شہید سید سیدین زیدی ،انسانی کرامت اور شرافت کی ایک اعلیٰ مثال تھے ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

03 دسمبر 2017

وحدت نیوز (اسلام آباد) اسلام آبادمیں نمازیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے ممتاز قانون دان شہید سید سیدین زیدی ایڈووکیٹ کے ایصال ثواب کے لئےمسجد باب العلم آئی ایٹ مرکز میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا تھا ۔اس مجلس ترحیم میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مومنین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقعہ پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہید سید سیدین زیدی کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا کہ شہید سیدین زیدی ایک کریم اور نجیب انسان تھے ۔انسانی کرامت کا ایک اعلیٰ نمونہ تھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان اس دنیا میں ہمیشہ کے لئے نہیں آیا مگر جب جاتا ہے تو ہمیشہ کے لئے چلا جاتا ہے انسان موت وحیات کی سرحد پر کیسے پہنچتا ہے یہ انتخاب اس کا اپنا ہے کس کیفیت اور کس حال میں اپنے امام ؑ  کا دیدار کرتا ہے ۔اس کے لئے ہر مسلمان اور خصوصاً ہر مومن کو تیار رہنا چاہئیے ۔جو لوگ کریم ہوتے انہیں ایسے مقام و منصب نصیب ہوتے ہیں کرامت کا مفہوم بہت وسیع ہے ۔اللہ تعالیٰ کریم ہے اور جو بھی اس کی طرف سے آتا ہے وہ کریم ہے ۔ انبیاء کرام کریم ہیں ،ملائکہ کریم ہیں ،کتاب الہی کریم ہے ۔ کریم ایک کرامت کا قبیلہ ہے بس جس انسان کا ہدف الہی ہو جائےوہ کریم ہوتا ہے ۔ کریم اور کرامت بڑھائی (بزرگی) کا نام ہے ۔ کریم انسان پست نہیں ہوتا اس کی سوچ کریمانہ ہوتی ہے ۔ کریم انسان مظلوموں کا حامی اور ظالموں سے نفرت کرنے والا ہوتا ہے ۔ہمارے آئمہ اطہارؑ کریم تھے ۔ کریم باوقار ہوتا ہے ۔ داد رس اور ہمدرد ہوتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید سید سیدین زیدی امریکہ چھوڑ کر اپنے مظلوم عوام کی ہمدردی کے لئے پاکستان لوٹے تھے ۔ جب سانحہ راولپنڈی میں مظلوم مومنین کو بے گناہ اور بے بنیاد مقدمات میں گرفتار کیا گیا تو شہید سے رہا نہ گیا اپنی فیملی کی پرواہ کیے بغیر وطن واپس لوٹ آئے اور راولپنڈی کے مومنین کی دن رات بے لوث خدمت کی اور انہیں عدالتوں سے باعزت بری کرایا ۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس رتبے اور مقام کے لئے منتخب کیا تھا آج وہ اس عظیم مقام جس کی آرزو انبیاء اور آئمہ کرام نے اپنی مناجات کی ہے ،پر فائز ہوئے۔ شہیدسید سیدین زیدی پوری شیعہ قوم کے لئے باعث فخر اور افتخار ہیں ۔شہیدکہتے تھے کہ امام خمینی ؒ اور امام سید علی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کا راستہ عزت ووقار راستہ ہے اور شہید اسی راستے کے راہی تھے ۔شہید پیرو امام اور پیرو خط ولایت فقیہ تھے ۔ شہید کے اندر ایک بڑا پن اور مظلوموں کے لئے ہمیشہ تڑپ رہتی تھی ۔ شہید کے اندر قوم کا بے پناہ درد موجود تھا۔ان کی مذہبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے اس قوم کو اپنے ایک قیمتی اثاثے سے محروم کر دیا ہے،وہ ایک گھر کا شہید نہیں بلکہ پوری ملت کا شہید ہے ، ہم شہداء کے وارث ہیں ہم ان کے پاکیزہ خون کی لاج ضرور رکھیں گے ۔ پاکستان میں جتنے بھی شہید ہوئے ہیں وہ ملت پاکستان کا ایک عظیم اثاثہ ہیں ۔ہم اس سرمایہ عظیم کی حفاظت کریں گے اور کبھی بھی ان شہداء کو فراموش نہیں ہونے دیں گے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو فوری طور پر بے نقاب کر کے سولی پر چڑھایا جائے۔ ہم ایک بیدار قوم ہیں اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنا زندہ و بیدار قوموں کا خاصا ہے۔ ہم اپنے شہدا کے خون کاانصاف چاہتے ہیں۔ حکومت دہشت گردوں کے ساتھ مفاہمتی رویہ ترک کرے اور قانون وانصاف کے تقاضوں کے مطابق انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔

مجلس ترحیم سے شہید کے بیٹے سید مزمل حسین زیدی نے بھی خطاب کیا اور شہید کی زندگی کے مختلف پہلوں  پر  روشنی ڈالی اور کہا کہ میرے بابا کو اس لئے شہید کیا گیا کہ وہ ایک محب وطن باایمان اور مظلوں کے دادرسی تھے ، ہم پوری  فیملی اس بات کے گواہ ہیں کہ انہیں فیملی سے زیادہ مظلوموں اور محروموں  کی فکر رہتی تھی ان سے کوئی بھی ایک ملتا تو ان کا ہوکر رہ جاتا ہمیں اپنے بابا کی شہادت پر ناز ہے اور ہماری فیملی کو اتنے بڑے اعزاز اور رتبے پر فخر ہے ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree