وحدت نیوز (لیّہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی نے لاہور دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر درست سمت میں عمل ہوتا تو لاہور جیسا واقعہ پیش نہ آتا۔ دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لیہ کے علاقہ چوک اعظم میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں دہشتگردوں نے ایک بار پھر اپنی سفاکیت اور درندگی کا ثبوت دیتے ہوئے بے گناہوں کا خون بہایا ہے، حکومت بتائے کہ کہاں ہے دہشتگردوں کی وہ ٹوٹی ہوئی کمر۔؟ جس ملک میں وزیر داخلہ دہشتگردوں کیساتھ ملاقاتیں کریں اس ملک میں امن ایک خواب ہی نظر آتا ہے۔ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کو صرف اپنے سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کیا، اگر نیشنل ایکشن پلان پر درست عمل ہوتا تو آج ہمیں لاہور میں بے گناہوں کے جنازے نہ اٹھانے پڑتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین سانحہ لاہور میں شہید ہونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ہم ایک بار پھر حکمرانوں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہیں کہ پاکستان دشمن دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔