وحدت نیوز(گلگت) پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت آئینی حقوق کی بات کررہی ہے جبکہ ان کی مرکزی قیادت گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کو کشمیر کاز کو سبوتاژ کرنے کے مترادف سمجھتی ہے۔سپریم کورٹ پاکستان میں آج گلگت بلتستان کے کیس کی سماعت میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے ایک بار پھر اپنی جماعت کے اس موقف کو پیش کیا ۔ بلاول بھٹو دورہ گلگت پر آئینی حقوق کے وعدے کرنے سے پہلے رضا ربانی اور اعتزاز احسن کو سمجھائے ۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عارف قنبری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے قائدین گلگت میں جلسے کرکے وقت ضائع کرنے سے پہلے بلاول ہائوس کے باہر دھرنا دے کر ان کو آئینی حقوق کیلئے آمادہ کروائیں ۔مقامی قائدین جھوٹے نعروں سے عوام کو بیوقوف بنانے کی بجائے حقیقی ایشوز پر کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جب موقع ملا تو انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو مایوس کیا ہے اور اب مزید عوام کو بیوقوف بنانے کا وقت گزرچکا ہے۔اگر آئین حقوق دینے میں مخلص ہوتے تو تین بار وفاق میں حکومت کے دوران دے چکے ہوتے ۔اسی طرح مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی جو کہ تین تین باریاں لے چکے ہیں اور اقتدار میں ان کا موقف تبدیل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو چاہئے کہ اس ٹرک کی بتی کا پیچھا کرنے کی بجائے گلگت بلتستان کے حقوق سے مخلص عوامی نمائندوں کی حمایت کریں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اب سپریم کورٹ سے امید لگائے بیٹھے ہیں اور امید ہے عدالت عالیہ گلگت بلتستان کے محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنانا اور ان کی تعمیر ترقی پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے،گلگت بلتستان کے بجٹ میں اضافہ کیساتھ ساتھ سی پیک منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں ایک اکنامک زون کا فیصلہ ہو چکا ہے اور انشاللہ دوسرا اکنامک زون بھی گلگت بلتستان میں ہی بنے گا،گلگت بلتستان کے بجٹ کیساتھ اب کسی کوکھیلنے نہیں دینگے،احتساب کا عمل بلاتفریق شروع کرینگے،اور عوام وسائل لوٹنے والوں سے پائی پائی کا حساب لینگے،انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اور وزیراعظم پاکستان گلگت بلتستان میں ٹورزم اور مائن منرل پر خصوصی توجہ دینگے اور انشااللہ بہترین روزگار اور بزنس کے مواقع پیدا کریں گے،ہماری کوشش ہے اندرون اور بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کوگلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینگے،گلگت بلتستان کے عوامی حقوق اور علاقے کی تعمیر ترقی کے لئے پاکستان تحریک انصاف اور ایم ڈبلیوایم مل کر کام کریگی،انشااللہ علاقے کے مسائل کو جاننے کے لئے میں خود ایک طویل دورے پر جا رہا ہوں ،گلگت بلتستان کے عوامی امنگوں کی ترجمانی اور ان کے مفادات کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشااللہ آئندہ بھی ایم ڈبلیوایم کیساتھ رابطے جاری رکھیں گے،وفاقی وزیر اموکشمیروگلگت بلتستان نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوٹلی امام حسینؑ کی اراضی کا ایک اینچ بھی کسی کو غصب نہیں کرنے دینگے،انشااللہ ہم جلد ڈیرہ اسماعیل خان میں زائرین کے لئے مسافر خانے کا بھی قیام عمل میں لائیں گے،تاکہ دور دراز سے آئے مسافر زائرین ڈیرہ اسماعیل خان میں قیام کرسکیں،مسنگ پرسنز کے حوالے سے انشااللہ کوشش جاری ہیں بہت جلد ان کے معلومات سے عوام کو آگاہ کریں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کو مرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم آمد خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کو وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی،وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہوگا،یہاں کے عوام محب وطن ہیں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے اس غیور قوم کو شناخت نہ دینا المیہ سے کم نہیں،گلگت بلتستان کے عوام بائی چانس نہیں بلکہ بائی چوائس پاکستانی ہے،گذشتہ دور کے حکمرانوں نے گلگت بلتستان کو طفل تسلیاں دے کر اپنے مفادات حاصل کیے،ن لیگ کی حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے،عوامی ایکشن کمیٹی سمیت عوامی حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والی محب وطن شخصیات کو شیڈول فور میں ڈال کر خطے میں عدم استحکام پید کرنے پر تلی ہوئی ہے،پاکستان تحریک انصاف روائتی سیاست سے ہٹ کر عملی کام کرکے گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے،انشااللہ گلگت بلتستان کے عوامی مفاد کے ہر فیصلے میں ایم ڈبلیوایم بھرپور ساتھ دے گی ۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے جی بی میں عوامی مفادات کی تحفظ کی بجائے عوامی اراضی کو خالصہ سرکار کے نام پر لوٹ کھسوٹ شروع کر رکھی ہے،ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی بے رحمانہ احتساب کا آغاز کیا جائے،گلگت بلتستان میں ٹورزم اور مائن اینڈمنرل پالیسی کو عوام دوست بنایا جائے،گلگت بلتستان کی وسائل پر سب سے زیادہ حق وہاں کے باسیوں کا ہے،اس پر ڈاکہ مارنے والوں کا محاسبہ کیا جائے،انشااللہ پنجاب کی طرح گلگت بلتستان میں بھی ایم ڈبلیوایم عوامی مفادات کی تحفظ کے لئے پاکستان تحریک انصاف کیساتھ مل کر کام کریگی،سی پیک میں گلگت بلتستان کو برابر کا حصہ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ملت جعفریہ کو درپیش مسائل اور حالیہ زائرین کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران عراق اور پاکستان کی حکومتیں مل کر ایک جامع میکنزم بنائے اور زائرین کو درپیش مسائل کو ترجیحی اور مستقل بنیاد پر ایک حل نکالے،بلوچستان دخلے کے لئے زائرین کو این او سی کیساتھ مشروط کرنے کا فیصلہ ن لیگ گورنمنٹ کی متعصبانہ پالیسیوں کا حصہ ہے اسے فوری طور پر ختم کیا جائے،انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے فوری اقدامات حکومت بلخوص آپ کی ذمہ داری ہے کیونکہ وہاں کے عوام نے آپ کو اپنا نمائندہ متخب کیا ہے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام سے اپنے رابطے مضبوط رکھے سازشی عناصر کے عزائم خود خاک میں مل جائیں گے،ملاقات میں ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید علی رضوی ،ایم ڈبلیوایم جی بی کے رہنما محمد علی،مرکزی پولیٹیکل کونسل ایم ڈبلیوایم کے ممبر سید محسن شہریار اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری بھی شریک تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی وفد کے ہمراہ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات،گلگت بلتستان کے عوامی مسائل و دیگر ملکی امور پر تبادلہ خیال،ملاقات میں اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع ترجمان ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان الیاس صدیقی اور مظاہر شگری شریک تھے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گورنر گلگت بلتستان کو عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کو حل کرنے اور آئینی حقوق کے حصول کی جدو جہد میں جو بھی سیاسی جماعت کردار ادا کریگی ایم ڈبلیو ایم ان کا بھرپور ساتھ دیگی،ہمیں سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کے حقوق کے لئے کردار ادا کرنا ہے،گلگت بلتستان میں ن لیگ کی حکومت انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے علاقے کے عوامی مسائل کے لئے آواز بلند کرنے والوں کو شیڈول فور میں ڈال کر ہراساں کرنے میں مصروف ہے حالانکہ یہ قانون کشمیر میں نافذ نہیں گلگت بلتستان والوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھنے والے دراصل ملک قوم سے مخلص نہیں،یہ وہ خطہ ہے جو پاکستان کا فطری دفاع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیئے اور ہمارا مطالبہ بھی ہے کہ گلگت بلتستان  کے محب وطن عوامی رہنماؤں کے ساتھ دہشتگردوں جیسے سلوک کرنے والوں کا محاسبہ کریں اور گلگت بلتستان میں بھی بے رحمانہ احتساب کرکے قومی وسائل پر شب خون مارنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مدنی وسائل پر حق وہاں کے باسیوں کا ہے،وفاقی حکومت گزشتہ ادوار میں جاری لیزز کا آڈٹ کرےاور وہاں کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کرے،گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاالله وفاقی حکومت سے مل کر گلگت بلتستان کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے،ایم ڈبلیو ایم کی خدمات اور اتحاد بین المسلمین کے لئے ملک بھر خصوصاََ گلگت بلتستان میں کوششوں کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،آئندہ بھی گلگت بلتستان کے سیاسی معاملات میں مل کر آگے بڑھیں گے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) گلگت بلتستان کے عوام کو نظر انداز کرنے والے دراصل پاکستان کی استحکام و سلامتی کے خیر خواہ نہیں،ملک قوم کے لئے اپنے جوانوں کی جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو فراموش کرنے والے ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے سوائے طفل تسلی کے اس قوم کو کچھ نہیں دیا،یہ دنیا کی واحد قوم ہے جو سترسالوں سے الحاق پاکستان کی جنگ لڑی رہے ہیں،اور اسی جرم کی پاداش میں یہ پابند سلاسل بھی ہوتے ہیں، پاکستان سے محبت کرنے والے لاکھوں لوگوں کو ستر سالوں سے ان کے بنیادی آئینی حقوق سے محروم رکھنا کہاں کا انصاف ہے ۔ گلگت بلتستان کے غیور عوام ریاست سے آئینی حقوق کے مستقل حل چاہتے ہیں ۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی گلگت بلتستان ایشو پر توجہ قابل ستائش ہے، ان خیالا ت کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری گزشتہ روز سپریم کورٹ میں گلگت بلتستا ن ایشو پر دائر درخواست کے ریمارکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان کی مقتدر قوتیں اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر گلگت بلتستان آئینی حقوق پر لائحہ عمل نہیں دیں گی تب تک اس مسلئے پر سنجیدہ پیش رفت ممکن نہیں۔عالمی دباو کے پیش نظر ہم نے لاکھو ں لوگوں کے آئینی حقوق سلب کررکھے ہیں،ہم پہلے ہی بہت دیر کر چکے ہیں نصف صدی سے زیادہ عرصہ ایک علاقے کو بنیادی و آئینی حقوق سے محروم رکھ کر بہت زیادتی کی گئی ہے۔اب مذید ان کو محروم رکھنا خطرناک ثابت ہو سکتاہے ۔ گلگت بلتستان کی موجودہ نسل تعلیم یافتہ اور باشعورہیں یہاں کے بسنے والوں کا ایک ہی سوال ہے کہ ہمارا کیا قصور ہے کہ ہمیں اتنے عرصے سے آئینی شناخت سے محروم رکھا گیا ہے گلگت بلتستان میں یہ مطالبہ اب روز بہ روز قوت پکڑتا جارہا ہے کہ جلد از جلد گلگت بلتستان کے باشندوں کو باقی پاکستانیوں کی طرح آئینی شناخت اور اس علاقے کو باقی صوبوں کی طرح مکمل حقو ق و اختیارت دئیے جائیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان بطور پاکستانی مذہبی و سیاسی جماعت گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔اور ہر پلیٹ فارم پر گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کی آواز کو بلند کرتی رہے گی ۔

وحدت نیوز(گلگت)  گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن ہیں،وہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ہیں اور نمائندگی کسی اور کی کررہے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال مسلم لیگ نواز کے دور میں عروج تک پہنچ چکا ہے، ظلم و استحصال کا سلسلہ نہ رکا تو خاموش نہیں رہیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ نیئر عباس مصطفوی نے سید علی رضوی کے والدہ محترمہ کے انتقال پر وحدت ہائوس گلگت میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے زبانی جمع خرچ پر عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے اور مسلم لیگ نواز عوامی حمایت کھو چکی ہے۔عوام کی ملکیتی زمینوں کو خالصہ سرکار کی آڑ میں ہتھیانے کے پیچھے بیرونی سازش کارفرما ہے۔حکومت جان بوجھ کر عوام کو مشتعل کررہی ہے سلسلہ نہ رکا تو عوامی تحریک شروع کرینگے۔سرکاری اداروں کو کرپشن کا گڑھ بنادیا گیا اور ریاستی اداروں کے ساتھ ٹکرائو نے ملکی سلامتی کو دائو پر لگادیا ہے، کرپشن عروج پر ہے اور سرکاری ملازمتوں میں اہل افراد کو نظرانداز کرکے من پسند افراد کو نوازا جارہا ہے۔ٹھیکے میرٹ پر دینے کی بجائے من پسند ٹھیکداروں کو دیئے جاتے ہیں،ترقیاتی منصوبوں کے نام پر مال بنانے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سے عبرت حاصل کرے بصورت دیگر وزیر اعلیٰ پر عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب بنایا جائیگا۔اس موقع پر سید علی رضوی کے والدہ محترمہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ کی گئی تعزیتی ریفرنس میں سید آغا علی رضوی کے والدہ محترمہ کے انتقال پرملال پر غمزدہ خاندان کو تعزیت و تسلیت پیش کی گئی۔اجلاس میں صوبائی عہدیداروں کے علاوہ ضلعی عہدیدار بھی شریک رہے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل عالم مبارز و مجاہد حجت الاسلام آغا علی رضوی کو انکی والدہ محترمہ اور میر واعظ نیورنگاہ آغا محمد علی شاہ کو انکی اہلیہ محترمہ کی وفات پر تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آغا علی رضوی کی والدہ محترمہ کی رحلت پر انکو اور تمام لواحقین کو تعزیت و تسلیت و پیش کرتے ہیں۔ والدہ محترمہ کی وفات سے آغا علی رضوی کی زندگی میں جو خلا پیدا ہوگیا ہے اسے پر کرنا ممکن نہیں۔ انہیں صبر و شکر کی تلقین کے ساتھ والدہ محترمہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہر کسی نے اس کا مزہ چکھنا ہے۔ خدا اپنے بندوں کو مختلف امتحانات کے ذریعے کے آزماتا ہے اور وہی بندے کامیاب ہوتے ہیں جن کے ہاتھ سے صبر و شکر کا دامن نہیں چھوٹتا۔ ماں جیسی عظیم ہستی کی موت انتہائی سخت امتحان ہے، کیونکہ اس ہستی کی کمی کوئی بھی پورا نہیں کرسکتا۔ اللہ سے دعا ہے کہ اسکے نہ ختم ہونے والے خزانہ غیب سے لواحقین بلخصوص آغا علی رضوی کو اس نعمت کا نعم البدل عطا فرما اور مرحومہ کے درجات میں اضافہ فرما۔

Page 3 of 8

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree