وحدت نیوز(کراچی) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس کی زیر قیادت زائرین امام حسینؑ کےزمینی راستےکی بندش کے خلاف عظیم الشان اربعین حسینی مارچ کا آغازبارگاہ شہداءکربلا انچولی سے ہوگیا، ہزاروں زائرین وعزاداران حسینی نے شاہراہ پاکستان پر علامتی دھرنا دیا بعد ازاں براستہ ایم اے جناح روڈ ،ٹاور ، حب ریور روڈ ریمدان بارڈر کیلئے روانہ ہوئے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کا کہنا ہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں اربعین حسینیؑ مارچ کا کراچی سے آغاز ہوگیا ہے، ہمارا مارچ پُرامن ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
اربعین حسینیؑ مارچ کے شرکاء سےخطاب میں علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ اربعین حسینیؑ مارچ میں خواتین، مرد و بزرگ زائرین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے، مارچ میں بڑی تعداد میں زائرین کی بسیں اور رہنماوں کی گاڑیاں شامل ہیں، زائرین اور زیارت کا مسئلہ سیاسی نہیں عقیدتی ہے، وفاقی حکومت کی زائرین پر لگائی جانے والی بیجا پابندی کے خلاف مارچ پر مجبور ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پُرامن مارچ کے راہ میں رکاوٹ نہ بنے، کراچی سے بلوچستان بارڈر تک زائرین مارچ کی سکیورٹی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔
واضح رہے کہ مارچ میں ملک کے تمام صوبوں سے ہزاروں زائرین اور کراچی سے عزاداروں ، علماء وذاکرین، شیعہ تنظیمات کے قائدین کی بڑی تعدادانہیں خدا حافظ کہنے کیلئے شریک ہے۔