وحدت نیوز(ملتان) ایم ڈبلیو ایم کے یوم انہدام جنت البقیع پر ملک گیر احتجاجی مظاہر ے۔ جنت البقیع کودوبارہ تعمیر کیا جائے۔مقامات مقدسہ اور آثار انبیاءکو مٹانے کا سلسلہ روکا جائے حکومت پاکستان جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کے لئے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی سطح پر کوششیں کرئے مظاہرین کا مطالبہ۔ سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصر عباس کی اپیل پر چاروں صوبوں آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں یوم انہدام جنت البقیع کے المناک واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ملک کے دیگر حصوں کی طرح ملتان میں یوم انہدام جنت البقیع پر گھنٹہ گھر چوک سے نواں چوک تک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
جس سے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر علوی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، علامہ طاہر عباس نقوی،علامہ ناصرسبطین ہاشمی، علامہ سلطان نقوی اور آئی ایس او ملتان ڈویژن کے صدر عاطف حسین سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطاب کیا۔جبکہ مردوخواتین مظاہرین نے سینکڑوں کی تعدادمیں شرکت کی ۔
صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی نے احتجاجی مظاہر ے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا متفقہ مطالبہ ہے کہ سعودی حکومت مقامات مقدسہ خصوصا جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کرئے اور آئے روز آثار انیباءکو مٹانے کا ظالمانہ سلسلہ بند کرئے آل سعود کی انتہا پسندانہ سوچ نے عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے اور آج اسی سوچ کیخلاف عالم اسلام اسلامی تشخص بچانے کے لئے برسر پیکار ہے ۔
احتجاجی مظاہرے سے خطا ب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر علوی نے کہا کہ ہم ان احتجاجی مظاہروں سے دنیاکو یوم انہدام جنت البقیع کے المنا ک واقعے کے کی یاد دلانے کے ساتھ اس بات پر توجہ دلا رہے ہیں کہ جنت البقیع حرم نبوی ص کے بعد مدینہ کا اہم ترین اور افضل ترین مقام ہے۔ جنت البقیع اہلبیتؑ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور ان کے اصحاب کا مدفن ہے تخریب جنت البقیع کر کے سنگین ترین جرم کیا گیا ہے اس عظیم ظلم پر عالم اسلام سوگوار اور سراپا احتجاج ہے۔
آئی ایس او ملتان ڈویژن کے صدر عاطف حسین نے مظاہرین سے اپنے خطاب میں کہا کہ 8شوال اسلامی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے آج کے دن مزارات اہلیبیت علیھم السلام انبیائے کرام علیھم السلام و صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے مزارات کو منہدم کر کے عالم اسلام اور قلب رسول اللہ ص کو سوگوار کیاگیا ، جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کیا جائے،اور انبیائے کرام، اہلیبیت اطہار علیھم السلام ازدواج مطہرات اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کے مزارات کے تقدس کو بحال کیا جائے۔