وحدت نیوز(کراچی) عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ناظم آباد میں مجلس عزا پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے تین سگے بھائیوں سمیت بے گناہ جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، ہم سانحہ ناظم آباد کے شہداء کی مغفرت، زخمیوں کی صحتیابی، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور پاکستان میں دائمی امن کیلئے دعاگو ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہل خانہ اور عافیہ موومنٹ ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکمرانوں اور سیاستدانوں کو جلسے، جلسوں اور دھرنوں سے فرصت ملے تو وہ عوام کی جان، مال، عزت و آبرو کے تحفظ اور انہیں انصاف فراہم کرنے کی طرف توجہ دیں۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔