ایم ڈبلیوایم اور آئی ایس اوملتان کی امام بارگاہ شاہ گردیز سے چوک گھنٹہ گھر تک القدس ریلی

14 جولائی 2015

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام گزشتہ روز ملک بھر میں ’’عالمی یوم القدس ‘‘ منایا گیا، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔ تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب کے مرکزی شہر ملتان میں نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ شاہ گردیز سے مرکزی القدس ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر ڈاکٹرقمرعلی رضا اور جواد مصطفی ، جنرل سیکرٹری محمد علی نقوی نے کی ۔ ریلی کے شرکاء نے پینافلیکس، بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی، فلسطینی مسلمانوں سے اظہار اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی اور عالم اسلام سے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا۔ القدس ریلی چوک گھنٹہ گھر پہنچ کر جلسے کی شکل میں تبدیل ہوگئی ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ آج قبلہ اول صیہونیوں کے قبضے میں ہے جو کہ عالم اسلام کے لیے شرمناک ہے، پوری دنیا کے مسلمان اگر اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے قبل اول کی آزادی کے لیے آواز بلند کریں تو قبلہ اول آزاد ہوسکتا ہے، آج کوئی بھی دن ایسا نہیں گزرتا جس دن استعماری طاقتیں مسلمانوں کو ظلم و ستم کے شکنجے کا شکار نہیں بناتیں، آج جہاں کہیں بھی ظلم و تشدد ہو رہا ہے، وہ مسلمانوں کے امریکہ و اسرائیل سے خفیہ تعلقات کے نتیجے میں ہی ہو رہا ہے۔ علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ اگر نام نہاد اسلامی ممالک ان شیطانی قوتوں سے اپنے تمام تر تعلق ترک کرتے تو دنیائے اسلام کی یہ حالت نہ ہوتی، یہ شیطانی قوتیں مسلم نسل کشی پر نہ اتر آتیں، برما میں مسلمانوں کا بے دریغ قتل عام نہ ہوتا، مقبوضہ علاقہ جات ان کے قبضے میں نہ ہوتے، قبلہ اول پنجہ استبداد میں نہ ہوتا۔ آئی ایس او کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر قمر علی رضا نے کہا کہ آج ایسا کوئی دن نہیں گزرتا کہ جب اسر ائیل فوجی فلسطینی عوام کو گولیوں کا نشانہ نہ بناتے ہوں، مظلوم فلسطینی عوام پر مصیبتوں کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، لیکن نام نہاد اسلامی ممالک کے ٹھیکیداروں کو اب بھی اپنی غلطی کا احساس نہیں ہو رہا ہے اور اب بھی وہ خواب غفلت میں پڑے ہوئے ہیں، اگر یہ بیدار ہوئے ہوتے تو قبلہ اول کی آزادی دور نہ ہوتی، لیکن اب وہ دن دور نہیں ہے کہ جب ان ٹھیکیداروں کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو صدام، قذافی یا حسنی مبارک کے ساتھ انجام پایا۔آئی ایس او کے رہنما جواد مصطفی نے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کے لئے آنکھ کی حیثیت رکھتا ہے، فلسطین مسلمانوں کے لئے شہ رگ جاں کے مثل ہے، جب تک مقبوضہ فلسطین کی آزادی عمل میں نہیں لائی جاتی تب تک اسلامی ممالک کی سرحدیں محفوظ ہرگز نہیں ہیں، ، بیت المقدس کی آزادی تک ہمارے مقدسات کی توہین ہوتی رہے گی، ہماری عزتیں تار تار ہوتی رہیں گی۔ آخر میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی اور امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذرآتش کیے گئے۔ اس کے علاوہ کبیروالا، تلمبہ، عبدالحکیم، خانیوال، مظفرگڑھ، علی پور،سیت پور،خانگڑھ، کوٹ ادو،لیہ، بھکر،ڈیرہ غازیخان، شجاع آباد،جلال پورپیروالا میں بھی مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیراہتمام ’’عالمی یوم القدس‘‘کے موقع پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree