وحدت نیوز(مظفر گڑھ) پاراچنار میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات کا ہونا سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرگڑھ کے سیکرٹری جنرل علی رضا طوری نے ضلعی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اتنے سخت سکیورٹی کے سخت حصار، خندقیں اور نام نہاد ریڈزون کہ جس کے نام پر لوگوں کو تنگ کیا جاتا رہا اور معیشت کا بیڑا غرق کیا جاتا رہا، کے ہوتے ہوئے عام شہری کا داخلہ مشکل تھا لیکن دہشتگرد تمام سکیورٹی کے حصار کو بڑی آسانی سے توڑ کر بے گناہ عوام کے خون سے ہولی کھیل لیتے ہیں۔ اور پھر جب مظلوم عوام اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے نکلتے ہیں تو سکیورٹی اداروں کی وردی میں ملبوس کالی بھیڑیں پرامن مظاہرین پر گولیوں کی بچھاڑ کر دیتی ہیں، جس سے دھماکے سے بچے ہوئے افراد شہید اور زخمی ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاراچنار میں نوجوان قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی استقامت اور دیدہ دلیری کے بلبوتے پر اپنے حقوق کے حصول اور اپنے اوپر ہونے والے مظالم کے خلاف کامیاب دھرنا دیا جس میں انہوں نے اپنے مطالبات نہ صرف منوائے بلکہ ان پر عمل درآمد بھی کروا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جوانان پاراچنار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے صبر و استقامت سے ظلم کے خلاف قیام کیا، مطالبات کے پورا ہونے تک میدان میں حاضر رہے اور قوم کو سرخروہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ہمارے لئے ایک وسیلہ ہے نہ کہ ہدف۔ اس وسیلے کو استعمال کرتے ہوئے قومی شعور کو بیدار کرنا ہوگا۔ اپنے حقوق کے لئے آواز کو بلند کرنا ہوگا، ظلم کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ ہم مجلس وحدت کی قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے پاراچنار کے مومنین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پورے ملک میں احتجاجی تحریک چلا کر فرقہ واریت کی سازش کو ناکام بنایا۔ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہم آج اگر میدان عمل میں ہیں تو یہ ہم کسی فرد یا شخصیت کو خوش یا راضی کے لئے نہیں بلکہ ہمیں اللہ کی رضا اور محمد (ص) و آل محمد (ع) کی خوشنودی کے لئے کام کرنا چاہئے اور آج اگر ہم نے اپنے حقوق کے لئے آواز نہ اٹھائی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ 6 اگست 2017ء کو ہونے والی قائد شہید کی برسی میں مظفرگڑھ سے انشااللہ بھرپور نمائندگی ہوگی۔ اس حوالے سے عوامی رابطہ مہم کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو کہ مختلف علاقوں کا دورہ کریں گی اور اپنی کارکردگی رپورٹ 21 جولائی 2017 کو ہونے والے ضلعی کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گی۔ اس عوامی رابطہ مہم میں تنظیم سازی کا عمل بھی تیز کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی کابینہ کے اراکین سید عمران رضا ایڈووکیٹ، سید مظہر نقوی، سید شفقت علی، آغا سید عابد فاطمی، عدنان حیدر تہیم ایڈوکیٹ، شوکت حسین بک اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے آخر میں شہدائے ملت جعفریہ، خصوصًا شھدائے پاراچنار و کوئٹہ کی بلندی درجات کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس کا اختتام دعائے امام زمانہؑ سے کیا گیا۔