عزاداری آئین الہٰی اور اسلام کی حفاظت کیلئے تجدید عہد کرنے کا نام ہے، آغا علی رضوی

25 اکتوبر 2015

وحدت نیوز (سکردو) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام حسینی چوک اسکردو پر روز عاشورا کی مناسبت منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسینؑ کسی رسم کا نام نہیں بلکہ آئین الہٰی اور دین مقدس اسلام کی حفاظت کے لئے تجدید عہد کرنے اور اسلام کی خاطر سب کچھ قربان کرنے کے اعلان کا نام ہے۔ عزاداری مظلوموں کی ظالموں کے خلاف پکار اور للکار کا نام ہے، عزاداری دنیا بھر کے مظلوموں کی توانائی اور آواز کا نام ہے، عزاداری ظالموں کی سرنگونی اور شکست کا اعلان ہے، عزاداری اس عہد کی تجدید کا نام ہے، جو امام حسین ؑ نے کربلا کے میدان میں کیا تھا۔ عزاداری امام حسین ؑ ظالموں کے خلاف اعلان بغاوت کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے، ہم جان تو دے سکتے ہیں لیکن عزاداری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اپنے خطاب میں آغا علی رضوی نے کہا کہ اس سال ملت اسلامیہ کے لئے دو محرم آئے، ایک محرم سے قبل ذوالحج کے مہینے میں اور دوسرا محرم ابھی، پہلا غم یعنی حجاج کا افسوسناک سانحہ اور دوسرا عاشورا۔ امام حسین ؑ نے اپنے حج کے آخری موقع پر حج کو عمرہ میں بدل کر کربلا تشریف لے گئے، تاکہ حرم خدا میں خون نہ بہے، لیکن تف ہو نام نہاد اسلامی حکومت سعودیہ پر جن کی مجرمانہ غفلت کے سبب ہزاروں حجاج شہید ہوئے اور اس سے بڑھ کر افسوس کا مقام یہ ہے کہ ان کی لاشوں کی بے حرمتی بھی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حج انتظامات کو عالمی اسلامی کمیٹی کے حوالے کیا جائے اور جس سعودی شہزادے کے پروٹوکول کے سبب سانحہ پیش آیا، اس شہزادے اور موجودہ سعودی حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ منٰی کے افسوسناک سانحے پر نواز حکومت کی خاموشی اور میڈیا پر اس اہم مسئلے کو نہ اٹھانے دینے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ سعودی نواز حکومت نے اپنے آقا کی خوشنودی کی خاطر ملت اسلامیہ کیساتھ غداری کی ہے۔ آغا علی رضوی نے کہاکہ کربلا ایک زمان و مکان سے مختص نہیں بلکہ ہر روز روز عاشور اور ہر زمین زمین کربلا ہے، آج یمن میں آل سعود اور فلسطین میں یہود واقعہ کربلا کی یاد تازہ کر رہی ہے، ان افسوسناک سانحات پر عالم اسلام کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز حکومت کی بھول ہے کہ وہ عزاداری کو محدود کرسکے گی، ہم دہشتگردوں کے خلاف اٹھنے والے ہر اقدام کی تائید کرتے ہیں، لیکن قومی ایکشن پلان کی آڑ میں عزاداری کو محدود کرنے کی کوشش ہو رہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔ ہم پاکستان آرمی کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کو سراہتے ہیں اور اظہار اطمیان کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ بہت جلد دہشتگردی کے سہولت کاروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی اور مذاکرات کے نام پر دہشتگردی کو پھلنے پھولنے کا موقع دینے اور کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کرے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree