وحدت نیوز(لاہور) ایران پر اسرائیلی جارحیت اور بربریت کیخلاف لاہور میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے باہمی اشتراک سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ لاہور میں غاصب اسرائیل کی ایران پر جارحیت اور بربریت کیخلاف نمازِجمعہ کے بعد شہریوں نے بھرپور مظاہرہ کیا اور امریکہ و اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اظہر عمران طاہر اور صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ ظہیر کربلائی نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں امامیہ اسٹوڈنٹس اور مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ شہادت ہمارے لئے سعادت ہے، ایران پر حملے میں ہونیوالی شہادتیں، انقلاب کو مزید مضبوط کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد اسرائیل کے خاتمے کا آغاز ہو چکا ہے، یہ حملہ ایران پر نہیں بلکہ اسرائیل نے اپنی بقاء پر حملہ کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ناجائز ریاست کو صفحہ ہستی سے حرفِ غلط کی طرح مٹا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے بعد پاکستان کی باری ہے، اگر پاکستان نے ایران کا ساتھ نہ دیا تو ہمارا نمبر فوراً آ جائے گا، اس لئے پاکستانی قیادت ایران کا ساتھ دے۔ مظاہرین نے سخت گرمی کی باوجود مظاہرے میں شرکت کی اور اسرائیلی بربریت کی مذمت کی۔
ایران پر اسرائیل کے وحشیانہ میزائل حملے کے خلاف ایم ڈبلیوایم اور دیگر تنظیمات کا لاہور میں احتجاج