حکومت نیشنل ایکشن پلان کا رخ عزاداری سید الشہداء ؑ پر موڑ کر کالعدم جماعتوں کو تحفظ فراہم کررہی ہے،شیعہ تنظیموں کی مشترکہ پریس کانفرنس

21 اکتوبر 2015

وحدت نیوز (کراچی) نشتر پارک میں شیعہ تنظیموں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں بزرگ عالم دین علامہ مرزایوسف حسین کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بالخصوص سندھ اور پنجاب میں ایام عزاء کی آمد کے ساتھ ہی حکومتی سطح پر عزاداری نواسہ رسول اکرم (ص) کے خلاف سازشوں اور منفی ہتھکنڈوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، ملت جعفریہ پاکستان نے قیام پاکستان سے اب تک پاکستان کی تعمیر و ترقی اور تحفظ و بقاء کی خاطر اپنا بھرپور کردار ادا کیا اورلت جعفریہ نے بیس ہزار عمائدین بشمول علماء، خطباء، ذاکرین ، ڈاکٹرز، انجینئرز ،وکلاء ، کارکنان، اور اکابرین سمیت دانشوروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے تاکہ مملکت خداداد پاکستان پر کوئی آنچ نہ آنے پائے، ایام عزاء میں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عاشقان نواسہ رسول (ص) و اہل بیت علیہم السلام عزاداری اور مجالس کے اجتماعات منعقد کررہے ہیں جبکہ نیشنل ایکشن پلان (NAP) جو کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بنایا گیا تھا تا کہ پاکستان کو مذہبی و لسانی انتہا پسندی ، کرپشن اور بیرونی(ہندوستانی) مداخلت سے تحفظ فراہم کیا جائے لیکن آج اسی نیشنل ایکشن پلان کا اطلاق صرف عزاداری سید الشہداء علیہ السلام پر ہوتا نظر آ رہا ہے تا کہ افواج پاکستان اور ملت جعفریہ پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کی جا سکے، نیشنل ایکشن پلان سبو تاژ کیا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کراچی نشتر پارک میں منعقدہ شیعہ تنظیوں کے رہنماؤں بشمول علامہ باقر زیدی ،علامہ عقیل موسیٰ،علامہ اظہر نقوی،صغیر عابد رضوی ،ایس ایم نقی،شمس الحسن شمسی،غیور عباس ،علامہ مبشر حسین ،علی حسین نقوی، سمیت دیگر کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

 انہوں نے کہا کے سندھ اور پنجاب کی حکومتیں اپنے کرپٹ آقاؤں اور مذہبی انتہا پسند اتحادیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں کامیاب ہوں۔ہم نیشنل ایکشن پلان کے غلط استعمال کے فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں کسی بھی ایسے قانون کو نہیں مانتے کہ جس کا مقصد نواسہ رسول اکرم (ص) کی عزاداری پر قدغن لگانا ہو یا اسے محدود کرنے کی سازش ہو۔ان کا کہنا تھا کہ آج سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کے نام پر کالعدم دہشت گرد گروہوں کی سہولت کاری کا کام انجام دے رہی ہیں، پنجاب حکومت کے اعلیٰ وزراء بشمول رانا ثناء اللہ، رانا مشہود ریاست پاکستان کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی دہشت گرد تنظیم کالعدم دہشت گرد سپاہ صحابہ (اہلسنت والجماعت) کے دہشت گردوں سے سر عام ملاقاتیں کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں جبکہ دوسری جانب آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور وزیر اعلیٰ سند ھ قائم علی شاہ کے معاون خصوصی قیوم سومرو کراچی میں اسی کالعدم دہشت گرد گروہ سپاہ صحابہ (اہلسنت والجماعت) سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کے مراکز پر ان سے ملاقاتیں کرتا ہے اور ان کی سرپرستی کا باضابطہ اعلان کرتا ہے ۔لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ یہاں نیشنل ایکشن پلان حرکت کرتا ہوا نظر نہیں آتا ہے ، آخر نیشنل ایکشن پلان ان دہشت گردوں کے خلاف کب حرکت میں آئے گا یا ان کے خلاف کہ جو ان دہشت گردوں کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں اور ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کو سبوتاژ کرتے ہوئے تاحال دہشت گردو کالعدم گروہوں کے سرغنہ دہشت گردوں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نام پر عزاداری نواسہ رسول (ص) کو محدود کرنے کی سازش اور کالی بھیڑوں کے اقدامات کا نوٹس لیں تاکہ افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔

ہم ڈی جی رینجرز سندھ سے بھی گذراش کرتے ہیں کہ وہ اپنے اہلکاروں کو عزاداری نواسہ رسول (ص) کے اجتماعات میں رخنہ ڈالنے سے روکیں اور ان اہلکاروں کی جانب سے وہ اقدامات کہ جس میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے نام پر کئے جا رہے ہیں اس کے باعث ملت جعفریہ میں شدید تشویش اور غم و غصہ کی لہر پائی جاتی ہے کیونکہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ علماء و عمائدین کے ایک اہم اجلاس میں رینجرز پر ملبہ ڈالتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ کے مجالس عزاء اور عزاداری کے اجتماعات کے لئے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تاہم رینجرز کی جانب سے رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے ، لہذٰا رینجرز فی الفور اپنا موقف واضح کرے ۔ہم لاؤڈ اسپیکر ایکٹ، ضلع بندی، زبان بندی اور چالیس او ر پچاس سالہ قدیمی روایتی جلوسوں پر کسی قسم کی پابندی کو قبول نہیں کریں گے ،عزاداری سید الشہداء ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے ، آئین پاکستان میں تمام مکاتب فکر کو دی ہوئی آزادی کو سلب کیا جانا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں غور سے سن لیں ہم عزاداری سید الشہداء پر کسی قسم کی قد غن اور پابندی برداشت نہیں کریں گے اور اس حوالے سے کسی قسم کا دباؤ قابل قبول نہیں ہو گا، اگر ہمیں ان گھناؤنی سازشوں کے ذریعے دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی تو ملک گیر اور شدید احتجاج کریں گے جس کے بعد حالات کی سنگینی کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی اور واضح رہے کہ پھر ہم پر یہ الزام عائد نہ کیا جائے کہ جمہوریت کو ڈی ریل کیا جا رہاہے، ہم عزاداری سید الشہداء کے خلاف حکومتی سازشوں کے مقابلے میں کسی بھی قسم کے راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree