The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ مشھد PIAپروازوں کا آغاز کر کے وزیر داخلہ چوہدری نثار ،وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ہم سے کئے ہوئے وعدوں میں سے ایک وعدے پر عمل کیا جس پر ہم انکا اور PIAحکام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔تاہم کرایوں پر سبسڈی کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔سانحہ مستونگ کے خلاف احتجاجی دھرنے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ہمارے عمائدین ،بزرگوں اور قوم سے یہ کہا تھا کہ ہم آپ کے دشمنوں کے لئے سر زمین تنگ کرینگے اور زائرین کیلئے خصوصی سبسڈی کیساتھ PIAپروازوں کا آغاز کرینگے ،لیکن مذہبی انتہا پسندوں کے خلاف سنجیدہ آپریشن نہ کرنا اور PIAکرایوں پر سبسڈی نہ دینا قابل افسوس ہے امید ہے کہ حکومت فوری طور پر اپنے دیگر وعدوں پر عمل درآمد کر کے جمہوری حکومت ہونے کا ثبوت دیگی۔بیان مین گورنر بلوچستان کی ھمشیرہ اور معروف صحافی سید فصیح اقبال کے انتقال پر انکے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت کر تے ہوئے دونو ں کی خدمات کو سراہا گیا ۔مرحوم اور مرحومہ کے انتقال سے ہونے والے نقصان کی تلافی بہت مشکل ہے ۔ دونوں مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے مجلس وحدت مسلمین صوبائی سیکرٹریٹ میں اجتماعی فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔
وحدت نیوز( کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سیکرٹری برائے امور خارجہ علامہ شفقت حسین شیرازی نے سعودی عرب کا پاکستان سے اسلحے کی خریداری اور شام منتقلی کے بیان کی اور معاہدے کی شدید مذمت کی ہے اور کہاہے کہ پاکستان کی مشرق وسطیٰ پر پالیسی مثبت رہی ہے تاہم مستقبل میں بھی پاکستان کو اپنی مثبت پالیسیوں کو آگے جاری رکھنا چاہئیے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی مغربی یا عرب ملک کی ایماء پر پاکستان کی جانب سے ایسا اقدام کیا جانا کہ جو انسانی جانوں کے زیاں کا باعث بنے کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شام ہمیشہ پاکستان کا دوست رہا ہے اور پاکستانی عوام کے ٹیکس سے بننے والے ہتھیار سعودی ایماء پر شام کے خلاف فروخت کئے جانے کے معاہدے پاکستا ن کے بیس کروڑ عوام کی توہین اور تذلیل کے مترادف ہے،وزیرا عظم عوام کو جواب دیں کہ انہوں نے شام کے متعقلق سعودیولی عہد کے ساتھ کیا معاہدے کئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی تاریخ واضح ہے کہ سعود ی عرب مسلم امہ میں فساد کا باعث رہا ہے اور اب اس فساد کی جنگ میں پاکستان کو دھکیلنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے، ان کاکہنا تھا کہ سعودی عرب طالبان ، القاعدہ اور النصرۃ جیسی دہشت گرد تنظیمو ں کا بانی ہے اور پاکستا ن حکومت کوچاہئیے کہ دہشت گردوں کی سرپرست حکومت کی ایماء پر اپنی خارجہ پالیسی اور پاکستان کے معیار کو داؤ پر نہ لگائے۔
رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کاکہنا تھا کہ اگر صدر پاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی حکومت کے اس ناپاک منصوبے کہ جس میں پاکستانی ہتھیاروں کی خرید اور پھر شام میں شام کی منتخب حکومت کے خلاف استعمال کے معاہدوں سے خود کو علیحدہ نہ کیا تو پاکستا ن کے عوام حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے ، علامہ شفقت شیرازی نے حکومت کو متنبہ کیا کہ حکومت شام سمیت کسی بھی اسلامی ملک کے اندرونی معاملات میں سعودی عرب کی جنگ کا حصہ بننے سے باز رہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان جل رہا ہے اور پاکستان میں لگائی گئی آگ سعودی عرب اور امریکہ کی ہے جو طالبان دہشت گردوں کی صورت میں موجود ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ شفقت حسین شیرازی کاکہنا تھا کہ شام کے مسئلے میں صیہونی قوتیں امریکہ اور اسرائیل پاکستان کو جنگ و جدل کی دلدل میں پھنسانا چاہتے ہیں ، ایک طرف ملک کے اندرون خانہ عرب ممالک کے پروردہ اور صیہونی اسرائیل کے حامی طالبان دہشت گردو ں نے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تو دوسری جانب سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک صہیونی غاصب ریاست اسرائیل کی ایماء پر پاکستا ن کو شام کی جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے کردار کو داغ دار کرنے کی گھناؤنی سازشیں کرر ہے ہیں۔
واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی حکومت شام میں سرکاری فوج کے خلاف برسرپیکار باغیوں کے لئے پاکستان سے اسلحے کی خریداری پر غور کر رہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے جنیوا میں امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد بشار الاسد کی فوج کے خلاف لڑنے والے شامی باغیوں کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں سعودی اور پاکستانی حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ اسی سلسلے میں گذشتہ دنوں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی اس بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات طے پانے کی صورت میں سعودی عرب پاکستان سے جدید ترین طیارہ شکن میزائل ’’عنزہ‘‘ اور ٹینک شکن راکٹ خریدے گا۔ یہ اسلحہ اردن میں ذخیرہ کیا جائے گا جہاں سے اسے شام میں باغیوں کو بھیجا جائے گا تاہم سعودی، پاکستانی یا اردن کے حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی حکومت جدید اسلحہ انتہا پسندوں کے ہاتھ میں چلے جانے کے خدشے کے پیش نظر شامی باغیوں کو راکٹ اور میزائل کی فراہمی کی مخالفت کرتی رہی ہے، تاہم گذشتہ دنوں جنیوا میں امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد اس نے اس معاملے میں خاموشی اختیار کرلی ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کی مشہور و معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق چیئرمین بلدیہ گلگت محمد الیاس صدیقی ایم ڈبلیوایم میں شامل ہوگئےہیں ۔ ان کی شمولیت کے موقع پرڈویژنل سیکریٹریٹ وحدت ہائوس میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نےمحمد الیاس صدیقی کو ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت پر مبارک باد پیش کی اور ان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا ، علامہ بلال سمائری نے محمد الیاس صدیقی کو ہار بھی پہنائے ۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں سیاسی ، مذہبی، سماجی اور قومی شخصیات کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ، وکلاء برادری سے تعلق رکھنے والے معززین بھی بڑی تعداد میں ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔ جن کا ہدف ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کے محروم عوام کے غصب شدہ حقوق کا حصول ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے زیراہتمام افواج پاکستان اور شہدائے پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے پیامِ شہداء و اتحادِ امت کانفرنس منعقد ہوئی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، مرکزی مسئول شعبہ خواتین محترمہ سکینہ مہدوی، منہاج القرآن کے ناظم اعلٰی خرم گنڈا پور، علامہ ابوزر مہدوی، علامہ حسن ہمدانی، مولانا ہاشم موسوی، ممبر بلوچستان اسمبلی آغا سید رضا، مسیحی برادری سے بشپ نذیر عالم نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب میں مرکزی ترجمان اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ آج ان کی یاد منائی جا رہی ہے جن کے بارے میں یہ سوال ہے کہ کس جرم میں مارے گئے، اگر میں کہوں کہ پاکستان میں شریعت کے تحت حکومت قائم کی جائے تو کوئی غیر مسلم بھی انکار نہیں کرے گا، کیونکہ سب جانتے ہیں کہ اسلام امن کا دین ہے، آج اسلام کے نام پر جو تماشہ کیا جا رہا ہے اس کی وجہ سے لوگ شریعت سے ڈر رہے ہیں، یہ بزدل حکومت اپنے پانچ سال پورے کرنے کیلئے حیلے بہانے بنا رہی ہے، نام نہاد اسلامی جماعتوں کے رہنماء طالبان کی محبت میں اتنا گر گئے کہ یہ کہہ گئے کہ کربلا میں دونوں طرف صحابی تھے، یہ بغض چودہ سو سال سے ان کے دلوں میں تھا، قاتل و مقتول کی تمیز بھول گئے ہیں۔
کانفرنس سے خطاب میں ممبر صوبائی اسمبلی مجلس وحدت مسلمین بلوچستان سید محمد رضا آغا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دھرنے میں ہم بہت سی باتیں سن کر خاموش تھے، لوگوں کی باتیں بھی سنیں، طعنے بھی سنے، مگر خدا کے کرم سے ہمارے فیصلہ جات سے ثمرات ملے، میں ایک مدرس کی حیثیت سے کام کرتا تھا، مجھے مجلس وحدت نے اتنی ہمت دی کہ میں ملت کیلئے کچھ کر سکوں، طویل انتظار کے بعد خدا نے ہمیں ایسی قیادت بخشی جس نے ہمیں راہِ حل دکھائی، میں نے وزیراعظم کو بھی یہ کہا کہ پاکستان میں موجودہ حالات اور کوئٹہ کے حالات کو درست کرنے سے آپ کا بھاری مینڈیٹ رکاؤٹ ہے؟؟ ہم پاکستان کی بات کرنیوالے 6 کروڑ امن پسند شیعہ، امن پسند اقلیتیں آپ کو نظر نہیں آتے، آپ کو دہشت گردوں کا ساتھ زیادہ عزیز ہے؟ خدا کی قسم آپ ان کیخلاف فیصلہ کریں پوری قوم آپ کیساتھ ہے، اس بھاری مینڈیٹ کا کیا فائدہ ہوا، کیا آپ کو عوام نے اسی لئے منتخب کیا ہے؟؟ اُن کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت نے ہمیں اس قابل بنایا ہے کہ ہم ظالم کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکیں، اس کربلائی درس کا استعمال ہماری موجودہ قیادت نے دیا۔ میں لاہور کی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان میں جاری کرائسز میں شہداء کی یاد میں پروگرام منعقد کیا، آج کا پروگرام شاہد ہے کہ شہید زندہ رہتا ہے اور ظالم ذلیل و خوار ہوتا ہے، وہ دن دور نہیں کہ ان شہداء کا لہو ملک میں امن کی صورت میں مہکے گا۔
سید محمد رضا کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر امن کیلئے ملک میں کوشاں ہے، ہم کبھی شہداء کے ورثاء کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، اسلامی معاشرے میں خواتین کا کردار امتیازی حیثیت کا حامل ہے، مغرب آزادی کے نام پر آوارگی پھیلاتا ہے جبکہ اسلامی معاشرے میں خواتین کا کردار عزت و حرمت، عفت و شرافت کا ہے، مجلس وحدت مسلمین میں مردوں کیساتھ خواتین سیاسی و مذہبی عمل میں شانہ بشانہ ہیں، طالبان خواتین کی حیثیت کو کم کرنا چاہتے ہیں، ظلم کا نشانہ بناتے ہیں، ہماری خواتین حقوق کی جنگ میں ملک میں اہم ترین کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہم امن کیساتھ، جیو اور جینے دو کی پالیسی پر گامزن ہیں، اقلیتوں کو اسلام کے مطابق حقوق دینے کے حامی ہیں، ہم وطن کی خاطر اپنا سب کچھ لُٹا سکتے ہیں، ہماری خواتین نے اپنے بیٹے، بھائی، شوہر، اسلام اور پاکستان پر قربان کئے، ہم ان ماؤں، بہنوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں، آپ کی قربانی کامیابی کا باعث بنے گی، عالمی سطح پر انقلابات میں خواتین کا کردار برابر کا ہے۔ طالبان جیسے ظالموں سے مذاکرات نہیں کئے جانے چاہئیں، ہم ہر سطح پر اس کی مذمت کرتے ہیں۔ مٹھی بھر دہشت گردوں کے ہاتھوں ملک کو ہرغمال بنا دیا گیا ہے۔
مسیحی رہنما بشپ نذیر عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن کی اس کوشش میں سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین کیساتھ ہمارا بھی نام ساتھ رکھا جائے، ہم آپ کیساتھ کھڑے ہیں، ہم اولادِ آدم ہیں، ہم حق کیلئے ایک ہیں، نبیوں کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر انسان کامیابی سے ہمکنار ہو سکتا ہے، معاشرے میں بہتری کیلئے ایک دوسرے کا احترام انسانیت کے ناطے ضروری ہے، ان شہداء کو ان لوگوں نے شہید کیا جو انسان کے روپ میں بھیڑیئے ہیں۔ آئیں مل کر اس وطن کو بچائیں، انسان کی عزت کریں، انسانیت کی قدر کریں۔ ہم دہشت گردی کیخلاف سخت اقدام کی حمایت کریں گے، افواجِ پاکستان جب بھی دہشت گردوں کیخلاف کھڑے ہوں گے ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بات یاد رکھی جائے جب تک پاکستان میں ایک بھی کربلائی زندہ ہے، تم جھک سکتے ہو، ہم ان یزیدی طاقتوں کے سامنے نہیں جھک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ گواہ ہے ہم پوری دنیا کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہم دہشتگردوں کے سامنے جھکیں گے نہیں۔ لبیک یاحسین (ع) کا نعرہ انسانیت کا نعرہ ہے، یہ نعرہ انسانیت کی فلاح کا باعث ہے۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ حسین سب کا ہے، دنیا میں جہاں بھی حُسینیوں سے مقابلہ ہے، وہاں ان کا حال دیکھنے والا ہے، پناہ مانگتے ہیں تو پناہ نہیں ملتی۔ یہ دہشت گرد اولیاء اللہ کے دشمن ہیں، اللہ کے دشمن ہیں۔ شہداء کے ورثاء کو سلام پیش کرتا ہوں جو استقامت کیساتھ ہماری استقامت میں اضافے کا باعث ہیں۔ ہم اعلان کر رہے ہیں کہ فوج ہمت کرے ہمیں اپنے آگے پائے گی، ہمارے سینے حاضر ہیں۔ کانفرنس کے آخر میں طالبان سے مذاکرات کیخلاف قراردار منظور کی گئی اور کہا گیا کہ شہداء کے ورثاء اس خون کا سودا نہیں ہونے دیں گے، ہم پاک فوج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے، وطن عزیز کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) کوہاٹ ہنگو روڈ دھماکے سمیت ملک بھر میں جاری دہشتگری کی مذمت کرتے ہیں، کوہاٹ ہنگو روڈ بس پر دہشتگردی 14 بے گناہ افراد کے قتل پر ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے کل ملک گیر یوم سوگ منایا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار وسیع کیا جائے، تاکہ ان کی کاروائیوں سے بے گناہ عوام کو بچایا جاسکے اور ایسی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے خلاف کارروائی کی جائے جو ان دہشتگردوں کی حمایت کرتی ہیں، چند پاکستان مخالف جماعتیں دہشتگروں کو مظلوم بنانے کی سازش کر رہی ہیں، ملکی محب وطن عوام دہشتگردوں اور انکی حامی جماعتوں کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کوہاٹ ہنگو روڈ بس پر ہونے والی دہشتگردی کے خلاف مرکزی دفتر وحدت ہاؤس سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک کی عوام الحمدللہ طالبان کی دہشتگردی کو اسلام اور شریعت کے خلاف سمجھتے ہیں، وقت آگیا ہے اب حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملک گیر فوجی آُپریشن کرے، تاکہ ملک کو ان دہشتگردوں سے نجات دلائی جاسکے۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف افواج پاکستان کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، بے گناہ عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے مٹھی بھر طالبان کو حکومت کی جانب سے چھوٹ دی گئی تھی، اسلام کی شکل مسخ کرنے والے طالبان کی شریعت نافذ کرنے کے خواب درحقیقت اس ملک میں موجود اُن سیاسی و مذہبی جماعتوں کا خواب ہے جو اس ملک میں عدم استحکام دیکھنا چاہتی ہیں، ایم ڈبلیو ایم ایسی تمام جماعتوں کی مذمت کرتی ہے اور ان کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی صفوں میں سے کالعدم گروہوں کی پشت پناہی کرنے والی کالی بھیڑوں کے خلاف بھی کارروائی کرے اور ان دہشتگردوں کو سرعام پھانسی دے، تاکہ اس ملک میں کوئی دہشتگردوں کا پشت پناہ باقی نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا گذشتہ کئی دنوں سے مسلسل دہشگردی کا نشانہ بن رہا ہے اور ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علماء اور افراد کو ایک ہی علاقے میں چار مرتبہ ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جن کے قتل میں ملوث کسی دہشتگردوں کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ کوہاٹ ہنگو روڈ بس میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے عوام سے خصوصی دعا کی اپیل کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فدا حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے نام نہاد امیر نے کربلا کے بارے میں مبہم بیان دے کر نہ صرف مقدسات اسلام کی توہین کی ہے بلکہ اکابرین اہل سنت کی بھی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق و باطل کربلا کو مشکوک اور اصحاب کی جنگ قرار دے کر انہوں نے توہین رسالت (ص) و توہین اہلبیت (ع) کی ہے، یہ جرم ناقابل معافی ہے۔ ان کا یہ بیان شعوری ہو یا لاشعوری ہر دو صورت میں انہوں نے مقدسات اسلام کی توہین کی ہے اور اہل سنت اکابرین کی تعلیمات کے خلاف بغاوت کی ہے۔ انہوں نے کہا منور حسن کے اس مذموم فعل سے نہ صرف دنیا بھر میں بسنے والے اہل تشیع کو صدمہ پہنچا ہے بلکہ اسلام محمدی (ص) کے تمام پیروکاروں کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہیں دوبارہ میڈیا پہ آ کر اس بات کی وضاحت کرنی چاہیئے اور تمام ملت اسلامیہ سے معافی مانگنی چاہیئے، لیکن مجھے امید ہے وہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ امیر جماعت اسلامی اصلی تعلیمات اور ہدف سے ہٹ کر دہشت گردوں کی ترجمانی اور سیاسی ونگ کا کردار ادا کرنے میں مصروف ہیں۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) کراچی سے کشمیر تک پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، قاتلوں اور وحشیوں کے ساتھ مذاکرات کے کوئی معنی نہیں، ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے محافظ پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کے بیہمانہ قتل کے بعد مذاکرات کی بات کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، آپریشن سے گورنمنٹ کی رٹ بحال ہو گی، اور ملک و دہشتگردی کے عذاب سے نجات میں خاطر خواہ مدد حاصل ہو گی ، قوم کی تاریخ میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل اور نازک حالات میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کر کے ملک کو خطرات اور مشکلات سے نکالا ہے، وفاقی حکومت آپریشن میں کسی طرح کے پس و پیش کی گنجائش رکھے بنا دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے اور ان علاقوں میں مقیم نہتے عوام کی فوری محفوظ منتقلی اور قیام و طعام کے لیئے ہنگامی اقدام اٹھائے، پوری قوم کا تعاون میسر رہے گا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پچھلے چند ماہ سے مذاکرات مذاکرات کی تسبیحات پڑھواتی رہے ہے، بعض رہنماؤں کے بیانات سے افواج پاکستان کے متعلق ناقص آراء بھی قائم کی گئیں، لیکن اب جس مرحلہ کا آغاز ہوا ہے افواج پاکستان اپنی صلاحیات سے یہ ثابت کر دے گی کہ پاک آرمی قیام امن کے لیئے دنیا کی بہترین آرمی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم ایک آواز ہو کر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو اور ایسی قوتوں کا سر کچلنے میں بھرپور کردار ادا کرے جو اسلام کو بدنام کرنے کی سازش میں ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اسلام کے نام پر لوگوں کے عقائد و نظریات سے کھیل رہے ہیں، چترال اور لیلاش میں اسماعیلیوں کو دھمکیاں دینے کا واقعہ قابل مذمت ہے ، جبکہ چیف جسٹس کا ازخود نوٹس لینا حوصلہ افزا اقدام ہے، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں اور غیرمسلم پاکستانیوں کو اپنے اپنے عقائد و نظریات اور اسولوں کی روشنی میں آزادانہ زندگی گزارنے کا پورا پورا حق حاصل ہے ، کسی کو زبردستی کسی کو کافر یا مسلمان بنانے کا کوئی حق نہیں ہے، تبلیغی مشن اپنے اپنے مکتب کے لوگوں کی اصلاح احوال اور ان کے عقائد و اعمال کی پختگی کے لیئے کام کریں، اور اسلام کی عالمگیر انسانی تعلیمات کے فروغ و پرچار سے معاشرہ رشکِ ارم بن سکتا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام خانوادگان شہداء و شعبہ خواتین کی مسئولین اور مرکزی رہنماوُں کی مشترکہ پریس کانفرنس صوبائی سیکرٹریٹ نیو مسلم ٹاوُن لاہور میں ہوئی، جس میں علامہ ابوذر مہدوی، علامہ ہاشم موسوی، علامہ حسن ہمدانی، سید محمد رضا ممبر صوبائی اسمبلی مجلس وحدت مسلمین بلوچستان، محترمہ سیکنہ مہدوی، محترمہ ہما تقوی، کرنل جعفر رضا و دیگر شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر بلوچستان اسمبلی مجلس وحدت مسلمین سید محمد رضا آغا نے کہا کہ وطن عزیز کو آج جن مشکلات کا سامنا ہے اس میں سے سب سے بڑا خطرہ وہ خارجی گروہ ہے جو معصوم شہریوں، افواج پاکستان، پولیس اور صحافی برادری کو بے دردی سے شہید کرکے پاکستان کی ریاست پر وار کرنے کے درپے ہیں، ایسے میں آپ صحافی برادری سمیت تمام محب وطن قوتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے میدان میں آئیں اور اس پاک سرزمین کے حقیقی محافظوں، پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے دست و بازو بنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور طالبان مائنڈ سیٹ اپنے غیر ملکی آقائوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جن کا اصل ہدف دفاعی قومی اثاثے ہیں، شریعت کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، طالبان کا شریعت محمدی (ص) اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ہم اس فورم کے ذریعے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہدائے پاکستان کے قاتلوں سے مذاکرات کا ڈرامہ بند کیا جائے اور ان وحشی درندوں کیخلاف بےرحمانہ آپریشن کیا جائے، پاکستان کے آئین میں دہشت گردوں سے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں، قتل کا بدلہ قتل ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان قاتلوں سے اپنے شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے شہداء کا بدلہ لیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے امیر منور حسن کے اس بیان کی پر زور مذمت کرتے ہیں کہ جس میں انہوں نے واقعہ کربلا جو کہ اسلام کی بقا اور اہل حق کا باطل کے خلاف قیام تھا، کو اصحاب کی جنگ قرار دے کر نواسہ (ع) رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ منور حسن کے اس بیان کی وضاحت کریں اور منور حسن صاحب خود بھی توبہ کریں اور امت مسلمہ سے غیر مشروط معافی مانگیں، کیونکہ انہوں نے مسلمانوں کیساتھ آل رسول (ع) اور خود پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دل دکھایا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کل بروز اتوار شہدائے پاکستان اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان شہداء کانفرنس منعقد کریگی، جس میں ظالمان درندہ صفت دہشت گردوں کے ظلم کا نشانہ بننے والے تمام شہداء کے لواحقین کیساتھ اس میں تمام مکاتب فکر سمیت اقلیتی برادری کے لوگ بھی شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد پاک فوج، پاکستان کے سکیورٹی اداروں کے اہل کاروں اور شہدائے پاکستان سے اظہار یکجہتی ہے، جو مادر وطن کی حفاظت کے خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں اور وہ شہداء جو اپنے لہو سے اس گلستان کی آبیاری کر گئے ہیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے ایک وفد کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر گزشتہ دنوں پشاور میں دہشتگردوں کی کاروائی کے نتیجے میں شہید ہونے والے میجر جہانزیب عدنان کے والد لیفٹینٹ ریٹائرڈ کرنل نور محمد اور اُن کے بھائی سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں علامہ سید طاہر عباس نقوی، علامہ تہذیب الحسن، محمد عباس صدیقی اور ثقلین نقوی شریک تھے۔ علامہ سید اقتدار نقوی نے شہید جہانزیب عدنان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شہید میجر عدنان ہماری قوم کا ایک ایسا باب تھا جس سے دشمن نہ صرف خوفزدہ تھا بلکہ شہید جہانزیب عدنان دشمن کی آنکھ کا کانٹا بن چکا تھا، شہید جہانزیب عدنان ایک نڈر، بہادر، جرآت مند اور شجاع آفیسر تھا اُن کے والدین کو جہاں تعزیت پیش کرتا ہوں وہیں مبارک باد بھی پیش کرتا ہوں کہ خداوند متعال نے آپ کے بیٹے کوشہادت جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔
تعزیت کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سیدا قتدار حسین نقوی نےشہید کے اہل خانہ سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شہدائے پاکستان کے خانوادوں کے ساتھ ہے۔ جو لوگ ہمارے بے گناہ اور نہتے شہریوں، پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ان درندہ صفت نام نہاد انسانوں سے مذاکرات کی باتیں کر رہے ہیں وہ ملک اور قوم دونوں کے دشمن ہیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے آرمی چیف راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ اگر آپ کو پاکستانی عوام کے لاشے نظر نہیں آتے تو کم از کم اپنے فوجی بھائیوں کی لاشوں کو دیکھ لیں آخر کب تک ہم اپنے پیاروں کی لاشیں اُٹھاتے رہیں گے۔ آج پوری قوم آپ کے انتظار میں ہے ان حکمرانوں کے پاس قوت فیصلہ نہیں ہے خدا نہ کرے کہ کہیں عوام یہ نہ سمجھے کہ آپ میں بھی قوت فیصلہ نہیں ہے۔ اب وقت آگیا ہے ان شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے ملتان میں پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بدامنی، دہشتگردی، قومی اداروں کی نجکاری اور مہنگائی کے خلاف نکالی جانیوالی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اگر حکومت نے ان دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہ کیا تو حکومت کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں شہداء کے قاتلوں سے مذاکرات غیرآئینی اور غیرشرعی ہیں، پاک فوج قدم بڑھائے پوری قوم ساتھ دے گی، پاک فوج، پولیس اور ایف سی کے جوانوں کی شہادت حکومت اور مذاکرات کی حامی جماعتوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ علامہ اقتدارنقوی نے مزید کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، طالبان ملک میں جب اور جہاں چاہتے ہیں نہتے اور معصوم لوگوں کو لقمہ اجل بناتے ہیں حکومت اور منافق سیاستدان صرف بیانات دے رہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں محب وطن قوتوں کے ساتھ مل کر طالبان اور ملک دشمن قوتوں کے ساتھ فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پورے ملک کی عوام کی آواز ہے۔