وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رکن، سیکرٹری جنرل بھکر و ممتاز قانون دان سفیر حسین شہانی مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے، مرحوم کا تعلق ضلع بھکر سے تھا اور قومیات کے حوالے سے کافی خدمات انجام دیں، سفیر حسین شہانی ایم ڈبلیو ایم کے بانی اراکین میں شامل تھے، اُنہوں نے ضلع بھکر میں ایم ڈبلیو ایم اور قومیات کے حوالے سے تحرک پیدا کیا۔
مرحوم قومیات میں متحرک ہونے کی وجہ سے متعدد بار پابند سلاسل بھی رہے اور ایک لمبے عرصے تک فورتھ شیڈول کا شکار بھی رہے۔ مرحوم نے بھکر میں اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کیا، سفیر حسین شہانی کا کردار سانحہ کوٹلہ جام کے حوالے سے اہم تھا، مرحوم قومیات کے ساتھ ساتھ وکالت کے شعبے سے بھی وابستہ تھے اور اپنی زندگی کے دوران اسیران امامیہ کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دیں۔
''وحدت نیوز'' سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ آج ایم ڈبلیو ایم ایک فعال، متدین اور مخلص دوست سے محروم ہوچکی ہے، مرحوم کا شمار جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات میں ہوتا تھا بھکر میں منعقد ہونے والی قرآن و اہلیبیت کانفرنس اور اس کے بعد مشکلات کا سامنا کرنا قابل تعریف ہیں، دوسری جانب سفیر حسین شہانی کے انتقال پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی قائدین کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا۔