سفر عراق اور مشاہدات( 2)

وحدت نیوز (آرٹیکل) مشی، اس کے اثرات، تاریخ اور موجودہ عراق پر بعد میں بات کریں گے، لیکن فی الحال اپنے قارئین کو عراق کی گذشہ 50 سالہ تاریخ اور درپیش بحرانوں سے سرسری آگاہ کرتے ہیں۔ عراق کی سرزمین مسلسل بحرانوں سے گزر رہی ہے، تقریباً 24 سال تک بلاشرکت غیرے صدام حسین اقتدار پر قابض رہا، 1980ء میں ایران پر جنگ مسلط کی اور 8 سالہ طویل جنگ کے ٹھیک 2 سال بعد یعنی 1990ء میں صدام حسین کویت پر چڑھ دوڑا، صدام حسین کے متعدد ایسے اقدامات تھے، جنہوں نے ناصرف عراق کو عالمی سطح بلکہ خطے میں بھی چاروں اطراف سے تنہا کر دیا، 22 ستمبر 1980ء سے شروع ہونیوالی ایران عراق جنگ 8 سال بعد یعنی اگست 1988ء میں اختتام پذیر ہوئی، لیکن اس جنگ نے تقریباً 10 لاکھ انسانوں کو نگل لیا۔ صدام حسین نے ایران سے یہ جنگ ایسے وقت میں شروع کی تھی، جب ایران میں رضا شاہ پہلوی کے اقتدار کا سورج غروب ہوچکا تھا اور انقلابیوں نے ایک اسلامی حکومت کا احیاء کیا تھا، ایران عراق جنگ کا باعث دریائے شط العرب بتایا جاتا ہے۔ مگر مبصرین کے خیال میں شط العرب کو محض ایک بہانہ کے طور پر استعمال کیا گیا اور عراق نے امریکی ایما پر ایران پر حملہ کیا۔ اس جنگ میں سوائے شام کے برطانیہ، اسرائیل سمیت تقریباً تمام عرب ممالک غیر اعلانیہ طور صدام حسین کو مکمل سپورٹ کر رہے تھے۔ 1990ء میں کویت پر حملے کے بعد تمام مذکورہ ممالک جو ایران کیخلاف جنگ میں عراق کے اتحادی تھے، صدام حسین کے مخالف ہوگئے اور عراق ایک بار پھر ایک نئے بحران سے دوچار ہوگیا۔

نائن الیون کے واقعے کے بعد امریکہ مسلسل اس بات پر مصر رہا کہ عراق کے پاس وسیع تباہی پھیلانے والے ہتھیار ہیں اور برطانیہ کا کہنا تھا کہ ان ہتھیاروں کو صرف 45 منٹ میں قابلِ استعمال بنایا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ عراق پر جوہری ہتھیار بنانے اور حاصل کرنے کا الزام بھی لگا، اس لئے عراق پر فروری 2003ء میں امریکہ نے دوبارہ حملہ کر دیا۔ لیکن امریکہ آج تک یہ الزامات ثابت نہ کرسکا، حتٰی اس وقت کے برطانوی وزیراعظم ٹونی بلئیر کچھ عرصہ قبل یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ غلط معلومات کی بنیاد پر عراق پر حملہ کیا گیا، جس پر وہ معافی چاہتے ہیں، اگرچہ امریکی برطانوی گٹھ جوڑ میں شامل ملکوں کو اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی حمایت حاصل نہیں تھی اور اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں نے امریکی برطانوی گٹھ جوڑ کے کئے جانیوالے دعووں کی تائید بھی نہیں کی تھی، تاہم اس گٹھ جوڑ نے عراق حملہ کر دیا، اپریل 2003ء میں سقوط بغداد کے بعد صدام حسین روپوش ہوگئے۔ تاہم 14 دسمبر 2003ء کو بدترین ڈکٹیٹر کو اس کے آبائی علاقے تکریت سے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا گیا، یوں 30 ستمبر 2006ء میں صدام حسین کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا۔

صدام حسین کی پھانسی کے بعد عراق میں فرقہ وارانہ فسادات شروع ہوئے، جو اب داعش کے فتنے کی شکل میں ظہور پذیر ہیں۔ امریکہ عراق سے تو نکل چکا ہے لیکن اپنے پیچھے تباہی اور بربادی چھوڑ گیا ہے، امریکہ کی تاریخ ہے کہ وہ جہاں بھی جاتا ہے، اپنے پیچھے فرقہ واریت، لسانیت اور علاقائیت کی بنیاد پر فسادات اور تباہی چھوڑ کر جاتا ہے اور یہی حال اس نے عراق کا کیا۔ امریکہ نے ابوبکر البغدادی کو خود رہا کیا اور بعد میں اس کے ذریعے داعش کو منظم کرکے عراق پر ایک نئی جنگ مسلط کر دی، جو اب اپنے انجام کی طرف جا رہی ہے۔ امریکہ کا نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مخالف امیدوار ہلیری کلنٹن پر داعش کو جنم دینے اور اس کی مدد کرنے کا ذمہ دار قرار دے چکا ہے۔ یاد رہے کہ داعش نے کم وقت میں تکریت اور موصل سمیت عراق کے کئی علاقوں تک پیشرفت کر لی تھی، حتیٰ کئی آئل ریفائنریز قبضے میں لے لی تھیں، لیکن اب داعش سے تکریت سمیت متعدد علاقے چھن چکے ہیں اور اب موصل میں فیصلہ کن جنگ جاری ہے۔

دہشتگردی کیخلاف اس جنگ میں امریکہ اور عرب ممالک ایک طرف ہیں، جبکہ مزاحمتی بلاک ایران، شام، عراق اور روس دوسری طرف ہیں۔ تازہ خبر یہ ہے کہ شام کے مشرق میں واقع حلب بھی داعش اور جھبۃ النصرہ سے مکمل طور پر آزاد ہونے کے قریب ہے۔ اس نئی جنگ کا مقصد عراق اور شام کو کمزور کرکے لیبیا کی طرح حکومتوں کو گرا کر لبنان پر چڑھ دوڑنا تھا اور اپنی مرضی کی حکومتوں کا قیام تھا، ان تمام اقدامات کا مقصد اسرائیل کو تحفظ دینا تھا۔ مسلسل جنگوں کے باعث عراق میں خواتین کی شرح بڑھ رہی ہے، 50 سال سے جاری مختلف جنگوں میں مسلسل قربانیوں کے باعث مردوں کی تعداد کم ہوگئی ہے، جنگ کے آثار ہر طرف دکھائی دیتے ہیں، کمزور عراقی حکومت تاحال عراق کی تعمیر و ترقی کی طرف توجہ مرکوز نہیں کر سکی، یہی وجہ ہے کہ داعش کیخلاف جنگ میں ایران عراق کی پشت پر کھڑا ہے۔ عراق میں لوکل حکومتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

داعش نے عراق میں ایسے بدترین مظالم ڈھائے ہیں، جن کی انسانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، مخالفین کو تیل چھڑک کر زندہ آگ میں جلانا، ٹینکوں کے نیچے دیکر مارنا اور پانی میں ڈبو ڈبو کر مارنا داعش کے دہشتگردوں کا وطیرہ بن چکا ہے، انسانوں کو ایک ہی لائن میں کھڑا کرکے خنجر کے ذریعے گردنیں اڑنے اور سروں میں گولیاں مار کر قتل کرنے کی ویڈیوز تک نشر کی گئیں۔ یہ ویڈیوز ایک عام انسان نہیں دیکھ سکتا، داعش کے فتنے سے فقط شیعہ ہی نہیں بلکہ اہلسنت اور عیسائیوں کی بھی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے۔ داعش کی جانب سے اصحاب رسول کے مزارات تک کو بم نصب کرکے اڑا دیا گیا، حتٰی سامرہ میں پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی آل تک کے مزارات کو نشانہ بنایا گیا، اب بھی ان مزاروں کو منہدم کرنے کیلئے اس فتنے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ بغداد اور کربلا سمیت دیگر علاقوں میں بارود سے بھری گاڑیوں کے ذریعے کاررائیاں کرکے ہزاروں انسانوں سے زندگی کا حق چھینا جا چکا ہے۔ ہمیں بتایا گیا کہ موصل میں آخری معرکہ جاری ہے، جس میں عراقی آرمی کیساتھ رضاکار فورس بھی یہ جنگ لڑ رہی ہے، اس رضا کار فورس میں ریاست میں مقیم تمام طبقات شامل ہیں۔

مشی کے راستوں پر بھی اس جنگ کے حوالے سے آگاہی کیلئے بڑی سکرینیں نصب کی گئی تھیں، جن کے ذریعے عربی زبان میں لوگوں کو آگاہ کیا جا رہا تھا اور داعش کیخلاف تشویق دلائی جا رہی تھی، داعش کے ہاتھوں مارے جانیوالے عراقی شہداء کی تصاویر بھی جگہ جگہ نصب کی گئی تھیں، حتیٰ وہ علماء جو داعش کے فتنے کیخلاف محاذ جنگ پر لڑتے ہوئے شہید ہوئے، ان کی قربانیوں کا بھی تذکرہ سننے کو ملا۔ اہم بات یہ ہے کہ داعش کی جانب سے پھیلائے جانیوالے خوف کے باوجود کروڑوں انسانوں کا سمندر مشی میں شرکت کیلئے کربلا پہنچا، جو ایک بڑی کامیابی تصور کی گئی۔ مشی سے متعلق جو راقم نے درک کیا وہ یہ ہے کہ نجف سے کربلا پیادہ روی دراصل اپنی انا کو فنا کرنا، ایثار و قربانی کی لازوال مثالوں کو زندہ کرنا، انسانوں کا احترام اور اسلام کے صحیح پیغام کو اجاگر کرنے کا نام مشی ہے۔ کئی جگہوں پر دیکھا کہ اگر راستے میں کسی کو غلطی سے دھکا لگ بھی گیا تو جس کو دھکا لگا وہ معافی کا خواستگار دکھائی دیا۔

کربلا پہنچنے پر ہمیں بتایا گیا کہ گذشتہ سالوں کی نسبت اس سال عوام کی شرکت بہت زیادہ ہے، داعش کے خوف پھیلانے کے تمام تر حربوں کے باوجود تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ لوگوں نے مشی میں شرکت کی اور داعش سمیت ان تمام طاقتوں کو پیغام دیا کہ تم بےگناہ انسانوں کو مار کر خوف کی فضا قائم نہیں کرسکتے، تم اپنے اہداف میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ داعش نے اس سال بھی زائرین کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا، 10 صفر کو سامرہ اور 22 صفر کو حلہ کے مقام پر ایرانی زائرین کی بسوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد زائرین شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے، 17 صفر کے بعد سامرہ میں سکیورٹی صورتحال کے باعث 15 کلو میٹر پہلے گاڑیوں کو آگے نہیں جانے دیا جا رہا تھا، لیکن اس کے باوجود زائرین پیدل چل کر مقدس مقامات تک پہنچے۔

تحریر۔۔۔۔نادر بلوچ

وحدت نیوز(آرٹیکل) ربیع الاول کا مہینہ ہے،مسلمان ایک دوسرے کو اپنے نبیﷺ کی ولادت کی مبارکباد دینے میں مشغول ہیں،ایسے میں امت مسلمہ کو  حلب کی آزادی کی  خوشخبری بھی مل گئی ہے۔جب حلب کی آزادی کی بات آتی ہے تو میری طرح بہت سارے لوگ پریشان ہوجاتے ہیں کہ حلب کس سے آزاد ہوا!؟بعض کو تو شاید یہ بھی معلوم نہ ہو کہ حلب واقع کہاں ہے اور اس کی اہمیت کیا ہے؟!لہذا حلب کے بارے میں مختصرا عرض کرتا چلوں کہ  ملک شام کے دارالحکومت دمشق کے  شمال میں حلب واقع ہے۔اہمیت کے اعتبار سے یہ شام کا تجارتی دارالحکومت  کہلاتاہے۔اسی طرح یہ شہر ترکی سے بھی صرف ۶۰کلومیٹر کے فاصلے پر  ہے اوردریائے فرات اور بحیرہ روم  بھی اس کے ساتھ لگتے ہیں نیز یہ مشرق وسطیٰ کے قدیم ترین شہروں میں شمار ہوتاہے۔سال ۲۰۱۰سے ۲۰۱۲ کے درمیانی عرصے میں کچھ لوگ طاقت اور اسلحے کے زور پر اس شہر میں داخل ہوئے۔یہ اسلحہ بردار اجنبی ،اس شہر کے ساتھ بڑی بے دردی سے پیش آئے،انہوں نے غنڈہ گردی کی انتہا کرتے ہوئے اس شہر کی رونقوں کو وحشت میں تبدیل کردیا،بازار قبرستان بن گئے،عمارتیں کھنڈر بن گئیں اور لوگ اپنے ہی شہر میں بے گھر ہوگئے۔

حملہ آوروں کو بڑی طاقتوں کی پشت پناہی حاصل تھی،چنانچہ مقامی لوگوں کی چیخ و پکار کو میڈیا نے بھی کوریج نہیں دی اور عالمی برادری نے بھی نوٹس نہیں لیا۔

حملہ آور اپنے آپ کو مسلمان کہتے تھے اور اس شہر کو اپنی غنڈہ گردی اور دہشت گردی کا مرکز بنانا چاہتے تھے۔انہوں نے مقامی لوگوں کو دبانے کے لئے تمام جنگی حربے اختیار کئے،مسلکی تعصبات کو بھڑکایا،نہتے لوگوں پر شب خون مارا اور حلب کے نقشے کو زیروزبر کرنے کی پوری سعی کی۔

ان چھ سالوں میں حلب جلتارہا،عصمتیں لٹتی رہیں،انسانی حقوق پامال ہوتے رہے،درندے لوگوں کی لاشوں کو بھنبھوڑتے رہے،مارکیٹیں بند رہیں اور بازار سنسان پڑے رہے۔ان چھ سالوں میں کسی نے حلب کا نوحہ نہیں لکھا،حملہ آوروں کو بے نقاب نہیں کیا،ظلم اور بربریت کرنے والے وحشیوں کو برا نہیں کہا۔۔۔

چھ سال تک حلب کے مقامی لوگ اجنبیوں کے ظلم کے مقابلے میں ڈٹے رہے اور حملہ آوروں  کی جارحیت کے سامنے نہیں جھکے۔ چھ سال کے بعد ۲۰ نومبر ۲۰۱۶ کو شام کی فوج نے اپنے اس شہر کو حملہ آوروں سے آزاد کروانے کے لئے  ایک فوجی کاروائی کا آغاز کیا۔پھر یہی فوجی کاروائی شہر حلب کی آزادی پر منتہج ہوئی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس کاروائی میں شام کی فوج نے اپنے ہی ملک کے دوسرے بڑے شہر کو حملہ آوروں سے آزاد کروایاہے۔ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ عالمی برادری اور خصوصا امت مسلمہ کی طرف سے اہل شام کو اپنا شہر آزاد کروانے پر مبارکباد دی جاتی اوردنیا میں جہاں جہاں اسلحہ بردار ڈاکو اور غنڈے نہتے لوگوں پر حملہ آور ہیں ان کی  حوصلہ شکنی کی جاتی لیکن یہ دوغلے پن کی انتہا ہے کہ میڈیا نے اورغنڈووں کے ہم فکر و ہم نوالہ و ہم پیالہ ٹولوں نے عوام النّاس کو اصل صورتحال سے  ابھی تک لاعلم رکھا ہوا ہے۔

جولوگ شہر حلب کو غنڈہ گردی اور دہشت گردی کا مرکز بنانا چاہتے تھے،اب شہر حلب کی آزادی سے انہیں شدید دھچکا لگاہے۔ان میں سے بعض کو تو یہ بھی سمجھ نہیں آتی کہ وہ شہر حلب کا نوحہ لکھیں تو  کیسے لکھیں،وہ بار بار یہی کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس افسوس کرنے کے لئے الفاظ ہی نہیں۔

ایسے ناسمجھ افراد کو  یہ سمجھنا چاہیے کہ  یہ افسوس کا مقام نہیں بلکہ خوشی کا موقع ہے،جب کوئی قوم اپنی سر زمین پر حملہ آوروں کو شکست دیتی ہے تو اس کی  استقامت کو سراہا جاتاہے،اس کے جوانوں کو شاباش دی جاتی ہے اور اس کی شان میں قصیدے لکھےجاتے ہیں۔

حلب کی مظلومیت کا دوراب  گزر گیا ہے، اب دنیا حلب اور اہل حلب کی شان میں قصیدے لکھے گی۔اب جہاں بھی دہشت گردوں اور غنڈوں کا منہ چڑھانا ہوگا لوگ حلب کا ذکر کیا کریں گے۔

حلب اپنے امتحان میں کامیاب ہوگیاہے۔اب حلب ہمیشہ سربلند و سرخرو ہی رہے گا۔حلب کی آزادی دنیا بھر کے غنڈوں کو یہ پیغام دیتی ہے کہ تم طاقت اور اسلحے کے ساتھ وقتی طور پر کسی کا حق چھین تو سکتے ہو ،کسی کو عارضی طور پر دبا تو سکتے ہو لیکن انسانی اقدار اور شرافتِ بشر کو شکست نہیں دے سکتے۔

اب دنیا  کے اطراف و کنار میں جب تک ایک بھی شریف انسان موجود ہے وہ حلب  شہرکی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے دہشت گردی اور غنڈہ گردی کے خلاف ڈٹا رہے گا۔

نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز(آرٹیکل) امام جعفر صادق علیہ السلام کی زندگی کو تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے
۱۔ اپنے جد بزرگوار حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے دوران امامت میں گزاری گئی زندگی جو تقریبا 12 سال(83-95 ھجری) کی مدت پر مشتمل ہے،
۲۔ اپنے والد گرامی حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے دوران امامت میں گزاری گئی زندگی جو تقریبا 19 سال کی مدت(95-114 ھجری) پر محیط ہے اور
۳۔ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے اپنے دوران امامت پر مشتمل مدت جو تقریبا 34 سال(114-148 ھجری) ہے اور تمام ائمہ علیھم السلام کی مدت امامت سے زیادہ ہے۔
ہماری بحث امام جعفر صادق علیہ السلام کی زندگی کے تیسرے حصے پر متمرکز ہے۔
امام جعفر صادق علیہ السلام کی مدت امامت کے دوران بنی امیہ کے پانچ اور بنی عباس کے دو خلفاء یکے بعد از دیگرے برسراقتدار آئے۔ بنی امیہ کے خلفاء یہ تھے:
۱۔ ھشام بن عبدالملک،
۲۔ ولید بن یزید،
۳۔ یزید بن ولید عرف ناقص،
۴۔ ابراہیم بن ولید،
۵۔ مروان بن محمد عرف مروان حمار۔
مروان حمار بنی امیہ کے سلسلے کا آخری حکمران تھا۔ اسکے دور میں اسلامی سلطنت بین عباس کی سرکردگی میں ایک وسیع بغاوت کا شکار ہو گئی جو بنی امیہ کے سلسلہ خلافت کے خاتمے اور بنی عباس کے برسراقتدار آنے کا باعث بنی۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کی زندگی بنی عباس کے دو خلیفوں کے ہمراہ تھی۔
۶۔ عبداللہ بن محمد عرف سفاح،
۷۔ ابوجعفر منصور عرف دوانیقی۔
امام جعفر صادق علیہ السلام کی دوران امامت زندگی کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے،
۱۔ اسلامی معاشرے کے تشخص کی بحالی کیلئے علمی جدوجہد اور
۲۔ مسلمانوں کی سیاسی راہنمائی اور اپنے جد بزرگوار حضرت امام حسین علیہ السلام کے انقلابی ہدف کی حفاظت اور اسکا تسلسل۔
ہم اس مضمون میں دوسرے حصے پر روشنی ڈالنے کی کوشش کریں گے۔
امام جعفر صادق علیہ السلام کی تمام تر سیاسی جدوجہد کا محور کربلا کے مشن کو زندہ رکھنا اور اسے منحرف ہونے سے بچانا تھا۔ لہذا اس کیلئے آپ علیہ السلام نے دو بنیادی کام انجام دیئے۔
۱۔ اپنے جد بزرگوار حضرت امام حسین علیہ السلام کے مشن کو صحیح اور درست انداز میں پیش کیا، اور
۲۔ خود اور اپنے مخلص شیعوں کو تمام ایسی سیاسی تحریکوں میں شرکت سے دور رکھا جنکا مقصد جاہ طلبی اور حکومت پر قبضے کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔
امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنی ساری زندگی مکتب امام حسین علیہ السلام کو زندہ رکھنے اور کربلا کے ہدف کو آگے بڑھانے میں صرف کر دی۔ انہوں نے اس مقصد کیلئے مندرجہ ذیل اقدامات انجام دیئے:
۱۔ حضرت امام حسین علیہ السلام
جو شخص بھی چاہتا ہے کہ قیامت کے دن نورانی دسترخوان پر مدعو ہو تو اسے چاہئے کہ وہ زائران امام حسین علیہ السلام میں شامل ہو جائے،
امام حسین علیہ السلام کی قبر مبارک کی زیارت کیلئے سفر کرنا:
امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنی ساری زندگی مکتب امام حسین علیہ السلام کو زندہ رکھنے اور کربلا کے ہدف کو آگے بڑھانے میں صرف کر دی۔
امام جعفر صادق علیہ السلام کثرت کے ساتھ کربلای معلی جایا کرتے تھے اور باقاعدگی سے امام حسین علیہ السلام کی قبر مبارک کی زیارت کرتے تھے۔ آپ علیہ السلام کی نظر میں یہ عمل امام حسین علیہ السلام کے مشن کو زندہ رکھنے اور اسے جاری رہنے میں انتہائی اہم کردار کا حامل تھا۔
امام جعفر صادق علیہ السلام اپنے شیعیان اور محبین کو بھی زیارت قبر مبارک امام حسین علیہ السلام کی بہت زیادہ تاکید فرماتے تھے۔ ایک موقع پر آپ علیہ السلام فرماتے ہیں:
"اگر آپ میں سے کوئی شخص اپنی ساری زندگی حج کرنے میں گزار دے لیکن حسین علیہ السلام کی قبر کی زیارت کیلئے نہ جائے تو گویا اس نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا حق ادا نہیں کیا، کیونکہ حسین علیہ السلام کا حق وہ حق ہے جسکا ادا کرنا خدا نے تمام مسلمانوں کیلئے واجب قرار دیا ہے"۔(مزار شیخ مفید، صفحہ 37)۔
امام جعفر صادق علیہ السلام ایک اور جگہ فرماتے ہیں:
"جو شخص بھی چاہتا ہے کہ قیامت کے دن نورانی دسترخوان پر مدعو ہو تو اسے چاہئے کہ وہ زائران امام حسین علیہ السلام میں شامل ہو جائے"۔ (کامل الزیارات، باب 43، صفحہ 121)۔
۲۔ مجالس عزاداری امام حسین علیہ السلام کا انعقاد:
امام جعفر صادق علیہ السلام اکثر مجالس عزاداری امام حسین علیہ السلام کا اہتمام کرتے تھے اور اپنے جد بزرگوار سید الشھداء علیہ السلام کی مظلومیت پر گریہ و نالہ کرتے تھے۔
ابوہارون مکفوف نقل کرتا ہے کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے مجھ سے فرمایا: "اے اباہارون، امام حسین علیہ السلام کیلئے مرثیہ پڑھو"،
امام جعفر صادق علیہ السلام کا ظالم حکمرانوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کا ایک طریقہ یہ تھا کہ وہ اپنے شیعیان کو حکومت کی کسی پیمانے پر بھی مدد کرنے سے سختی سے منع کرتے تھے۔
میں نے مرثیہ پڑھا اور امام صادق علیہ السلام نے گریہ کیا، اسکے بعد فرمایا: "اس طرح سے مرثیہ پڑھو جس طرح تم اکیلے میں اپنے لئے پڑھتے ہو"، میں نے اپنے خاص انداز میں مرثیہ پڑھنا شروع کیا، میرا مرثیہ یہ تھا:
امرر علی جدت الحسین فقل لاعظمہ الزکیہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"اپنے جد حسین علیہ السلام کے روضے پر جائیں اور انکے پاکیزہ بدن کو مخاطب کر کے کہیں ۔۔۔۔۔"
امام صادق علیہ السلام نے دوبارہ اونچی آواز میں گریہ کرنا شروع کیا اور اسکے ساتھ ہی پردے کے پیچھے خواتین کے گریہ و زاری کی آوازیں بھی سنائی دینے لگیں۔(کامل الزیارات، باب 33، صفحہ 104)۔
۳۔ کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے بعد سلطنت اسلامی کے مختلف مقامات پر انقلابی تحریکوں نے جنم لیا جن میں سے سب سے زیادہ معروف حضرت زید بن علی بن حسین علیہ السلام کی انقلابی تحریک تھی۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے اگرچہ واضح طور پر اس انقلابی تحریک کی حمایت کا اعلان نہیں کیا لیکن اندر ہی اندر اپنی رضامندی کا اظہار کیا اور حضرت زید رح کے ہمراہ شہید ہونے والے تمام افراد کے گھر والوں کی مالی امداد کیا کرتے تھے۔ اسکے علاوہ آپ علیہ السلام نے حضرت زید کی تحریک کو انقلاب حسینی کا نام دیا اور انکے بارے میں فرمایا:
"ایسا مت کہیں کہ زید نے بغاوت کی ہے۔ زید ایک سچے عالم تھے اور ہر گز طاقت کے خواہاں نہ تھے، وہ ہمیشہ لوگوں کو خاندان پیغمبر کے پسندیدہ شخص کی طرف دعوت دیتے تھے۔ اگر وہ کامیاب ہو جاتے تو حتما اپنے وعدے پر عمل کرتے۔ انہوں نے حکومت سے ٹکر لی تاکہ اسکا خاتمہ کر سکے"۔(کامل الزیارات، باب 33، صفحہ 104)۔
۴۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کا ظالم حکمرانوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کا ایک طریقہ یہ تھا کہ وہ اپنے شیعیان کو حکومت
امام جعفر صادق علیہ السلام پوری طرح سیاسی طور پر سرگرم عمل تھے اور جہاں تک آپ علیہ السلام کیلئے ممکن تھا مسلمانوں کی سیاسی رہنمائی فرماتے تھے۔
کی کسی پیمانے پر بھی مدد کرنے سے سختی سے منع کرتے تھے۔ امام علیہ السلام نے فقہی حکم "اعوان ظلمہ" کو متعارف کروایا جسکے تحت ظالم حکمرانوں کی مدد شرعا حرام تھا۔ ایک شخص جس کا نام عذافر تھا امام صادق علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا۔ امام علیہ السلام جانتے تھے کہ وہ حکومت کے ساتھ لین دین کرتا رہتا ہے۔ امام صادق علیہ السلام نے اس سے فرمایا:
"قیامت کے دن جب تمہیں بھی ظالم افراد کے ساتھ شامل کیا جائے گا تو اس وقت تمہاری حالت کیا ہو گی؟"۔
امام علیہ السلام کے اس جملے نے اس شخص کو اس قدر متاثر کیا کہ وہ سخت غمگین ہو گیا اور کچھ ہی عرصہ بعد دکھ اور غم کی وجہ سے فوت ہو گیا۔
اس حوالے سے امام جعفر صادق علیہ السلام کی متعدد روایات موجود ہیں جن میں ظالم حکومت سے مقابلہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔(وسائل الشیعہ، جلد 12، صفحہ 127)۔
یہ نکات ظاہر کرتے ہیں کہ امام جعفر صادق علیہ السلام پوری طرح سیاسی طور پر سرگرم عمل تھے اور جہاں تک آپ علیہ السلام کیلئے ممکن تھا مسلمانوں کی سیاسی رہنمائی فرماتے تھے۔ اسی طرح امام صادق علیہ السلام اگر دیکھتے تھے کہ کوئی شخص یا گروہ صرف اور صرف طاقت اور حکومت کے حصول کیلئے سیاسی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے تو نہ صرف خود اسکے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کرتے تھے بلکہ اپنے پیروکاروں کو بھی انکی ہمراہی سے سختی سے منع فرماتے تھے۔ لہذا جب ابوسلمہ خلال نے بنی امیہ کے خلاف امام صادق علیہ السلام کو خط لکھا اور ان سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے بیعت کرنے کی پیشکش کی تو آپ علیہ السلام نے خط پڑھنے کے بعد کہا:
"مجھے ابوسلمہ سے کیا کام؟، وہ کسی اور کا پیروکار
امام صادق علیہ السلام اگر دیکھتے تھے کہ کوئی شخص یا گروہ صرف اور صرف طاقت اور حکومت کے حصول کیلئے سیاسی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے تو نہ صرف خود اسکے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کرتے تھے بلکہ اپنے پیروکاروں کو بھی انکی ہمراہی سے سختی سے منع فرماتے تھے۔
ہے"۔
جب قاصد نے امام صادق علیہ السلام سے اصرار کیا کہ خط کا جواب ضرور دیں تو آپ علیہ السلام نے اپنے خادم سے چراغ منگوایا اور ابوسلمہ کے خط کو جلا کر راکھ کر ڈالا۔ قاصد نے پوچھا کہ جواب کیا ہوا؟۔ آپ علیہ السلام نے فرمایا:
"جواب یہی تھا جو تم نے دیکھ لیا، جو کچھ دیکھا ہے جا کر اپنے دوست کو بتا دو"۔ [مروج الذھب، جلد 3، صفحہ 253؛ الفخری، صفحہ 154]۔
امام جعفر صادق علیہ السلام ابوسلمہ کی نیت سے واقف تھے اور جانتے تھے کہ وہ انکے ساتھ مخلص نہیں ہے اپنی حکومت کے چکر میں ہے اور امام علیہ السلام کی شخصیت کو اپنے سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرنے کے درپے ہے۔ اس حقیقت کا مزید علم اس بات سے ہوتا ہے کہ ابوسلمہ نے ساتھ ہی علویوں کی دو اور شخصیات حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے بیٹے عمر اشرف اور حضرت امام حسن علیہ السلام کے پوتے عبداللہ محض کو بھی لکھے جن میں انکی بیعت کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔
اسی طرح بنی عباس کے بانی ابومسلم خراسانی نے بھی امام صادق علیہ السلام کو خط لکھا اور ان کے ہاتھ پر بیعت کرنے کی پیشکش کی۔ امام علیہ السلام نے اسکی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے اسے جواب میں لکھا:
"تم میرے ساتھیوں میں سے نہیں ہو اور یہ وقت بھی میرے قیام کا وقت نہیں ہے"۔(ملل و نحل شہرستانی، جلد 1، صفحہ 142)۔
امام صادق علیہ السلام کو معلوم تھا کہ انکے ساتھ تعاون انہیں حکومت تک پہنچانے کا سبب بننے کے علاوہ کوئی نتیجہ نہیں دے سکتا اور انکی شکست کی صورت میں سوائے اپنے پیروکاروں کیلئے خطرات مول لینے کے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا۔
اگر ہم امام صادق علیہ السلام کی سیاسی سرگرمیوں کا بغور جائزہ لیں تو جان لیں گے کہ آپ علیہ السلام سیاست برای سیاست کے قائل نہیں تھے بلکہ سیاست کو اعلی اسلامی مقاصد کے حصول کا ذریعہ سمجھتے تھے۔ اسی طرح آپ علیہ السلام پوری طرح ہوشیار تھے کہ خود اور آپکے پیروکار کسی کے فریب کا شکار نہ ہو جائیں۔ امام صادق علیہ السلام اپنے پیروکاروں کو تاکید کرتے تھے کہ نہ بنی امیہ اور نہ ہی بنی عباس کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کریں۔ اس طرح امام علیہ السلام نے ان دونوں جاہ طلب اور دنیا پرست ٹولوں کا مقابلہ کیا۔


تحریر:آیت اللہ العظمیٰ جعفرسبحانی

وحدت نیوز (آرٹیکل) رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفٰیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی آمد پروردگار عالم کی جانب سے احسان عظیم ہے۔ سید الانبیاء امام المرسلین سے منسوب ایام کو ہفتہ وحدت المسلمین کے طور پر منانے کا فلسفہ پوری ملت اسلامیہ کو اتحاد و یگانگت کی لڑی میں پروتا ہے۔ امام خمینی رحمۃ اللہ نے 12 سے17 ربیع الاول کو ھفتہ وحدت کے نام سے موسوم کیا ہے ، ھفتہ وحدت اپنے دامن میں بے شمار برکات و ثمرات سمیٹے ہوئے ہے۔ جس کے اثرات سے پوری نسل آدم فیضیاب ہو رہی ہے۔ انسان کو اپنے خالق سے روشناس کرانے کے لئے اللہ نے حیات انسانی کے ہر دور میں اپنے پیغمبر بھیجے، جنہوں نے اللہ کے پیغام کو بندوں تک پہنچا کر انہیں اس قابل بنایا کہ وہ اپنے خالق کی خوشنودی و رضا کے لئے اسی کے بتائے اصولوں کے مطابق اپنی زندگی بسر کریں۔
    
روئے زمین پر جتنے بھی پیغمبر آئے، سب نے اپنے فرائض کے تحت تعلیمات الہی کو اللہ کے بندوں تک پہنچایا۔ احکام خداوندی، اپنے تمام اصول و ضوابط کے ساتھ مکمل ہونے تک نبوت کا دروازہ کھلا رہا اور اللہ نے یکے بعد دیگرے تقریباً ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر روئے زمین پر بھیجے۔ ہر رسول و پیغمبر کی رحلت کے بعد اس کی امت نے اپنے نبی کی تعلیمات کو بھلا دیا۔ ایک ایسے وقت میں جب انسان اپنی قدر و منزلت سے غافل، جہالت و ضلالت کی دلدل میں غرق، احساس محرومی کی زندگی بسر کر رہا تھا، بنت حوا شعور کی آنکھ کھولنے سے قبل صحرا کی تپتی ریت میں ہمیشہ کے لئے زندہ درگور ہو جاتیں تھیں۔ فتنہ و فساد اور شر نے حیات انسانی کو اپنی گرفت میں جکڑ رکھا تھا۔ عجیب عالم بےچارگی تھا، انسانیت اقدار کی ردا گنوا کر تپتے صحراؤں میں سسکتی، بلکتی مسیحا کو آوازیں دے رہی تھی۔
    
ایسے میں اس نور مبین کی آمد ہوئی، جس نے جہالت کے اندھیروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور علم و حکمت و دانش کا ایسا چراغاں کیا کہ نگاہ بشر اس کی چکاچوند کی تاب نہ لاتے ہوئے خود بخود سجدہ ریز ہوگئیں۔ یہی وہ پاک و پاکیزہ ہستی ہے جو اللہ کی بہت زیادہ محبوب ہے، جس کے لئے پوری کائنات کو خلق کیا گیا، جن سے محبت و عقیدت اور عشق رکھنے والوں کے لئے جنت انعام مقرر ہوئی اور ان سے بغض و عداوت رکھنے والوں اور اس ہستی کے صفات و معجزات اور سیرت و کردار پر شک کی نظر کرنے والوں کے لئے دوزخ وجود میں لائی گئی۔
    
امام الانبیاء، سیدا لاوصیاء، فخر کائنات، رحمت للعالمین، حبیب خدا، حضرت محمد مصطفے، احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی آمد اللہ کی جانب سے اپنے بندوں پہ انعام عظیم ہے۔ آپ کی آمد سے ہی انسان کو اپنے خالق کی بارگاہ میں سرخرو ہونے کا موقع میسر آیا ۔آپ تمام علوم کا سرچشمہ ہیں، آپ کی رحمت سے صرف ایک خاص مکتب فکر یا صرف انسان ہی فیضیاب نہیں ہوئے بلکہ چرند پرند سمیت کائنات میں وجود رکھنے والی ہر شے آپ کی رحمت سے بہرہ مند ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کی ولادت باسعادت کے موقع پر آپ سے محبت اور عشق رکھنے والے اپنے اپنے انداز میں آپ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کرتے ہیں۔حضرت محمد مصطفےصلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے دنیا کے سامنے اسلام کا ایسا جامع نظام پیش کیا جو انسانی اقدار اور تہذہب و اخلاق سمیت حیات انسانی کے ہر پہلو کو تحفظ و ناموس فراہم کرتا تھا۔
    
اللہ نے لاکھوں انبیاء، رسل، اولیاء، اوصیاء اپنے بندوں کو صراط مستقیم سے روشناس کرانے کے لئے بھیجے اور ان تمام کو مختلف علوم و فنون، معجزات اور فضیلت و کرامات سے نوازا، لیکن آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو ان تمام فضائل و کرامات اور معجزات کا سرچشمہ بنایا اور آپ کی ذات مبارک کے ہر پہلو کو اتنا مکمل خلق کیا کہ کائنات کے تمام ظاہری و مخفی علوم آپ کی شخصیت کا حصہ بنے۔
     
تاریخ انسانی شاہد ہے کہ دنیا میں کسی تحریک، کسی مذہب نے قلیل وقت میں اتنی ترقی نہیں کی کہ جتنی اسلام نے کی ۔یہ آپ کی شخصیت کا ہی اعجاز تھا کہ صرف دس سال کی قلیل مدت میں اسلام کا دائرہ 9 مربع میل تک پھیل چکا تھا۔ آپ کی تعلیمات، شخصیت اور اسوہ حسنہ نے دوسرے تمام مذاہب پر اسلام کے اتنے خوش نما نقوش ثبت کئے کہ دنیا بھر کے لوگ بلا تفریق رنگ و نسل دائرہ اسلام میں داخل ہونے لگے اور آج روئے زمین کا کوئی حصہ ایسا نہیں جہاں مسلمان نہ بستے ہوں۔
    
اسلام کا دائرہ اس قدر وسیع ہونے کے باوجود آپ نے دنیا میں بسنے والے تمام مسلمانوں کو ایک جسم قرار دیا اور فرمایا کہ تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں اور اگر جسم کے ایک حصہ میں تکلیف ہو گی تو پورا جسم بےچین ہو گا۔
    
اتحاد و اخوت و بھائی چارے کی اس سے بہترین اور جامع تعریف ممکن نہیں۔ یہ آپ کی سیرت و کردار، تعلیمات اور حسن سلوک کا ہی خاصہ تھا کہ جزیرۃ العرب سے بلند ہونے والی "لا الہ الا اللہ " کی صدا پوری دنیا میں گونج اٹھی اور اسلام کا چراغ ہر گھر کو اپنے نور سے منور کرنے لگا ایسے میں اسلام دشمن عناصر اسلام کے عالمگیر و آفاقی نظام سے شکست فاش کھانے کے بعد مسلمانوں کے خلاف طرح طرح کی سازشیں کرنے لگے جن میں سب سے گھناؤنی اور خطرناک سازش مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنا تھا اور ملت اسلامیہ کے فرزندوں کے درمیان اختلافات کو اس حد تک ہوا دینا تھا کہ یہ آپس میں دست گریباں ہو جائیں۔
    
ماہ ربیع الاول وہ مبارک مہینہ ہے جب حضور اکرم ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے اور اپنے نور سے عالم کو منور فرمایا جس کے باعث ہر مسلمان کے لئے یہ مہینہ یکساں عقیدت و احترام کا حامل ہے۔ امام الانبیاء خاتم المرسلین سید العالمین کی ولادت باسعادت کے مبارک موقع کو پوری دنیا میں ہفتہ وحدت 12 تا 17ربیع الاول کے طور پر منایا جاتا ہے۔ تمام مسلمان اس مبارک موقع پہ حضور نبی کریم ﷺ کے ذکر سے محافل آباد کرتے ہیں اور آپ کی نمونہ عمل سیرت و کردار کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں ہفتہ وحدت، ذکر رسالت مآب سے منور و روشن ہے جس کے ثمرات و برکات کا کوئی احاطہ نہیں کیا جا سکتا۔ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے انقلاب اسلامی کے پہلے سال ہی ہفتہ وحدت کا اعلان کرکے مسلمانوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دینے کی جو کوشش کی ہے یقیناً وہ قابل ستائش ہے۔ ان کا یہ کارنامہ ان کی اسلام سے دلی وابستگی اور عشق رسول کی عکاسی کرتا ہے۔
    
رہبر معظم انقلاب اسلامی سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی فرماتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی آج کی اسلامی دنیا کے تمام مسائل کا حل ہے، فی الوقت پوری دنیا میں اسلام کے خلاف جتنی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں ان میں سب سے زیادہ شدت کے ساتھ یہود و عیسائیت کی ناموسِ رسالت مآب ﷺ میں بےادبی، جسارت، توہین اور گستاخی کا معاملہ نمایاں ہے، اسی پر اسلام مخالف مشینریاں اپنی توانائیاں اور مال و دولت صرف کر رہی ہیں، تمام ذرائع بشمول میڈیا کا استعمال اس کے لئے کیا جا رہا ہے، اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر اہانت رسالت کی مہم کو عالمی بنا دیا گیا ہے، احترام رسالت مآب ﷺ کو پسِ پشت ڈالنے کی خاطر تمام باطل قوتیں اس کے لئے شب و روز متحرک و فعال ہیں، فطری امر ہے کہ حملے کا رُخ جس سمت سے ہوگا دفاع بھی اسی رُخ سے کیا جائے گا، حملہ پشت کی طرف سے ہو اور حصار سامنے کھڑا کیا جائے تو غیر دانشمندانہ بات ہوگی، یوں ہی موجودہ دور میں بلکہ گزری دو صدیوں سے جاری حملوں کے جواب میں مسلمانوں کے لئے لازم ہوگیا ہے کہ اب اپنے رحمت عالمین ﷺسے اپنی نسبت، عقیدت و ارادت مزید مضبوط کرلیں، اس کے لئے وہ تمام جائز امور استعمال میں لائیں جس سے مسلمانوں کے دل کا رشتہ محبت نبی کریم ﷺ کی بارگاہ سے استوار رہے۔ آج دنیا بھر کے مسلمان عید میلاد النبی کوزور و شور سے پرعزم و پرارادت طریقے سے مناتے ہیں تاکہ اس سے حاصل ہونے والے فوائد کا علم ہو ساتھ ہی مسلمانوں کی اجتماعیت، اتحاد اور اجماعی تسلسل کا بھی اندازہ ہو سکے، نیز اس سے ہمیں اسلامی سوسائٹی کو مضبوط کرنے میں بھی مدد ملتی ہے اور آستین میں چھپادشمن مایوس ہو جاتا  اور اس طرح ہم میں جذبہ تقلید اور جذبہ عمل قائم رہتاہے۔
    
دنیا کی باشعور، باحس اور زندہ قومیں اپنے رہنماؤں اور قائدین کو ان کے یومِ ولادت کی مناسبت سے یاد کر کے اپنی عقیدتوں کے نذرانے پیش کرتی ہیں، پیغمبر اسلام ﷺ کی ذات باعث رحمت عالمین ہے، ان کا ذکر باعث رحمت ہے، عین عبادت ہے، ان کی ولادت کے موقع پر ان کی یاد کو قائم کرنا اور آپﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا نہ صرف عقیدت و فرض شناسی ہی نہیں بلکہ آپ کا ہم پر یہ حق بھی ہے کہ آپ کے پیغام امن عالم و انسانیت اور پیغام وحدت و اخوت کو عام کریں۔


ترتیب و تدوین ۔۔۔۔ ظہیرالحسن کربلائی

وحدت نیوز (آرٹیکل) جہاں اتحاد بین المومنین اہم ہے اور اس حوالے سے اپنے ہمارے دوست کا م کر رہے ہیں وہیں اتحاد بین المسلمین کی بھی بہت زیادہ ضرورت ہے اور اس حوالے سے جو کام ہو رہا ہےاسےجاری رہنا چاہیے یہ ایسے ہی ہے کہ یہ دونوں اصول ہیں کہ جن کو زندہ کرنےاور اپنے اندر محفوظ کرنے کی ضرورت ہے یہ ایک دوسرے کے ساتھ متصادم نہیں ہیں ۔اور نہ ہی ایک دوسرے کی جگہ لے رہے۔اپنی اپنی جگہ پر کام جاری رہنا چاہیے اس میں جو رول پلے کرنے والاانداز ہے وہ مختلف ہے۔لہذا میں سمجھتا ہوں کہ ہمیںاتحاد بین المومنین کے ساتھ ساتھ اتحاد بین المسلمین کو بھی عملی طور پر دیکھانا ہوگا۔اتحاد سے مراد انضمام نہیں بلکہ اتحاد ہی ہے ۔ انضمام یعنی ایک دوسرے میں ضم ہو جانا اور اتحاد یعنی اپنے اپنے مکتب فکر پر عمل پیرا رہتے ہوئےاور دوسروں کا احترام کرتے ہوئے اپنی خدمات کو انجام دینا ۔ تاکہ معاشرہ ہر قسم کے تفرقہ سے پاک رہے ۔
    
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان کے اندر ہمارا اتحاد بین المسلمین کے حوالے سےویژن کیا ہے؟پاکستان میں بنیادی طور پراگر ہم کہیں کہ اسوقت چار یا پانچ مکاتب فکر  موجود ہیں ۔ جس میں اہلسنت، اہلحدیث، اہلسنت دیوبندی اور اہلسنت بریلوی حضرات ہیں شیعہ سائیڈ پر فقہ جعفریہ لیڈ کر تی ہے اور اس کے بعد اسماعیلی حضرات فقہ جعفریہ کے ساتھ آتے ہیں ۔ تو ہمارا پاکستان کے اندر کام کرنے کا ویثرن یہ ہے کہ ہم اسوقت کسی بریلوی ، دیوبندی یا شیعہ تفریق کے قائل نہیں ہیں ۔ بلکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ وہ افراد جو تکفیری ذہن رکھتے ہیں یا وہ گروہ یا وہ پارٹیاںجو تکفیر کی قائل ہیں ان کو ہم اس سسٹم سے جدا کریں اور دیگر وہ تمام مکاتب فکر جو اختلاف رائے کا حق دیتے ہیں ایک دوسرے کو آزادی اظہاررائےاور اپنے مکاتب فکر کے مطابق آزادی کے ساتھ عمل کرنے کا حق دیتےہیں اوردوسرے مکاتب فکر کا احترام کرتے ہیں، ذہنی اور فکری طور پر ان کا الائنس ڈولیپ کریں ۔یہ سوچ دیوبندی حضرات کے اندر بھی پائی جاتی ہے ،بریلوی حضرات اور اہلحدیث کے اندر بھی موجود ہے ۔وہ سارے لوگ جو اتحاد بین المسلمین کےلئے کوشاں ہیں ۔ اس کا حصہ ہیں ۔ اور وہ سارے تکفیری گروہ جو نظریاتی طور پراور آئیڈیالوجی کے اعتبار سےایک خاص مائنڈ سیٹ رکھتے ہیں اور جن کی سوچ یہ ہے کہ وہ اپنے علاوہ کسی کو مسلمان نہیںسمجھتے خواہ کسی بھی مکتب فکرسے اس کا تعلق ہو ۔ہم چاہتے ہیں کہ انہیں آئسولیٹ کیا جائے انہیں تنہا کیا جائے اور ان کو اپنے مکتب فکر کے اندر بھی  پذیرائی حاصل نہ ہونے پائے۔وہ اپنے مکتب فکر کو بھی بدنام کرنے کا سبب بن رہےہیں اس کی بھی توہین کرنے کا باعث ہیں ۔ لہذا ان کے حوالے سے کلئیر سٹینڈ لیناہو گا ۔تمام مکاتب فکر کے وہ معتدل لوگ جو تکفیر کے قائل نہیں ہیں ان کو مشترکات پر اکھٹا کرنا ہو گا اور اختلاف رائے کا حق دیتے ہوئے تمام مسالک کا احترام کرنا ہو گا جو اپنے انداز سے آزادی سےاپنے مسلک پر عمل کرنا چاہیںیہ وہ روح ہےاتحاد کی جس کے لئے ہمیں پاکستان کے اندرجو کام بھی کرنا ہے اسے اس کی اصل روح (اتحاد)کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام دینا ہے۔
    
 اس حوالے سے ہم نے جو قدم اٹھائے ہیں۔جیسے ہم نے نہیں دیکھا بڑی پارٹی کون سی ہے؟بڑی شخصیت کون سی ہے؟ہم نے یہ دیکھا ہے کہ وہ کون سے گروہ ہیں ؟ جو تکفیری گروہوں کو سپورٹ نہیں کرتے خود تکفیری نہیں ہیں لیکن تکفیری گروہوں کو سپورٹ بھی نہیں کرتے ان کے ساتھ ہاتھ بھی نہیں ملاتے ان کے ساتھ ان کی ایڈجیسٹمنٹ نہیں ہے۔لہذا پہلے مرحلے میں ہم نے تمام مکاتب فکر میں سے ان گروہوں کی شناخت کی ہے کہ جو تکفیریت کے مقابلے میں ہمارے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے آمادہ ہیں اور ہم نے الحمداللہ اس کے اندربڑی ایچومنٹ حاصل کی ہےاور پاکستان میں جس میں سنی اتحاد کونسل، 30 جماعتوں کا ایک بڑا الائنس سنی تحریک اسی طرح جمعیت علمائے پاکستان کے مختلف گروہ ان کے ساتھ مربوط تنظیمیں یہ ہمارے ساتھ شامل ہونا شروع ہوئیں ہیں اور بہت سی شخصیات بھی شامل ہونا شروع ہوئیں ہیںجن میں بالخصوص دیوبندی حضرات میں سے وہ لوگ کہ جو تکفیریت کے قائل نہیں ہیں کہ جو وطن عزیزاور ملت کیلئےتکفیر کو ایک خطرہ سمجھتے ہیں وہ ہمارے ساتھ شامل ہونا شروع ہوئے ہیں توپہلے مرحلے میں ہم نے جو تکفیریت مخالف  تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ان مشترکہ اہداف پر اکھٹے کرناشروع کیا ہے۔
    
دوسرےمرحلے پر ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ غیر اعلانیہ ،غیر سیاسی اتحاد و وحدت کی فضاء پیدا کی جائے جس کے لئے ماحول بنایا ہے ۔ مختلف گروہوں کو اپنے ساتھ اکھٹا کیا ہےہم چاہتے ہیںکہ یہ گروہ اتنےمضبوط ہو جائیں ان کی آواز مضبوط ہو جائے کہ عملی طور پر تکفیریت کی حمایت کرنا پاکستان کے اندر مشکل امر ہو جائے اور اس کے جو سہولت کار حمایت کرنے والے ہیںان کے لیے بھی یہاںزمین تنگ ہوجائے ایسی معاشرتی فضاءقائم کرنی ہے ۔اب ہم اس اگلے مرحلے کی طرف گامزن ہیں ہمیں یقیناً یہ اس کے لئے اور کام بھی کرنے کی ضرورت بھی ہے۔ وہ چیزیں جس کی وجہ سے تکفیریت کو مواد ملتا ہے جیسے توہیں آمیز مواد(لٹریچر،خطاب،گفتگو)یا وہ توہین آمیزحرکات جو ہمارا شیلٹر لے کر کی جائیں جو فقہ جعفریہ کا شیلٹرلے کر کی جائیں لیکن اس سےتکفیریت کے لیے بنیاد مضبوط کی جائےاور اس خطاب ،لٹریچر یا گفتگو کو تکفیری لوگ بنیاد بنا پیش کریں ، اور پھرتکفیری گروہ آپ کے خلاف ماحول سازی کرے، اس کو بھی روکنا ہے ۔ اس کی اجازت بھی نہیں دینی ہوگی ۔ہمیں اپنی صفوں کو درست کرنے کے بھی اقدامات کرنے ہونگے۔ جو یقیناً اتحاد بین المومنین کی طرف بھی ایک قدم ہے اس میں اصلاح بھی ہے کہ ہم نے اپنا اجتماعی ویژن درست کیا ہےمیں صرف اس میں اتنا عرض کروں گاکہ اس سلسلے میں ذاکرین، خطباء ، علماء ،ماتمی انجمنوں بالخصوص بانیان مجالس ان کے ساتھ ہماری بات چیت اور ڈسکشنز اور انڈرسٹینڈنگز ڈوویلپ ہوئی ہیں ۔اور بعض نےہمارے ساتھ یاداشتیں لکھی ہیں بعض نے ایگری مینٹس اس حد تک کیے ہیں کہ ضابطہ اخلاق تک مرتب کیے ہیں اس کے اندر ہم نے تین نقاط کو واضح کیا ہے۔ان کی حفاظت کی ہے جو میں سمجھتا ہوں کہ بہت بڑا قدم ہے۔ ہم نےتکفیریت سے اس کی غذا چھین لی ہے وہ یہ ہے کہ ہم نے اس کے اندر پہلا نقطہ یہ طے کیا ہے جس پر پاکستان کےنامور ذاکرین نے اور اہم بانیان مجالس نےبھی دستخط کیے ہیںکہ ہم اپنی مجالس عزاء اور اپنے دینی اجتماعات کو کسی بھی مکتب فکر کی توہین کے لیے استعمال نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی اپنے داخلی گروہی تقسیم ہے اس کو بڑھانے کے لیے استعمال کریں گے اور تیسرا اس کے اندر یہ نقطہ ہے کہ انشاء اللہ پاکستان اور پاکستانیت اور پاکستانی مفادات کے تحفظ کے حوالے سے بھی ہم اپنے اجتماعات کے اندر گفتگو کریں گے تو الحمداللہ اس کے اندر بھی بہتری آئی ہے اب دشمن کو ایسا مواد نہیں ملتا ہےیا کم ملتا ہے جس کی بنیاد پر وہ فضاء سازی کر سکے اور اپنے ناپاک عزائم کو آگے بڑھاسکے۔ پھر وہ ادارے  جو دہشت گردی کے مقابلے میںبنے ہیں میں یہ نہیں کہتا ہے کہ وہ جامع ہیں لیکن وہ ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیںتکفیریت کی روح کے خلاف ہے کہ شیعہ اور سنی مل کر بیٹھیں ملی یکجہتی کونسل ایک ایسا ادارہ ہے اور ایسامشترکہ فورمزسے کہ جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ بیٹھتے ہیں یہ تکفیریت کے خلاف ہے تو ایسےفورمز کو بھی مضبوط کرنا شروع کیا ہےمجلس وحدت مسلمین، ملی یکجہتی کونسل کے بانیان میں سے ہیں اور اسی طریقے سے ایسے کئی فورمز غیر اعلانیہ طور پر وجود رکھتے ہیں جس میں شیعہ اور سنی مل کر بیٹھتے ہیں یو ں تکفیریت کے لیے فضاء تنگ سے تنگ ہوتی جا رہی ہے۔اور اسی میں وطن عزیز اور ملت پاکستان کی کامیابی ہے ۔
    
 اگلے مراحل میںوہ قوانین جو پاکستان کے اندرتکفیریت مخالف بنے ہیں ابھی کچھ نئے قوانین بھی متعارف ہوئے ہیں ان کے اوپر ان کی روح کے مطابق عمل درآمدکرانے کی ضرورت ہے اور اسی طریقے سے ضرب عضب پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد ہو نا چاہیے تاکہ کوئی شخص کسی دوسرے کی تکفیر اور نفرت انگیز مواد کے ذریعے سے پاکستان کی فضاء کو مسموم نہ کرسکے اس پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنےا تحادیوں کے ساتھ مل کر فضاء سازی کی ہے اور اس فضاء سازی کے نتیجے میں کئی چیزیں بہتر ہوئی ہیں اورنفرت انگیز مواد میں کافی کمی ہونا شروع ہوئی ہے اور اس کا جو مس یوز ہونا تقاریر کی صورت میں تھا ،اس میںکمی ضرور آئی ہے یہ میں نہیں کہہ رہا ہوں کہ ختم ہوا ہے ابھی بھی اجتماعات میں مکتب اہل بیتؑ کے خلاف نعرے لگتے ہیں لیکن اب اس پر آواز بلند ہوتی ہے اس پر سیاسی جماعتیں بھی آواز اٹھاتی ہیں مذہبی جماعتیں بھی آواز اٹھاتی ہیں اور ان کو عوامی حمایت حاصل نہیں رہی ہےبڑی تیزی سے ان کو انشاء اللہ تعالیٰ تنہا کرنے کی طرف جارہے ہیں ۔ یہ ایک ایسا کام ہے کہ جس میں آئینی اور قانونی گنجائشیں موجود ہیں ۔ہم تمام گنجائشوں سے بھی استفادہ کرتے ہوئے چیزوں کو آگے بڑھائیں پھر ایک بہت بڑا کام آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ نےبھی تکفیر یت کے لیے ایک بہت بڑی مشکل پیدا کر دی ہے ازواج مطہرات اوراصحابہ کرام کے حوالے سے ایک تاریخی فتویٰ صادر کیا ہے ’’ اہلسنت کے مقدسات (ازواج مطہرات اور صحابہ کرام ) کی توہین کو انہوں نے حرام قرار دے دیا ہے ‘‘ اس کے بعد ہمارے ہاں بھی یقینی طور پر اصلاح ہوئی ہے۔بہر حال کچھ لوگ تکفیریت پھیلانے کے حوالے سے اس سے استفادہ کرتے تھے جب تشیع کی اتنی بڑی لیڈر شپ سٹینڈ لے لیتی ہے تو اس کے بعد ان کے لیے مشکل پیدا ہو گئی ہے جو تکفیریت کو بڑھاوا دیں جو اس میں سب سے بڑی سپورٹ ہمیںآغا کے اس فتویٰ کی روشنی میں ملی ہے۔     

ظاہر ہےیہ ایک اتحاد کی جانب بہت بڑا سٹپ تھا ۔ قدم بہ قدم ہم اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں ایک چیز جو ہمارے پاس بہت اہم ہے اس حوالے سے بھی ہم کچھ ڈوویلپمنٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ عمان معاہدہ ہے جو اہلسنت کی طرف سے ایک پیش کش ہے۔کنگ آف جورڈن کی طرف سے اور اس کے بعد اس پر تقریباً اہل تشیع،اہل تسنن اور اہل حدیث میں سے عالم اسلام کی برجستہ شخصیات نے اس کے اوپر دستخط کیے ہیں یہ اہلسنت کی طرف سے وہ پہلا معاہدہ ہے جس میںمسلمان کی تعریف کی گئی ہے اور اس میں پانچ مکاتب فکر معین کیے گئے ہیں جس میں فقہ جعفریہ کو اسلامی مکتب فکر کے طور پر معین کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان تمام مکاتب فکر میں سے کسی ایک کے اوپر بھی عملدرآمد کرتے ہوئے صحیح مسلمان رہ سکتے ہیں اس کے علاوہ جوکرتا ہےوہ دائرہ اسلام میں نہیں ہے تو اس کے اندر باقاعدہ تعریف کی گئی ہے کہ یہ تمام مکاتب فکراسلامی مکاتب فکر ہیں  اس میں اہلسنت کے مکاتب فکر ہیں حتیٰ اہلحدیث ہیں ان کو شامل کیا گیا ہے معین ہے یہ ایک پہلا بڑا ڈاکومینٹ ہے جس پر مراجع کے بھی دستخط اور توثیق موجود ہے اسی طرح سے عالم اسلام مصر،آفریقی ممالک اور بعض دیگراسلامی ممالک کے بڑےجید مفتیان اعظم کے دستخط ہیں تو یہ بھی ایک ڈاکومینٹ ہے عمان ڈیکلریشن کے نام سے جانا جاتا ہے اس کی بھی ایک ویلیو ہے اوراقدام اہلسنت کی طرف سے کیا گیا ہے تو پاکستان میں اہلسنت بھائی ہمارے ساتھ اتحاد کے عملی اقدام کو آگے بڑھارہے ہیں ۔
    
تو اب ہمارا ویژن یہ ہے اگر ہم عملی اتحاد کی بات کریں توآئندہ ماہ ربیع الاول آرہا ہے جیسے ابھی ماہ محرم و صفر تھاتواس میں اہلسنت بھائیوںنے ساتھ دیا ہے۔پاکستان میں کہیں کوئی تفرقہ پیدا نہیں ہوا ہے۔مجالس عزاء اور عزاداری سید الشہداء کے جومعاملات ہیں ان میں کہیں بھی پاکستان کے اندر نفرت پیدا نہیں کی ہےلو گ ایک ساتھ  ہیں۔اہلسنت کو اپنائیت محسوس ہوئی ہے کوئی ایسا ایونٹ نہیں ہوا ہے کہ جس سے کوئی دہشت گردوں کو یا جو تکفیریت والوں کو مواد ملا ہولیکن ابھی ربیع الاول کا مہینہ آرہا ہے انشاء اللہ تعالیٰ تو آپ دیکھیں گے یہ بھی شیعہ سنی اتحاد کا مہینہ ہو گااور محمدعربی ﷺکو غلام ماننے والے شیعہ اور سنی مل کران ایام کو منائیں گے یہ جو مہینہ شیعہ سنی اتحاد کے حوالے سے ایک عجیب تاثیر رکھتا ہو گا۔تو انشاء اللہ تعالیٰ یہ تین مہینے تو عملاً شیعہ سنی اتحاد کے ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ہمیں توقع ہے انشاء اللہ تعالیٰ کرم کریںگے۔ ہم اس وثر ن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں حمایت کرنے والےلوگوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے بنیادی مٹریل میں اضا فہ ہو رہا ہے ۔ ہمارے ساتھ گروہ انجمنیں، جماعتیں ہیں ملنا شروع ہوئیں ہیں ان کی تعداد بھی بڑھنا شروع ہوئی ہے عوام کے اندر بھی مقبولیت بڑھی ہے اس کے نتیجے میں مجموعی فضاءبھی بہتر ہوئی ہے اس کے جواثرات اور اس کی لہریں پارلیمنٹ کے اندر اورپولیٹکل کوریڈورز کے اندرسنائی دینے لگی ہیں۔
    
پاکستان ایک ایسا ملک ہے شیعہ اور سنی نے مل کربنایا اور اس کے اندر تکفیریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے ایک اس موضوع کے اوپر کام کیا ہےکہ کون سے گروہ، ممالک اور آئیڈیالوجیز ہیں جنہیں تکفیریت کا آئیڈیا سوٹ کرتا ہے۔ان کو بے نقاب کیا جائےانکی پاکستان کے اندر مداخلت کم کی جائے جن میں بدقسمتی سے ایک بڑے ملک کا نام آتا ہے آل سعود کا نام آتا ہے کہ جنہوں نے پاکستان کے اندرشیعیت کے خلاف نفرت انگیز مواد پیدا کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔
    
ابھی ایک تازہ سلسلہ شروع ہوا ہے حرمین شریفین بلکہ تحفظ آل سعود ہے ۔ حرمین شریفین کوکوئی خطرہ الحمداللہ نہیں ہے۔اور عالم اسلام اس کا پورا دفاع کرے کو تیار ہے۔لیکن آل سعود نے ایک فضاء بنائی ہے کہ اس کی بنیاد پر اہل تسنن اور اہل تشیع کے خلاف زہر اگلا جارہا ہے ہمیں اس کا رستہ روکنا ہے ہمیں پاکستان کے اندر کسی بھی ملک کی مداخلت روکنی ہے پاکستان کے اندر فارن فنڈنگ روکنی ہے پاکستا ن کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونا چاہیے۔پاکستان کے اندر کسی مدرسے کسی انسٹیٹوشن اور کسی پارٹی کیلئے بیرونی فنڈنگ نہیں ہونی چاہیے اور یہ بیرونی فنڈنگ اہداف کے ساتھ ہوتی ہے اور یہ ایک خطرہ بھی ہے
    
بالآخریہ معلوم ہے جو مزارات پر حملے ہوئے ہیں اورانہیں شرک کے مراکز قرار دیا گیا ہے ان کو بالآخریہ سوچ اور فنڈنگ آل سعود سےہو ئی ہے اور انہوں نے پہلے سعودی عرب کے اندر رسول ﷺکے اصحاب اور اہلبیتؑ کے مزارات کو مسمار کیا ہےاس کے بعد جو تفکر داعش کی صورت متشکل ہو ا ہے جو انہی سی مانوس ہے اس نے شام و عراق کے اندران مقدس مقامات کو مسمار کیا اور ابھی آپ دیکھ رہے ہیں کہ داتا دربار سے لے کر عبداللہ شاہ غازیؒ تک اور ابھی جو شاہ نورانی ؒ کے مزار پر جو حملہ ہوا ہے اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اس تفکر کے خلاف ہیں جو صوفیاء کا تفکر ہے جس کے نتیجے میں تمام مکاتب فکر مل بیٹھتے ہیں جس میں نفرتیں نہیں ہیں ۔جس میں محبتیں ہیں جس میں اختلاف رائے کے حق کو تسلیم کیا جاتاہے۔ تو اس موضوع پر بھی ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے ہمیں پولیٹکل پروسیس کے نتیجے میں ہم بالآخر بڑی حد تک اس کو ایکسپوز کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں لیکن یہ سلسلہ نہیں روکا ہے اور اس پربیرونی سرمایہ کاری بہت زیادہ ہو رہی ہے۔
    
 بالخصوص یمن کےمسئلہ پر پاکستان نے سعودی عرب کی یمن پر مسلط کردہ جنگ میں ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اس کے بعد سے یہ انولومینٹ بہت زیادہ ہوگئی ہے اور اس کے اثرات بھی ہمیں کہیں نہ کہیں نظر آتے ہیں ۔لیکن ایک بات حقیقت ہے پاکستان میں شیعہ سنی مسئلہ نہیںرہا۔کیونکہ جہاں شیعہ سنی مسئلہ آتا ہے وہاں شیعہ سنی کو قبول نہیں کرتا ہے اور سنی شیعہ کوقبول نہیں کرتا ہےلیکن یہاں مشترکہ شادیاں ہیں مشترکہ فیملیز ہیں مشترکہ پروگرامز ہیں مشترکہ ایکٹوٹیز ہیں کسی بھی جگہ گلی یا کوچہ میں سول وار کی سی کیفیت نہیں ہے یہاں نامعلوم ہاتھ ٹارگٹ کلنگ کرتے ہیں اس کے پیچھے تفکر اور آئیڈیالوجی ہوتی ہے یقیناً اس کے مراکز ہیں لیکن عوامی سطح پر شیعہ اور سنی کے درمیان دوری نہیں ہوسکی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو وہ سول وار میں ڈوویلپ نہیں کر سکے عوام نے شیعہ اور سنی اختلاف کو جنگ میں بنانے کو قبول نہیں کیا ہے اختلاف یقناً موجود ہےاور اختلاف حسن ہوتا ہے اختلاف پولیٹیکل موجود ہے مذہبی موجود ہے۔
    
 لیکن ہمیںیہ اختلاف اس بات کی اجازت نہیں دیتا ہے کہ ہم کسی کی جان و مال کو پامال کریں توانشاء اللہ تعالیٰ ایک ویثرن کے تحت ہم نےآگے بڑھنا شروع کیا ہے کہ خداوند کریم ہمیں توفیق دے گا۔اور ہم انشاء اللہ تعالیٰ اس ویثر ن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں شیعہ اور سنی کواسلا م کے دو بازئوں کی صورت میں متعارف کرائیں گے اور یہ جو وحدت ہے تکفیریت کو شکست دے گی اورلوگ یہ سمجھنا بھی شروع ہو گئے ہیں پاکستانی عوام، میڈیا اور دیگر کہ تکفیریت ایک ایجنڈ ا ہے اس ایجنڈے کا مقصد عالم اسلام کو کمزور کرنا ہے  خدانے جو طاقت دی ہے اس سے استفادہ نہ کرنے دینا ہے۔
    
 تو ا ن شاء اللہ تعالیٰ جب ہم اس بڑے دشمن کو سمجھ جائیں گے تو ہم ان چھوٹے بڑے اختلافات کو بڑا نہیں بننے دیں گے۔کہ وہ مسالک کے درمیان مذاہب کے درمیان اور فرقوں کے درمیان نفرت اور جنگی فضاء ڈوویلپ کریں ہم انشاء اللہ تعالیٰ ان جزئی اختلافات کو نفرت میں نہیں بدلنے دیں گے۔اسی میں اتحاد ہے ۔ اور ہماری ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ ہم نےہی اس وطن عزیز کو بنایا تھا اور ہم شیعہ و سنی ملکر اس کو بچائیں گے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ ہمارے درمیان وحدت پیدا کرے اور ہمت دے کہ ہم ملکر دشمن  کا مقابلہ کرسکیں ۔ اور ہمیں ہر میدان میں ثابت قدم رکھے -

تحریر۔۔۔۔سید ناصرعباس شیرازی

ہماری تنزلی کا سبب

وحدت نیوز (آرٹیکل) دسمبر کا مہنیہ تھا حسب معمول میں کراچی شاہ فیصل کالونی میں واقعہ سپیریئرکالج کے لئے روانہ ہوا ، کالج پہنچنے کے بعد کوئی دس گیارہ بجے کے قریب اور شائد تیسری کلاس ابھی شروع ہوئی تھی، پروفیسر صاحب نے اپنے درس کا آغاز کیا ابھی کچھ دیر ہی گزری تھی کہ دس بارہ اوباش نوجوان لڑکے کسی کی اجازت لئے بغیر کلاس میں داخل ہوئے اور پروفیسر کو اشارہ سے کلاس چھوڑنے کا حکم دیا، استاد بھی کراچی کے حالات سے واقف تھے لہذا خاموشی سے سرجھکا کر نکل گئے۔ کلاس میں سناٹا چھا یا ہوا تھا چالیس لڑکوں کی موجودگی کے باوجود ایسا محسوس ہو رہا تھا کی کوئی زندہ انسان موجود نہ ہو اتنے میں اُن آنے والے لڑکوں نے جن کا تعلق سیاسی تنظیم سے تھا گرجدار آواز میں پوچھا کہ فلاں پارٹی کے حمایت میں کالج کے اندر وال چاکنگ کس نے کی ہے اس پارٹی کے حمایتی کتنے لوگ موجود ہیں؟ اس کے بعد ایک ایک کر کے تمام لڑکوں سے ان کے نام اور رہائش کا پوچھنے لگے، جس کے اوپر شک ہوا اس کو باہر نکالتے گئے، کالج کے اندر تین کمروں پر مشتمل سیاسی پارٹی کے اسٹوڈنٹس ونگ کا دفتر تھا جہاں وہ اپنے نظریہ کے مخالف لڑکوں کو لے جاتے تھے اور ڈرانے دھمکانے کے علاوہ ذردو کوب بھی کرتے تھے لیکن پرنسپل سمیت کالج کے اسٹاف میں سے کسی کی مجال نہیں کہ وہ کچھ کہیں، بے چارے پروفیسرز روز آتے تھے اور اپنی اپنی کلاس ٹائمینگ پر کلاس لیتے مگر تعلیمی اداروں میں پڑھائی کے بجائے سیاسی کام زیادہ ہوتے تھے ، استاد و طلبہ کسی تعلیمی استفادہ کے بغیرہی گھر واپس چلے جاتے، یہ تو ایک کالج کا آنکھوں دیکھا حال ہے جس کا تذکرہ میں نے کیا ہے۔

ہمارا موجودہ تعلیمی نظام چھ حصوں میں تقسیم ہے، کے جی اسکول، پرائمری، مڈل، ہائی اسکول، انٹرمیڈیٹ، ہائیر سکینڈری سرٹیفکیٹ یعنی یونی ورسٹی کی تعلیم، پاکستان میں ہر سال تقریبا445000 اسٹو ڈنٹس یونی ورسٹیوں سے گریجویٹ کی ڈگری حاصل کر تا ہے، پھر بھی ہم دیگر ممالک کی نسبت تعلیمی میدان میں بہت پیچھے ہیں اور نائجیریا کے بعد دوسرے نمبر پر ہمارے بچے اسکولوں سے محروم ہیں، جی ڈی پی کا بہت کم فیصد ہماری تعلیم پر خرچ ہوتاہے ، جو اسکول بنتے ہیں وہ یا تو کبھی سیاسی آفس بن جاتے ہیں یاپھر کبھی بم دھماکوں سے اڑا دیے جا تے ہیں ۔ہم نے کبھی تعلیم کو اپنے اور معاشرے کی اصلاح کیلئے حاصل ہی نہیں کیااور نہ ہی ایسا کوئی رواج ہے، والدین کا بچوں کو تعلیم حاصل کرانے کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ وہ پڑھ لکھ کر نوکری کرے اور پیسا کمائے اسی لئے ابھی تک پڑھا لکھا انسانیت کا درد رکھنے والا کوئی حکمران نہیں آیا، بلکہ ہر پڑھالکھا نوجوان کسی غیر تعلیم یافتہ کا نوکر بن جاتا ہے۔بعض افراد ہمارے تعلیمی نظام کو پورانا اور فرسودہ قرار دیتے ہیں مگر میرا خیال ہے کہ ابھی اس وقت جو ہمارا تعلیمی نظام موجود ہے اگر اسی کو دیانت داری اورقوم کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے صحیح معنوں میں چلایا جائے تو ہم ایک تعلیم یافتہ قوم بن سکتے ہیں۔

میں سوچ رہا تھا کہ ایسا تعلیمی نظام صرف کراچی میں ہوگا مگر مجھے اسلام آباد کے اسلام آباد ماڈل اسکول اینڈ کالج فار بوائز بارہ کہو میںیہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ چھٹی ساتویں کلاس کے طالب علم ریڈنگ تک صحیح سے نہیں کر سکتے تھے، لیکن یہ بچے کیسے صحیح تعلیم حاصل کرتے، ہر کلاس میں ساٹھ سے ستر بچے موجود ہوتے ہیں ،کچھ استاد دیانت داری سے پڑھانا توچاہتے ہیں مگر وہ بچوں کی اتنی بڑی تعداد کو صحیح طرح سے پڑھا ہی نہیں پاتے، بعض اساتذہ اپنی ذمہ داریوں سے غافل بھی ہیں، یہ بچے سارے نالائق ہیں پڑھنے والے نہیں ہیں کہہ کر حاضری کی حد تک محدود رہتے ہیں، اگر ہم پرائیویٹ اسکولوں کی طرف دیکھیں تو بعض کے علاہ ہر محلہ گلی کا اسکول صرف کاروبار کی حد تک ہے جہاں پر بچوں کو تعلیم یافتہ نہیں رٹہ یافتہ بنایا جاتا ہے ،پھر یہ بچے نقل کر کے پیسے کھلا کر جیسے تیسے کر کے میٹرک پاس کرتے ہیں اور اکثر نوکری کے چکر میں لگ جاتے ہیں کچھ گھریلو مجبوریوں کی وجہ سے پڑھ نہیں پاتے باقی جب کالجوں میں پہنچتے ہیں تو کالج کے غیر تعلیمی ماحول (یہاں پر اکثریت کی بات ہو رہی ہے) اور سیاسی و دیگر سرگرمیاں ان کو مزید نالائق بنا دیتی ہیں،بچے کالج کم ٹیویشن اور کوچنگ سنٹر میں زیادہ جاتے ہیں شہر میں اتنے ریڑی والے نہیں ہونگے جتنے جگہ جگہ کارباری تعلیمی مراکز موجود ہیں۔بلا آخر کچھ فیصد بچے یونی ورسٹیوں میں پہنچتے ہیں تو اس میں بھی سفارش اور پیسے شامل ہوتے ہیں اُوپر سے ڈگری بھی بگتی ہے جتنا پیسا اتنی اعلیٰ ڈگری جس فیلڈ میں چاہو دستیا ب ہے، بحر حال خلا صہ یہ کہ جب تعلیم حاصل کرنے کا مقصد صرف اچھی نوکری حاصل کرنا ہو اورعلم کے حصول کو کاروبار بنادیا جائے تو ہم ایسی ہی مشکلات کا سامنا کرتے رہیں گے۔

 کبھی ہم پر بم و بارود کی بارش ہوتی ہے تو کبھی کرپٹ ، دین اور ملک کے سوداگرہم پر حکمرانی کرتے ہیں، جن کی ڈگری جعلی ہوتی ہے وہ بے خوف خطر ہم پر مسلط ہو جاتے ہیں، جن کو الحمد، بلکہ قومی ترانہ تک نہیں آتا وہ ہمارے سینٹ اور پالیمنٹ میں موجود ہیں تو کیسے یہ ملک ترقی کرے گا؟ کس طرح جی ڈی پی میں تعلیم کیلئے ضرورت کے حساب سے فنڈ مختص کریں گے؟کس طرح دہشت گردی، کرپشن سے ہم مقابلہ کریں گے؟کیسے ہم اپنے ملک کے مستقبل کی اصلاح کریں گے؟اس زمانے میں ترقی کا واحد حل تعلیم ہے، جب سے ہم نے اپنے آباو اجداد کی رسم کو چھوڑا ہے تب سے ہم تنزلی کا شکار ہوہے ہیں ایک زمانہ وہ تھا کہ کیمیا دان ، ریاضی سے لیکر طب تک کے ماہر مسلمان تھے علم کا مرکز بغداد تھا ، جب سے مسلمانوں نے علم سے دوری اختیار کی ہے تب سے ہم کمتر اور حقیر ہو کر رہ گئے ہیں، ہر دور میں غلامی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں اور ان پڑھ جاہل ہم پر مسلط ہوئے ہیں جس کا تسلسل آج تک جاری ہے اور جہاں جہاں جس جس نے علم کے دامن کو تھوڑا تھامے رکھا ہے وہ آج بھی دشمنوں کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں، علامہ اقبال نے ایسے ہی تو نہی کہا تھا

مگر وہ علم کے موتی، کتابیں اپنے آباء کی
جو دیکھیں ان کو یورپ میں تو دل ہوتا ہے سی پارا

کسی قوم یا شخص کے لئے سب سے مشکل وقت وہ ہے جب وہ اندر سے کھوکھلا کر دیا جائے اس کے اندر کچھ نہ ہو اس کو دشمن کی سازش کا علم نہ ہو،جب انسان علم کے زیور سے آراستہ ہوتا ہے تو اس کو کوئی زیر نہیں کرسکتا بے شک وہ غریب ہی کیوں نہ ہو وہ دشمن کی ہر سازش کو آرام سے سمجھ سکتا ہے اپنے آپ کو نقصان سے بچا سکتا ہے لیکن علم کی قیمت اچھی نوکر ی حاصل کرنے کی حد تک ہو تو پھر 69 سال گزرنے کے باوجود نوکر ہی رہتا ہے اور نااہل لوگ حکمران بن کر سروں پر مسلط ہو جاتے ہیں، اور اشرف المخلوقات کو بھیڑ بکریوں کی طرح چن سکوں کے عوض اپنا قیدی بنالیتے ہیں ۔اس موقع پر صاحبان علم پر فرض ہے کہ وہ علم کی شمع کو بجنے نہ دیں اور معاشرے میں موجود خرابیوں کی نشاندہی کریں اور معاشرہ کی اصلاح کے لئے اپنی توانائیوں کو بروکار لائیں تاکہ اس امت کو اندھرے سے نکالا جا سکے۔


تحریر۔۔۔۔ ناصر رینگچن

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree