وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول سرکار کائنات کی آمد کا مہینہ ہے اور اسی مہینے میں اہلیبیت اطہار نے سوگ بڑھایا، محرم اور چہلم کی طرح ولادت باسعادت سرور دو عالم کی آمد کے سلسلے میں ہفتہ وحدت شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مختلف علاقوں میں مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کے موقع پر کیا۔
علامہ اقتدار نقوی نے محلہ فاروق پورہ میں پیپلزپارٹی کے رہنماء سید ظل حسن جعفری کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی بھی ہمراہ تھے۔
علامہ اقتدار نقوی نے بعدازاں گلگشت کالونی میں مرکزی ماتمی سنگت حویلی مرید شاہ کے سالار سید گوہر شاہ کے جواں سالہ بھائی سید ندیم عباس کے انتقال پر اظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ممتاز عالم علامہ سید محمد عون نقوی آف کراچی بھی موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں نے دوران ملاقات مختلف قومی اُمور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنمائوں نے مستقبل میں مزید ملاقاتوں پر بھی اتفاق کیا۔
علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں منظم انداز میں انتشار کی فضا ہموار کی جا رہی ہے، ربیع الاول کو شیعہ سنی مل کر منائیں گے، بارہ ربیع الاول کو اہلسنت کے جلوسوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا۔