وحدت نیوز(کراچی) تنظیم المساجد اہلسنت پاکستان کے سربراہ مفتی عابد مبارک قادری کو جان سے مارنے کی دھمکی آمیز خط موصول ہوا۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ رات کے کسی پہر شہید ڈاکٹر قاری لیاقت علی خان کی مسجد کے وضو خانے میں دھمکی آمیز خط چسپاں کیا گیا، جس میں مفتی عابد مبارک قادری کو مسجد سمیت شہید کرنے اور مرحوم قاری لیاقت علی کے رشتہ دار اور قاری صاحب کی مسجد کے امام مولانا سید قاسم شاہ بخاری کی بہن کو اغواء کرنے کی دھمکی دی گئی۔ واقعہ کی اطلاع متعلقہ تھانہ اور ایس پی بلدیہ سمیت رینجرز کے افسران کو دے دی گئی ہے۔ علماء اہلسنت کا ایک اہم اجلاس تنظیم المساجد اہلسنت پاکستان کے مرکز میں ہوا، جس میں کالعدم تنظیم کی جانب سے مفتی عابد مبارک المدنی کو دی جانے والی اس دھمکی کا سخت نوٹس لیا گیا اور اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
علماء اہلسنت نے حکومت اور انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر قاری لیاقت علی کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا جاتا تو شاید ان شرپسندوں کو روکا جا سکتا تھا۔ علماء اہلسنت نے ملک بھر کی عوام اہلسنت کا واضح اور درست مؤقف دنیا بھر میں پیش کرنے اور پاکستان و آئین پاکستان اور اپنے فوجی جوانوں اور پولیس اہلکاروں کی مکمل حمایت کا اعلان کرنے پر مفتی عابد مبارک المدنی کی حمایت کا اعلان کیا۔ علماء اہلسنت نے حکومت اور انتظامیہ سے مساجد و مدارس اور مزارات اولیاء کرام سمیت علماء اہلسنت کو مکمل سکیورٹی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں مفتی رفیع عثمانی، مولانا حسین لاکھانی، مفتی وسیم اختر المدنی، مفتی محمد احسن نوید، مفتی ایاز سعیدی، علامہ عمران قادری سمیت دیگر علماء اہلسنت نے شرکت کی۔