وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر آج ملک بھر میں یوم انہدام جنت البقیع منایا جائے گا، جنوبی پنجاب سمیت اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ،بشمول گلگت بلتستان، آزاد کشمیر تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے آٹھ شوال کو آل سعود کی جانب سے قبرستان جنت البقیع میں اہل بیت اطہار ، صحابہ کرام اور اُمہات المومنین کی قبور کو شہید کیا جانے کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔
جنوبی پنجاب کی مرکزی ریلی گھنٹہ گھر چوک ملتان سے نواں شہر چوک نکالی جائے گی، ریلی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ، ریلی میں ملت تشیع کے علاوہ دیگر مسالک کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ترجمان ثقلین نقوی نے میڈیا کو جاری بیان میں کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ریلی کے تمام تر انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، آٹھ شوال کا دن آل سعود کی جانب سے اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کے خلاف بدترین ظلم کا دن ہے، ثقلین نقوی نے کہا کہ قبرستان جنت البقیع کو شہید کرنا آل سعود کے نظریات کی عکاسی ہے۔