The Latest

وحدت نیوز(گلگت) چین کے صوبے شنجیانگ میں پاکستانیوں کی 50 سے زائد چینی شریک حیات کی گرفتاری کے خلاف گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی (جی بی ایل اے) نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ہے جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ گلگت بلتستان کے مردوں کی بیویوں کو جیل سے آزاد کرائے۔جی بی ایل اے میں مجلس وحدت مسلمین کی رکن اسمبلی بی بی سلیمہ نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ خنجراب پاس کے ذریعے چین اور پاکستانی شہری تجارت کی غرض سے ایک دوسرے کے ملک میں دورے کرتے ہیں اور اسی دوران چینی خواتین سے شادیاں بھی ہوئیں جو دونوں ممالک کے قوانین کے ہرگز منافی نہیں۔اس میں کہا گیا کہ کہ چین کی پولیس نے گزشتہ برس ان تمام خواتین کو حراست میں لے لیا جنہوں نے غیر ملکیوں سے شادیاں کیں اور ان میں وہ خواتین بھی شامل تھیں جنہوں نے پاکستانی مردوں سے شادی کی تھی۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ چینی خواتین کی غیر قانونی حراست سے گلگت بلتستان میں بچوں سمیت اہل خانہ پریشانی کا شکار ہیں اس لیے وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ چینی حکام سے مسئلے کے حل پر بات کریں۔

قرار داد کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما جاوید حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان اور صوبہ شنجیانگ کے شہریوں میں شادی کی روایت 10 برسوں سے قائم ہے تاہم متعدد چینی خواتین اپنے بچوں کے ہمراہ صوبہ شنجیانگ پہنچی تو انہیں گرفتار کرلیا گیا اور پاکستان میں ان کے اہل خانہ سخت پریشان ہیں۔جی بی ایل اے کے ڈپٹی اسپیکر جعفراللہ خان نے کہا کہ چین کی جانب سے مذہبی انتہا پسند کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاون جاری ہے جس کے باعث پاکستانی مردوں سے شادی کرنے والی چینی خواتین کو بھی مشتبہ قرار دے کر حراست میں لیا گیا۔

 انہوں نے بتایا کہ حراست میں لی جانے والی تمام خواتین میں سے کسی کا بھی دہشت گردی یا انتہاپسندی سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔قرار داد میں کہا گیا کہ چینی ورکز اور انجینئرز کو خطے میں مقامی افراد سے کبھی کوئی شکایت نہیں رہی اور نہ ہی گلگت بلتستان میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے راستے پاک-چین تجارتی تعاون کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات بہت مضبوط ہیں واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے تقریباً 50 مردوں نے چین کے پڑوسی صوبے شنجیانگ میں مسلم چینی خواتین سے شادی کی اور چین کی پولیس نے گزشتہ سال خواتین کو حراست میں لینا شروع کردیا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین  ضلع ملیر کے زیر نگرانی فلاحی پروجیکٹ بیتِ زہرہ س  کی جانب سے مجلسِ ایصالِ ثواب کا انعقاد کیا گیا۔جس سے محترمہ ام البنین ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان نے خطاب کیااور شہزادیِ کونین حضرت بی بی فاطمہ سلام اللہ علیہ کے کردارو افکار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ سیدۃ النساء العالمین س بہترین بیٹی،بہترین شریکِ حیات اور بہترین ماں ہو نے کیساتھ ساتھ میدان عمل میں دیکھیں تو اول ترین مدافع ولایت ہیں۔یہ زمانہ فاطمی س ہے اور ہر زمانہ کے مدافعانِ دین و ولایت کے لئے شہزادیِ کونین کا اسوہ ہی بہترین راستہ ہے،بعد ختم مجلس ملک وملتِ جعفریہ کی سلامتی،بے گناہ اسیروں کی جلد از جلد رہائی اور شہداء ملت کے بلندی درجات کی اجتماعی دعا کرائی گئی۔

وحدت نیوز(گلگت) حکومت صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔کھیلوں کے فروغ کیلئے کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرینگے۔وحدت یوتھ کی جانب سے فرست وحدت فٹسال پریمیئر لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے،نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں سے ہمیں بڑا حوصلہ ملا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر گلگت حسین احمد رضا چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن جگلوٹ حافظ کریم داد نے وحدت فرسٹ فٹسال پریمیئر لیگ کے اختتامی میچ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم غلام عباس اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عارف قنبری نے مہمانان کا استقبال کیا اور انہیں علاقائی ٹوپی تحفے میں پیش کی۔پریمیئر لیگ کا فائنل درویش کلب برمس اور وحدت کلب گلگت کے مابین کھیلا گیا جس میں درویش کلب برمس نے فائنل میچ 2-0 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

اس موقع پر عمائدین اور علاقہ اور شائقین فٹبال کی کثیر تعداد میچ دیکھنے کیلئے موجود تھی۔تقسیم انعامات کے دوران معزز مہمانان نے اپنے خطاب میں یوتھ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کو قوم کا سرمایہ قرار دیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور اس ٹیلنٹ کو انشاء اللہ اوپر تک لیجائنگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کیلئے مختلف مقامات پر گراؤنڈ تعمیر کررہی ہے اور عنقریب نوجوانوں کو اپنی مثبت صلاحیتوں کو فروغ دینے کا موقع میسر آئیگا

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع حیدرآباد کے شعبہ تحفظ عزاداری کی جانب سے مجلس ایام فاطمیہ بسلسلہ شہادت خاتون جنت حضرت فاطمہ زہراسلام اللہ علیہا کا انعقاد کیاگیا، امام بارگاہ معصومین  میں منعقدہ مجلس عزاء میں مرثیہ خوانی کے فرائض خواہر شہر بانو (شھرو) اور ساتھی خواہران نے جبکہ خطابت ذاکرہ اہلیبیت محترمہ فضا ءعمران دستی  نے  بعنوان معرفتِ شہزادی کونین عبد اور عبادت فرمائی ،بعد ختم مجلس اجتماعی دعائے سلامتی امام زمانہ ع اور ملک و ملت کے لئے دعا کرائی گئی۔

وحدت نیوز(چنیوٹ) واڑہ سادات میں خیرالعمل ویلفیئر ٹرسٹ اور ہادی ویلفیئر فائونڈیشن کے اشتراک سے واٹر فلٹر پلانٹ کا اپنی مدد آپ کے تحت باقاعدہ افتتاح کردیاگیاہے، 15 دن قبل واٹر فلٹر پلانٹ  کا سنگ بنیاد رکھاگیا تھاجو کہ مکمل ہو گیا ، واٹر فلٹر پلانٹ کاافتتاح چیئرمین ضلع کونسل چنیوٹ چوہدری محمد ثقلین سجنکاایڈووکیٹ نے کیا، اس تقریب میں محمد ثقلین سجنکا، جنرل کونسلر سید مبارک علی شاہ ، ایم ڈبلیوایم ضلع چنیوٹ کے سیکریٹری جنرل سید انیس عباس زیدی اور  صدر تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ بھوانہ سید مخدوم حسین زیدی نے خطاب کیا، افتتاحی تقریب میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کو عوام کے لئے ایک نعمت قرار دیا اور خیرالعمل ویلفیئر ٹرسٹ اور ہادی ویلفیئر فائونڈیشن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) خیر العمل ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ شعبہ فلاح وبہبود مجلسِ وحدتِ مسلمین جیکب آباد اور المصطفیٰ اسکاؤٹس کے زیرِانتظام جیکب آباد میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیاگیا، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی ،میر فہد خان جکھرانی اور  نصر اللہ ڈومکی نے ایک روزہ کیمپ کا افتتاح کیا،اس موقعہ پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے افتتاحی دعا بھی کروائی،  المرتضیٰ کالونی جیکب آباد میں منعقدہ اس فری میڈیکل کیمپ میں سید شبیر علی شاہ کاظمی ،علامہ سیف علی ڈومکی، برادر حسن رضا غدیری، ڈومکی ویلفیئر کے انجینئر عید محمد ڈومکی، ڈاکٹر عبدالوھاب ڈومکی و دیگر شریک ہوئے ،دانتوں کے ماہر ڈاکٹر ایاز علی قریشی نے مریضوں کے دانتوں کا معائنہ کیا، ڈاکٹر حسن رضا کھوسہ اور ڈاکٹر شمن علی جمالی نے 280مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ خدمت انسانیت انبیاء و اولیاء کا شیوہ اور عظیم عبادت ہے،مجلس وحدت مسلمین بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام دوستوں کے شکر گذار ہیں۔

وحدت نیوز (گلگت) آئینی تحفظ کے بغیر گلگت بلتستان کیلئے کسی بھی قسم کا کوئی نیا پیکج قابل قبول نہیں۔قومی اسمبلی اور سینٹ میں مبصرکی حیثیت سے نمائندگی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مذاق ہے۔مجلس وحدت مسلمین کی رکن جی بی اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہا ہے کہ حکمران اپنی مرضی کی بجائے عوام کی رائے کا احترام کریں۔قومی اسمبلی اور سینٹ میں آبزرور کی حیثیت سے نمائندگی یہاں کے عوام کا مطالبہ نہیں۔علاقے کے عوام نے ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ دار بننا چاہتے ہیں جس کے کیلئے ایک عرصے سے اس علاقے کی آئینی حیثیت کا تعین چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حکمرانوں نے اپنی مرضی کے پیکیجز دیئے لیکن عوام ان اصلاحات سے مطمئن نہیں۔اب کی مرتبہ مسلم لیگ حکومت بھی اپنے پیش رو حکمرانوں کی طرح اصلاحات کے نام پر علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیںجسے یہاں کے عوام مسترد کردینگے۔خطے کے عوام پاکستان میں شامل ہونا چاہتے ہیں لیکن حکمرانوں کی بددیانتی کی وجہ سے آج تک یہ علاقے پاکستان میں شامل نہ ہوسکے ہیں آج بھی خطے کے عوام کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں پاکستان میں شامل کیا جائے لیکن حکمرانوں نے اس علاقے کے عوام کی پاکستان کے ساتھ لگائو اور محبت کو خاطر میں نہیں لایااور نت نئے پیکیجز اور اصلاحات کے ذریعے عوامی مطالبے کو ردی کی ٹوکری میں ڈال رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کے حق میں بہتر یہی ہے کہ وہ عوامی مطالبے کے مطابق اس خطے کی حیثیت کا تعین کریں اور اگر زبردستی خطے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو علاقے کے عوام ایسے کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کرینگے۔

وحدت نیوز(لاہور) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں 15 یوتھ و طلباء تنظیمات پر مشتمل نیشنل یوتھ الائنس باضابطہ تشکیل پا گیا ہے، نیشنل یوتھ الائنس کیلئے مظہر محمود علوی، مرکزی صدر اور رانا سلطان سیکرٹری جنرل جبکہ اویس جمیل کو اتفاق رائے کیساتھ سیکرٹری اطلاعات مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ 15 جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل یوتھ الائنس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ ملکی آبادی کے 60 فیصد نوجوانوں کو عضو معطل نہیں بننے دیں گے، جس ملک کی 60 فیصد آبادی 25 سال کے نوجوانوں پر مشتمل ہو اس کا مقروض ہونا، ناخواندہ ہونا، بیروزگار ہونا اور انتہا پسندوں کے مکروہ عزائم کا شکار ہونا لمحہ فکریہ اور ایک چیلنج ہے۔ تمام جماعتوں کی یوتھ ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی اپنی مرکزی قیادت کے تعاون اور سرپرستی سے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔

نیشنل یوتھ الائنس کا حصہ بننے والی جماعتوں میں  وحدت یوتھ پاکستان، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن، مسلم یوتھ آرگنائزیشن، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، جمہوری وطن پارٹی، جمہوری وطن سٹوڈنٹس، ایم کیو ایم یوتھ، جماعت اسلامی یوتھ، ایم ایس ایم و دیگر شامل ہیں۔ تمام جماعتوں کے یوتھ اور طلباء تنظیمات کے رہنماؤں  سید  سجاد نقوی ،منصور قاسم، رانا سلطان، موسیٰ کھوکھر، سہیل چیمہ، مبشر گجر، راشد ریاض، اویس جمیل، کامران سعید عثمانی، حسنین نواز، مہر صدام، فرید رزاقی، یونس نوشاہی نے متفقہ طور پر مرکزی باڈی تشکیل دی اور مظہر محمود علوی کو مرکزی صدر اور رانا سلطان کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ باڈی 6 ماہ تک کام کرے گی اور الائنس کے منشور و دیگر قواعد و ضوابط اور لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ اس حوالے سے 20 رکنی یوتھ کونسل کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔ نیشنل یوتھ الائنس پہلے مرحلے میں آگاہی مہم چلائے گا اور ملک کے ہر بڑے شہر میں سیمینار منعقد کیے جائینگے۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ یہ یوتھ الائنس غیر سیاسی ہے اس کا مقصد طلباء نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کرنا، مسائل کی نشاندہی کرنا اور انہیں حل کروانے کیلئے اقدامات کرنا شامل ہے۔ نیشنل یوتھ الائنس کے کنوینر علی رضا نت نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس فورم کو متحرک اور فعال بنانے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائینگی اور عہدیداران اور جملہ جماعتوں کے ذمہ داران کی طرف سے آنیوالی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائیگا اور الائنس کے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جائینگے۔ انہوں نے بتایا کہ الائنس کا اگلا اجلاس 17 فروری کو جمہوری وطن پارٹی کے لاہور آفس میں ہو گا جس میں تمام یوتھ جماعتیں شریک ہونگی۔


وحدت نیوز(جہلم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع جہلم کے زیر اہتمام  مقامی امامبارگاہ میں انقلاب اسلامی کی 39ویں سالگرہ کے پر مسرت موقع پر بانی انقلاب ، رہبر کبیر امام خمینی و شہدائے راہیان نظام ولایت و امامت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئےمحفل دعائےتوسل اور پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مقامی بچیوں کے درمیان کوئز مقابلہ رکھا گیا تھا، اسکے علاوہ محترمہ مہک نے اپنی تقریر میں انقلاب کی ضرورت اور ثمرات ہر روشنی ڈالی ،انہوں نے کہاکہ انقلاب اسلامی جیسی عظیم کامیابی ولایت فقیہ کی مرہون منت ہے ، امام خمینی ایک فقیہ و مبارز اور مجاہد تھے جنھوں نے سب سے پہلے اپنے وجود پر اسلام نافذ کیا اور پھر اُس منزل پر پہنچے کہ خدا نے انھیں نہ فقط ایرانی قوم بلکہ تمام مسلم دنیا کے لئےنجات دہندہ بنادیا،خواتین  نے انقلابی ترانوں سے محفل کو رونق بخشی اور اسکے علاوہ کچھ مختصر کلپس پروجیکٹر کے ذریعے ناظرین و سامعین کو دکھائے گئے،آخر میں کوئز مقابلے کے نتائج  کا اعلان کیا گیااور بچیوں میں انعامات تقسیم کیےگئے، اس پُر رونق محفل کا اختتام دعائے امام زمانہ عج کے ساتھ کیا گیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز بہشتی نے کہا ہے کہ ہم عظیم اسلامی ثقافتی ورثے کے امین ہیں اوراسلام میں شرعی ضابطہ کے علاوہ لڑکے، لڑکی کی دوستی کا کوئی تصور نہیں، قرآنی احکام کی رو سے عورت کے چلنے میں بھی حددرجہ شریفانہ انداز اپنانے کا حکم ہے،  جبکہ میاں بیوی بھی سرِعام اظہار محبت نہیں کر سکتے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ویلنٹائن ڈے جیسی غیر شریفانہ مغربی ثقافتی رسومات کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں عورتوں کیخلاف جرائم میں اضافہ ہوا ہے اسلام کی رو سے اپنے پیاروں سے اظہار محبت ایک دن نہیں بلکہ پورا سال ہونا چاہیے۔قرآن میں واضح حکم ہے کہ عورت نامحرم سے بات کرتے وقت ایسا لہجہ اختیار کرے جس میں جذبات کی عکاسی نہ ہو اسلام عظیم ثقافت سے مالا مال دین ہے جو زندگی کے ہر قدم پر رہنمائی کرتا ہے۔ علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ نوجوان میڈیا کی مدد سے الٰہی احکامات، ملکی قوانین، اسلامی تہذیب اور مشرقی روایات کے تناظر میں ویلنٹائن ڈے کے نام پر بے حیائی کی حوصلہ شکنی کریں۔

Page 89 of 122

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree