وحدت نیوز(میانوالی) مجلس وحدت مسلمین ضلع میانوالی کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ضلع بھر کے یونٹس سیکرٹری جنرل اور اراکین نے شرکت کی، سیکرٹری جنرل مولانا علمدار حسین نے گذشتہ تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا، بعدازاں صوبائی سیکرٹری جنرل کی زیرنگرانی اراکین ضلعی شوریٰ نے اپنے ووٹ کے ذریعے سید عابد حسین عابدی کو آئندہ تین سال کے لیے نیا سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔
نومنتخب سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب ضروری ہے، ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہی ترقی کا زینہ ہے، کرپشن نے اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رکھا ہے، محرم الحرام سے قبل ضلع بھر میں مجالس اور جلوس ہائے عزاء کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ نومنتخب سیکرٹری جنرل سے صوبائی سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی نے حلف لیا۔