وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی ادارے المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کے پلیٹ فارم سے ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہزاروں افراد میں راشن بیگ، ماسک گلوز تقسیم کیے گئے اس کے علاوہ مختلف مساجد اور امام بارگاہوں میں جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے ملتان سے جاری بیان میں کیا۔
ملتان سے جاری بیان میں علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کے پلیٹ فارم سے لاک ڈائون سے متاثرہ غریب، نادار، مستحق اور سفید پوش خاندانوں کی مدد کا سلسلہ جاری ہے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں پانچ ہزار سے زائد والنٹیئر مشکل کی اس گھڑی میں قوم کی مدد کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس وقت تک ساٹھ ہزار سے زیادہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جا چکا ہے، اُنہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ ماہ رمضان میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔