خیبر پختونخواہ بھی القدس لنا کے فلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھا

28 جولائی 2014

وحدت نیوز(خیبر پختونخواہ) رہبر کبیرانقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے فرمان پر ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس پاکستان میں بھی بھرپور انداز میں منایا گیا، ملک بھر کے گوش و کنار میں اسرائیل مخالف ریلیاں برآمد ہوئیں، جن میں اہل تشیع کیساتھ ساتھ دیگر مکاتب فکر کے مسلمانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کی، اور غزہ پر جاری حالیہ صہیونی جارحیت پر اپنے شدید درعمل سمیت قبلہ اول کی آزادی کیلئے آواز حق بلند کی۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی عالمی یوم القدس پہلے سے کہیں زیادہ جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا۔ مختلف شیعہ تنظیموں کے زیر اہتمام نکالی گئیں، جن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، کوہاٹ، نوشہرہ، بنوں اور ٹانک میں قدس ریلیاں نکالی گئیں۔ پشاور میں مختلف جماعتوں کی جانب سے تحریک آزادی قدس کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں کی تعداد مختلف شعبہ ہا ئے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

 

احتجاجی ریلی جامع مسجد کوچہ رسالدار سے نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نعرہ بازی کرتے ہوئے قصہ خوانی بازار پہنچے، جہاں مقررین نے خطابات کئے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور قصہ خوانی بازار سیل تھا۔ ریلی میں امامیہ جرگہ، مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ علماء کونسل، تحریک فقہ نفاذ جعفریہ اور عالمی علماء و مشائخ کونسل کے رہنماوں اور کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔ ریلی سے جامعہ شہید علامہ عارف الحسینی کے خطیب علامہ عابد حسین شاکری، عالمی متحدہ علماء و مشائخ کونسل کے رہنماء مولانا محمد شعیب، حزب اللہ کے رہنماء ضیاء الحسن اور امامیہ جرگہ کے رہنماء مظفر علی اخونزادہ نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں ہری پور میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز امامیہ مسجد سائیں سہیلی روڈ سے ہوا اور ریلی مین بازار سے ہوتی ہوئی پنیاں چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔

 

ریلی میں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی، شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل وسیم اظہر ترابی، ایم ڈبلیو ایم ہری پور کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اسرار حسین، فیاض حسین، احسن علی، نئیر عباس جعفری، ابرار حسین اور دیگر بھی شریک ہوئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وحید عباس کا کہنا تھا کہ عالمی یوم القدس انقلاب اسلامی و مسلمانوں کی فتح کا دن ہے اسرائیلی جارحیت و ناحق قتل عام پر عالمی استعماری طاقتوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، فلسطین و غزہ کے بے گناہ کشتدگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیائے اسلام کے تمام حکمرانوں کا یہ فرض ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ مظلوم فلسطین و غزہ کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف آواز حق بلند کریں۔ بیت المقدس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ اور غزہ میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے یزیدی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا مسلمانوں کا اہم فریضہ ہے۔ غزہ کے مظلوموں سے اظہار حمایت کا علم بلند کیا جائے اور شیطان بزرگ امریکہ کے حواریوں کے تسلط کے خاتمہ کیلئے عالم اسلام اپنے اتحاد کو یقینی بنائے۔

 

کوہاٹ میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین اور انصار الحسین کے زیر اہتمام القدس ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز قومی امام بارگاہ سے ہوا، شرکائے ریلی امریکہ اور سرائیل کیخلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کنگ گیٹ مین بازار پہنچے۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر علامہ سید ثاقب حسین اور آئی ایس او پشاور ڈویژن کے صدر ضمیر علی جعفری نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں کربلائے عصر ڈیرہ اسماعیل خان کے غیور شہریوں نے بھی کربلائے غزہ اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں ریلیاں نکالیں۔ پہلی ریلی مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام صبح 9 بجے جامع مسجد لاٹو فقیر سے نکالی گئی، جو مین بازار پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا یوتھ ونگ کے سیکرٹری صفدر عباس اور آئی ایس او ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے جنرل سیکرٹری نے خطاب کیا۔

 

قبائلی علاقہ جنوبی وزیرستان سے متصل ضلع ٹانک میں پہلی مرتبہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام یوم القدس ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ گرہ بلوچ سے برآمد ہوئے اور مین وانا روڈ کو بلاک کرکے امریکہ و اسرائیل کیخلاف بھرپور احتجاج کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید عبدالحسنین نے شرکائے ریلی سے خطاب کیا۔ بنوں میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید نوروز علی شاہ کی قیادت میں یوم القدس ریلی نکالی گئی۔

 

ریلی کے شرکاء امام بارگاہ حسین آباد سے برآمد ہوئے اور منڈان چوک ریلوے روڈ پہنچے، جہاں شرکائے ریلی سے سید نورز علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر ڈھائے جانے والی قیامت پر مسلم امہ کے حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے، تمام مسلم ممالک کے حکمران اسرائیل کیساتھ وابستہ اپنے تعلقات منقطع کریں اور یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ ضلع نوشہرہ میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، جس میں اہل سنت نے ایک بڑی تعداد میں شرکت کی، اور وحدت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ و اسرائیل کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ علاوہ ازیں صوبہ کے دیگر اضلاع میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں یوم القدس کی مناسبت سے آئما جمعہ جماعت نے تقاریر کیں، اور غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کیلئے عملی جدوجہد کرنے کا مطالبہ کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree