینٹرکوئٹہ پر ملک دشمن سفاک تکفیری دہشت گردوں کے حملے پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ریاست اور اس کے مقتدرادارے تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں عوام اورسکیورٹی اہلکاروں کے قتل عام پر تماش بین کا کردار ترک کریں ، پاکستان مزید اس خونریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایک مخصوص منحوس تکفیری سوچ ایک وطن کے استحکام اور استقلال کی دشمن بنی ہوئی ہے ،ریاستی ادارے نیشنل ایکشن پلان کو اس ملک کے اصل دشمنوں کے خلاف استعمال کرنے میں آج تک ناکام نظر آتے ہیں ، اس وطن میں جو آگ شیعہ سنی معتدل پاکستانیوں کے گھروں میں لگائی گئی آج سکیورٹی اداروں سمیت پورا ملک اس میں جھلس رہاہے ، سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹرمیں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں اور ریاستی اداروں سے مجرموں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزاکا مطالبہ کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ملک دشمن اندرونی وبیرونی قوتیں پاکستان کی ترقی وخوثحالی کی بھی مکمل مخالف ہیں ، سانحہ سول اسپتال کوئٹہ، سانحہ آرمی پبلک اسکول، سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا ایک ہدف پاک چین اقتصادی راہداری کی ناکامی بھی ہے لہذٰا ریاستی اداروں کے پاس ان ملک دشمن عناصرکے خلاف فیصلہ کن اقدام کا یہ آخری موقع ہے ، نیشنل ایکشن پلان کو محب وطن جماعتوں اور شخصیات کے خلاف بطور سیاسی ہتھیار استعمال کرنے بجائے عوام اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف استعمال کیا جائے ۔
وحدت نیوز(باغ) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہا ہے کہ 24اکتوبر یوم تاسیس آزاد ریاست جموں و کشمیر ، وہ تاریخی دن ہے کہ جس دن آزاد خطہ کے مسلمانوں نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔ اپنی آزادانہ و انقلابی حکومت کی بنیاد رکھی۔ 22اکتوبر اہلیان مظفرآباد کے لیے اہمیت کی حامل،قبائلی مجاہدین کے ساتھ ملکر ڈوگرہ راج کو اس شہر سے نکال باہر کیا گیا۔آزادی پاکستان کے بعدوہاں سے بھاگ کر خطے میں پناہ لینے والے ہندؤں نے مسلمانوں کی قتل و غارت کا پروگرام بنا رکھا تھا ۔ جس کو مظفرآباد کے عمائدین نے تدبر و فہم سے ناکام بنایا ۔ ڈوگرہ حکومت کی درپردہ مدد کے ذریعے عید کے اجتماعات کو نشانہ بنانے والوں کو منہ کی کھانی پڑی، دوسرے کے لیے کھودے جانے والے گڑھے میں خود گرے۔ اس تاریخی دن کی مناسبت سے اہلیان کشمیر کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد کشمیر نے ضلع باغ کے دورے کے موقع پر ضلعی تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ یقینا آزادی ایک ایسی نعمت ہے کہ جس کے لیے انسان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتا ۔ آزادی کی قدر و قیمت وہی جان سکتا ہے جس نے غلامی کو دیکھا ہو ۔ 24اکتوبر کو ایک حصہ بھارتی چنگل سے آزاد ہوا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں نہ مذہبی آزادی ہے نہ سیاسی، وہاں شہریوں کی زندگی تک محفوظ نہیں ۔ بھارت نے اپنے اس مکروہ افعال کی تکمیل کے لیے 8لاکھ افواج نہتے کشمیریوں پر جھونک رکھی ہے۔ جو آئے روز بے گناہ نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کی افواج کو یہ علم نہیں کہ وہ آگ سے کھیل رہی ہے اور اس آگ کی چنگاری حال ہی میں برہاں مظفروانی کی صورت میں سامنے آئی ۔ جس نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی اور اس چنگاری نے پلک جپکتے ہی بھارت کے سیکولرازم کے جھوٹے دعوؤں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آزادی حاصل کر لی ، اس نعمت عظمیٰ پر خدا وند منان کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے ۔ اس آزادی کوچار چاند لگانے، حقیقی آزادی بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کی ضرورت ہے ۔تعلیم ، صحت ،روزگار ، سڑکوں کی زبوں حالی اور اس طرح کے بیسیوں مسائل ایسے ہیں کہ جن کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ تعلیم سب حق مگر غریب کی پہنچ سے دور کیوں ؟ صحت سب کے لیے مگر سرکاری ہسپتالوں میں سرنج تک دستیاب نہیں ؟ روزگار بنیادی مسئلہ مگر ہر دوسرا آدمی بے روزگار؟ سڑکوں کی حالت ایسی کہ جیسے ڈوگرہ راج کے وقت بنی ہوں؟ صفائی کے انتظامات ایسے کہ ڈینگی جیسی وبا نے بھی اس خطے کا رخ کر لیا؟ کرپشن ، اقربا پروری اور لالچ نے خطے کو دیوالیہ بنا رکھا ہے؟ ارباب اختیار صرف انجوائے منٹ اور فوٹو سیشن تک محدود ۔ کیا ہمیں اس خطہ کو ماڈل خطہ نہیں بنانا چاہیے۔ یقینی طور پر آزاد کشمیر کو ایک ماڈل سٹیٹ کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیئے جانے کی ضرورت ہے تا کہ بتایا جا سکے کہ اس خطے نے آزادی حاصل کر کے کیا پایا ہے؟ موجودہ حکومت نے بھی تین ماہ گزار لیے مگر اس وقت تک کوئی عملی قدم نظر نہیں آرہا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خطے کی ترقی کے لیے ، میرٹ اور گوڈ گورننس کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا جائے ۔ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری ہر فرد اپنے حصے کا کردار ادا کرے تا کہ ہمارے اسلاف نے جو اس خطے کو بنانے کے لیے قربانیاں دی تھیں ان مقاصد کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی و صوبائی رہنماوں کا پارٹی امور اورموجودہ ملکی صورت حال پر مشترکہ اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم لاہور میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر شیرازی و صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے کی،اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی،مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی مہدی عابدی سمیت صوبائی کابینہ و ضلع لاہور کے کابینہ اراکین شریک ہوئے،اجلاس میں ملک بھر میں محرم الحرام میں امن عامہ کو برقرار رکھنے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کو سراہا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پنجاب میں کاونٹر ٹیریزم ڈیپارٹمنٹ بلا جواز بیلنس پالیسی کے تحت ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے،جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ظالم اور مظلوم کو ایک صف میں کھڑا کرنے کا عمل دہشت گردی کیخلاف جنگ کو متاثر کرنے کی سازش ہے، ہم وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان اداروں میں شامل کالی بھیڑوں کیخلاف نوٹس لیں ،جو اپنی جعلی کارکردگی دکھانے کے لئے مظلوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانے بنانے میں مصروف ہیں،اسی غیر منصفانہ عمل کیخلاف سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر ملک بھر میں جمعہ کے دن علامتی مظاہرے ہونگے،انہوں نے کہا کہ شیڈول فور میں بیلنس پالیسی کے تحت ملت تشیع کے اتحاد بین المسلمین کے داعی جید علماء کو دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے ساتھ شامل کرکے ان کی بنیادی شہریت معطل کرنے کے عمل کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،علامہ امین شہیدی،علامہ شیخ محسن علی نجفی،علامہ مقصود ڈومکی،علامہ نیر مصطفوی سمیت پچاس سے زائد ملت جعفریہ کے بے گناہ لوگوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی گئی،اور بے گنا عزاداروں ،علمائ،اور فعال قومی کارکنوں کی گرفتاریوں کی بھر پور مزمت کرتے ہیں،ہم ایسے متعصبانہ عمل کو ہر گس قبول نہیں کریں گے،اور ہم ہر فورم پر اس ظالمانہ اقدامات کیخلاف آواز اُٹھائیں گے،اگر یہ متعصابہ عمل جاری رہا تو ہم بھر پور ملک گیر احتجاج پر مجبور ہونگے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مبارک موسوی صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے اضلاع سیالکوٹ اور خانیوال میں عزاداروں پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر کے اندراج اور بے گناہ عزاداروں کو ہراساں کرنے والے انتظامیہ کیخلاف ہم عدالتوں سمیت ہر جگہ پر احتجاج کرینگے،دہشت گردی کے سب سے زیادہ متاثرہ فریق کو قانون نافذکرنے والے اداروں میں شامل مٹھی بھر متعصب افراد کی جانب سے بلا جواز کاروائیوں کی ہم مذمت کرتے ہیں،وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب ایسے عناصر کیخلاف ایکشن لیں بصورت دیگر ہم اپنا آئینی و قانونی اور جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے،اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال پر اپوزیشن اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے اور جمہوریت کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کرے،اجلاس میں بے گناہ کشمیریوں اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ملکی سالمیت کی دفاع کے لئے سینہ سپر ہے اور دشمن کے ناپاک ارادوں کو ہر صورت خاک میں ملا کر دم لیں گے۔
وحدت نیوز(جہلم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ اعجاز حسین بہشتی کا جہلم، دینہ میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری مکتب تشیع کے خلاف حکوتی کاروائیوں کے بارے میں کہنا تھا کہ ایک دفعہ پھر حکومت بیلنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ملک بھر میں عزاداروں اور بانیان مجالس کو بلا جواز گرفتار اور ایف آئی آر درج کر رہی ہے جو سراسر ناانصافی اور زیادتی پر مبنی ہے ، دوسری جانب دہشت گرد عناصر کو کھولی چھوٹ دے رکھی ہیں جنہوں نے کراچی،کوئٹہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں عزاداروں پر حملے کئے جن میں خواتین بچے سمیت متعدد شہید، درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، ہماری لاشیں گرنے کے باوجود ہمارے ہی جوانوں اور سماجی رہنماوں کو گرفتار اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ حکومت کی پالیس اور کاروائیاں ثابت کر رہی ہے کہ وہ مکتب تشیع کو دیوار سے لگا نا چاہ تی ہے مگر یہ بات روشن ہے کہ چودہ سو سال سے ہر ظالم حکومت نے مکتب تشیع کو دبانے کی کوشش کی اور وہ ناکام رہے اور انشء اللہ آج بھی کوئی عزاداری کو محدود نہیں کر سکتا اور عزادری امام حسین ؐ کو روکنے والے ہر دور میں یزیدی کہلائیں گے۔