وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2020کی تیاریوں کا باقائدہ آغاز ۔ ایم ڈبلیوایم کابلتستان حلقہ نمبر3سے ڈاکٹر محمد یونس کو ٹکٹ دینے کا اعلان ۔
علامہ ڈاکٹریونس حیدری صاحب کا تعلق علاقہ گُلتری سے ہے اور انہوں نے قانونیات میں ایم فل جبکہ فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ہے ۔ بین الاقوامی اور قومی سیاست اور حالات حاضرہ پر گہری نظر رکھتے ہیں۔
علامہ ڈاکٹر یونس حیدری کی نامزدگی کا اعلان مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی رضوی اور سیاسی مشاورتی کمیٹی نے متفقہ طور پر کیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ڈاکٹر یونس حیدری کی حلقہ 3سے نامزدگی پر کہاکہ علامہ ڈاکٹر یونس حیدری کو میرٹ،صلاحیت اور علاقائی محرومیوں کی بنیاد پر ٹکٹ دیا گیا ہے ۔
اس موقع پر صوبائی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغاعلی رضوی نے کہاکہ حلقہ نمبر3سے بہت سارے متوقع امیدواروں میں سےصلاحیت اور دیانت کے پیش نظر ڈاکٹر محمد یونس حیدری کا انتخاب کیاگیاہے۔
وحدت نیوز(سکردو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں روندو حادثے پر شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روندو میں پیش آنے والا دلخراش سانحہ انتہائی افسوسناک ہیں۔دکھ کی اس گھڑی میں حادثے میں جان بحق ہونے والے مسافرین کے لواحقین کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے۔ بلتستان میں دو درجن سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع کا ازالہ ممکن نہیں اسوقت پورا گلگت بلتستان سوگ کے عالم میں ہے۔ اس دلخراش واقعے پر گلگت بلتستان میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت سکردو روڈ پر حادثہ معمول بن چکا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایسے حادثات کی پیش بندیاں کرنے والے ذمہ داران غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حادثے کے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کے لیے ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ گلگت سکردو روڈ کی بروقت اور معیاری تکمیل سے بھی ایسے حادثات میں کمی ہو سکتی ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت کے صوبائی کابینہ کےاراکین نے اپنے عہدوں کا حلف لے لیا ۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹریٹ وحدت ہاؤس گلگت میں صوبائی کابینہ کے عہدیداروں اور پولیٹیکل کونسل کے اراکین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اراکین گلگت بلتستان اسمبلی حاجی رضوان علی اور بی بی سلیمہ نے بھی شرکت کی ۔ خواتین رہنما ومرکزی سیکرٹری جوانان شعبہ خواتین محترمہ سائرہ ابراہیم بھی اجلاس میں شریک رہی ۔ شیخ نیئر عباس مصطفوی نے صوبائی عہدیداروں سے حلف لیا ۔
وحدت نیوز(گلگت) لینڈ ریفارمز ایکٹ کے خلاف آگاہی مہم کو تیز کرنے کیلئے عوامی ایکشن کمیٹی کا مجلس وحدت مسلمین سے رابطہ ۔ لینڈ ریفارمز ایکٹ عوام دشمن پالیسی کا حصہ ہے عوامی طاقت کے ذریعے یہ ایکٹ اسمبلی سے پاس کروانے نہیں دینگے ۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سید یعسوب الدین، فدا حسین، مسعودالرحمن،اورنگزیب انقلابی و دیگر نے وحدت ہاؤس گلگت میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں شیخ نیئرعباس مصطفوی، الیاس صدیقی، غلام عباس، عارف قنبری، حاجی رضوان علی سے ملاقات کی ۔
اس ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین نے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کو لینڈ ریفارمز ا یکٹ کے خلاف بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔ شیخ نیئر عباس مصطفوی نے کہا کہ مجلس وحدت گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کی راہ کسی سے پیچھے نہیں رہے گی،مجلس وحدت عوامی حقوق کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کی نہ صرف ساتھ دے گی بلکہ ماضی کی طرح ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی ۔ ہمارا شروع دن سے یہی موقف رہا ہے کہ گلگت بلتستان کی زمینیں یہاں بسنے والے عوام کی ملکیت ہیں اور رہیں گی کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ ہماری زمینوں کو عوام کی مرضی کیخلاف استعمال کی جائے ۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ لینڈ ریفارمز ایکٹ عوام دشمن ایکٹ ہے جس کی ہمارے ممبران اسمبلی بھرپور مخالفت کرینگے ۔ اس موقع پر ایکشن کمیٹی نے رہنماؤں نے مجلس وحدت کے دوٹوک موقف پر مجلس کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سکردو بس حادثے میں متعدد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اندوناک سانحہ پر ہرکوئی سوگوار ہے۔یہ وہ نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے اعلی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی شاہراہ پر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی فٹنس چیک کیے بغیر نکلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ہر گاڑی کی روانگی سے قبل اس امرکو یقینی بنایا جانا انتہائی ضروری ہے کہ گاڑی ہر اعتبار سے مکمل طور پر درست ہے۔
انہوں نے کہا ڈرائیور حضرات کے حوالے سے بھی ضروری جانچ پڑتال ہونی چاہیے کہ کیا ان کی جسمانی صحت انہیں اتنے طویل سفر کی اجازت دیتی ہے اور وہ اتنے طویل سفر پر ڈرائیونگ کے اہل ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ سکردو روڈ کی بہتری کے لیے جاری اقدامات میں تیزی لانا ہو گی تاکہ مسافروں کی سفری مشکلات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ انہیں محفوظ سفر دستیاب ہو۔
ان کا مزید کہناتھاکہ گلگت بلتستان کی شاہراہ پر اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے افسوسناک حادثات رونما ہو چکے ہیں جن پر قابو پانے کے لیے حکومت کی طرف سے ضروری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور اہل خانے کے صبر کے لیے دعا کی ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان حکومت عوامی ملکیتی زمینوں پر بلامعاوضہ تصرف کرنے سے باز رہے۔ اراکین اسمبلی لینڈ ریفارمز ایکٹ کو مسترد کرکے عوام دشمن پالیسی کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں۔ مشہور کاروباری شخصیت حاجی صفدر کی بازیابی کیلئے حکومت کی عدم دلچسپی قابل مذمت ہے۔ حاجی صفدر فوری بازیاب نہ کروایا گیا تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ سی ٹی ایس پی کے ذریعے جی بی کے اہل امیدواروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سی ٹی ایس پی کو فوری طور پر ٹیسٹ انٹرویو سے روکا جائے اور میرٹ پر اہل امیدواروں کی بھرتی کی جائے۔
مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں صوبائی کابینہ اور پولیٹیکل کونسل کے اراکین کا مشترکہ اجلاس شیخ نیئر عباس مصطفوی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں جی بی کے تمام علاقوں میں موجود بنجر زمینوں کو عوامی ملکیتی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کسی قسم کے بلامعاوضہ سرکاری تصرف کو عوام کی ملکیت پر شب خون تصور کرتا ہے اور لینڈ ریفارمز ایکٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور ممبران اسمبلی کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس عوام دشمن اقدام کا حصہ بننے سے باز آجائیں۔
اجلاس میں مشہور کاروباری شخصیت حاجی صفدر کو لین دین کے تنازعہ پر اغوا کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور نامزد ملزموں کے خلاف عرصہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود حکومتی کارروائی نہ ہونے اور مغوی کو تاحال بازیاب نہ کروانے پر سخت احتجاج کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حاجی صفدر کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔
صوبائی کابینہ کے اراکین و دیگر عہدیداروں نے سی ٹی ایس پی کے ذریعے جی بی کے اہل امیدواروں کو دیوار سے لگانے اور میرٹ کو پامال کرنے اور اس ادارے کے ذریعے صوبائی حکومت کے گٹھ جوڑ کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ سی ٹی ایس پی کو ٹیسٹ انٹرویوز سے روکا جائے اور تمام ٹیسٹ انٹرویوز کو منسوخ کیا جائے کیونکہ موجودہ حکومت ان بھرتیوں کو الیکشن ٹول کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین مجوزہ آرڈر 2020 کو مسترد کرتی ہے اور اس آرڈر کو جی بی کے عوام کی توہین سمجھتا ہے اور مطالبہ کیا جاتا ہے کہ گلگت بلتستان کی سات دہائیوں سے جاری محرومیوں کا ازالہ آئینی حقوق کے ذریعے کیا جائے۔ اجلاس میں موضع جوتل میں عوامی زمینوں پر رات کی تاریکی میں آپریشن کو انتظامیہ کا بزدلانہ اقدام تصور کرتے ہوئے متنبہ کیا گیا کہ طاقت کے بل بوتے پر جبری طور پر عوام کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش سے باز رہے۔