ہمارا تہذیبی ارتقاء۔۔۔ ہماری توجہ کا طالب ہے

09 مارچ 2016

وحدت نیوز (آرٹیکل) مٹھاس ،انسان کو پسند ہے،انسان چاہتا ہے کہ اس کی زندگی کے تمام شعبوں میں شیرینی اور مٹھاس ہی ہو۔دینِ اسلام بھی یہی چاہتا ہے کہ انسانی معاشرے سے منکرات کو ختم کر کےحیاتِ انسانی کو  حسنات کی  شیرینی سے معمور کیا جائے۔انسانی دنیا میں اتنی بڑی تبدیلی ایک دم ممکن نہیں۔پھل  کبھی بھی ایک دن میں پک کر میٹھا نہیں ہوتا۔

ایک بیج کو زمین کے اندر مدتوں کیمیائی اور حیاتیاتی عمل سے گزرنا پڑتاہے جس کے بعد وہ ایک پودے کی صورت میں زمین کے اوپر تند و تیز ہواوں اور سورج کی گرم شعاوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنتاہے۔اس کے باوجود ایک پودے کو کھینچ کر زبردستی درخت نہیں بنایاجاسکتا۔

درخت بننے کے لئے بھی ایک پودے کو  مسلسل مٹی ،پانی،گیس اور ہوا کے ساتھ ساتھ موسمی تغیرات کی ضرورت پڑتی ہے۔ان مراحل سے گزرے بغیر پودا درخت نہیں بن سکتا۔درخت بننے کے بعد بھی پودے کو مسلسل موسمی تربیّت کے مراحل طے کرنے پڑتے ہیں تب جاکر اس پر شگوفے کھلتے ہیں اور پھل اگتے ہیں۔
کسی غنچے کو طاقت کے ساتھ مروڑ کر پھول نہیں بنایاجاسکتا اور کسی پھول کومسل کر یادبا کر قوت و طاقت سے  پھل بھی نہیں بنایا جاسکتا۔جب پھل لگ جاتاہے تو پھر ایک دن میں پک کر میٹھا نہیں ہوجاتا۔پھل بھی سورج کی کرنوں اور چاندنی کی آغوش میں مقررہ عمل طے کرنے کے بعدہی میٹھا اور شیرین ہوتاہے۔
انسانی و اسلامی تہذیب  کا شجر بھی اسی طرح ہے۔انسانی تہذیب کو بھی آگے بڑھنے اور ارتقاء کرنے کے لئے مختلف ادوار سے گزرنا پڑتاہے۔بہترین تہذیب سے بہترین ثقافت جنم لیتی ہے اور بہترین ثقافت سے بہترین تمدن وجود میں آتا ہے اور بہترین تمدن اپنی گود میں بہترین اقوام کو پروان چڑھاتاہے۔

ایک محقق کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی تحقیقات کے دوران انسانی تہذیب کے ارتقائی مراحل کی رعایت کرے۔اسے تہذیب ،ثقافت اور تمدن کے فرق کو مدّنظر رکھتے ہوئے،اسے تہذیب و ثقافت اور تمدن کی ارتقائی سطح کو بھی ماپنا چاہیے۔مخاطبین کی ذہنی سطح کی پیمائش کے بعد ہی ان کی اصلاح ِ احوال کے لئے نسخہ تجویز کرنا چاہیے۔یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ ہر تحقیق ہر میدان میں کام نہیں آسکتی،ہر بات ہر شخص پر یکساں اثرات مرتّب نہیں کرتی اور ہر مریض کے لئے ایک ہی نسخہ کارگر ثابت نہیں ہوتا۔

انسانی تہذیبوں کے درمیان اسلامی تہذیب کو یہ انفرادیت حاصل ہے کہ دیگر اقوام جس قدر اپنی تہذیب سے دور ہوتی گئیں انہوں نے ترقی کی اور مسلمان جس قدر اپنی تہذیب سے دور ہوتے گئے انہوں نے تنزّل کیا۔تہذیب کوئی ایسی شئے نہیں ہے جو خود بخود ایک نسل سے دوسری نسل میں تبدیل ہوجاتی ہے۔بلکہ تہذیب کے ایک نسل سے دوسری نسل میں  منتقل ہونے کے لئے ضروری ہے کہ موجودہ نسل اپنی آئندہ نسل کے حالات کے مطابق اپنی تہذیبی روایات کی تعبیرِ نو اور تعمیرِ نو کرے  تاکہ آئندہ نسل اپنی موروثی تہذیب کے سائے میں افکارِ نو کو پروان چڑھا سکے۔

صدرِ اسلام میں صفہ کی درسگاہ اور مسجد النبی[ص]  کے زیرِ سایہ جو تہذیب پروان چڑھی وہ خالصتا ایک علمی  و فکری تہذیب تھی۔اسی علمی و فکری تہذیب نے ایک علمی و متمدن قوم کو جنم دیا جس کی آغوش میں سعدی،  فارابی،رومی،سینا،جابر بن حیان اور طوسی جیسی گرانقدر شخصیات نے جنم لیا۔
مختلف حالات و واقعات کے پیشِ نظر جیسے جیسے مسلمان اپنی نسلِ نو کو اپنی علمی تہذیب سے دور کرتے گئے وہ غیروں کے محتاج ہوتے چلے گئے۔حتّی کہ اب نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ اب اسلامی ممالک میں تہذیب بھی غیر مسلم مالک سے درآمد کی جارہی ہے۔

موجودہ صدی کے سماجی ،صنعتی اور سیاسی انقلابات بتا رہے ہیں کہ یہ صدی مسلمانوں میں بیداری اور ان کی اپنی تہذیب کی طرف بازگشت یعنی پلٹنے کی صدی ہے۔آج کے مسلمان کو اپنی عظمتِ رفتہ کے کھوجانے کا احساس ہوچکاہے اور اپنی اصلی تہذیب کی طرف پلٹنے کے لئے ہاتھ پاوں ماررہاہے۔ایسے میں اسلامی دنیا کی بنیادوں میں ایک ایسا مافیا بھی دیمک کی طرح  اپنا کام دکھارہاہے جو عالمِ اسلام کو اس کی علمی و فکری میراث کی طرف پلٹانے کے بجائے فقط نماز روزے اور طہارت کے احکام تک محدود رکھنا چاہتاہے۔

پاکستان کے ایک مایہ ناز محقق مختار مسعود کے مطابق انہیں زندگی میں دو  طرح کے استاد ملے۔ایک نے انہیں بچپن میں کہا کہ خبردار قلم کو ہاتھ نہیں لگانا ،یہ صرف تمہاری پڑھنے کی عمر ہے جب تعلیم مکمل کر لو پھر لکھنا شروع کرنا جبکہ دوسرے استاد نے کہا کہ ابھی سے لکھنا شروع کرو تب جاکر برسوں بعد کچھ لکھ پاو گے۔

ان کے بقول اگر میں پہلے والے استاد کی بات پر چلتاتو آج تک کچھ بھی نہ کرپاتا ۔یہ دوسرے استاد کی بات پر عمل کرنے کا نتیجہ ہے کہ میں نے اب تک بہت کچھ کرلیاہے۔
اسی طرح ہمارے ارد گرد بہت سارے ایسے لوگ ہیں جو طالبعلموں کو تعلیم کے راستے سے ہٹانے کے لئے اس طرح کے نظریات کی ترویج کرتے ہیں کہ  پڑھائی لکھائی کا کیا فائدہ ہے،تعلیم چھوڑو اورچلو قوم کی خدمت کرو۔یہ تعلیم کے بغیرقوم کی خدمت کا نعرہ اس ہمدردی اور خضوع و خشوع کے ساتھ لگاتے ہیں کہ اچھے خاصے طالب علم کا دل بھی پڑھائی سے اچاٹ ہوجاتاہے۔

تعلیم و خدمت کو ایک ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔نہ ہی تو خدمت کے بغیر تعلیم کسی کام کی ہے اور نہ ہی ایسی خدمت امت مسلمہ کے حق میں ہے جو تعلیم کے بغیر ہو۔ تعلیم  وتربیت اور تحقیق ِ نوو تولید علمی کے بغیر خدمت ایسے ہی ہے جیسے نور کے بغیر چراغ ۔
“علم دشمن مافیا” دن بدن دانستہ یا نادانستہ طور پر مسلمانوں کی نسلِ نو کے دماغوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہاہے۔ آج کون نہیں جانتا کہ ہمیں اسلامی  بیداری کی موجودہ صدی میں اپنی ملت کو حقیقی اسلامی تہذیب سے مرتبط کرنے کے لئے علمی و فکری شخصیات کی اشد ضرورت ہے۔
ہمیں ایسی علمی و فکری شخصیات کی ضرورت ہے جو  ہمیں مشرق و مغر ب کی علمی و اقتصادی،فکری و نظریاتی،سائنسی و  معاشرتی غلامی سے نجات دلاکر حقیقی اسلامی تہذیب  کے ساتھ متصل کریں۔

یہ سب کچھ ایک دم نہیں ہوسکتا اس کے لئے ہمیں مسلسل تگ و دو اور جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے اور اس کا پہلا قدم یہ ہے کہ ہم  اپنے  اسکولز،مدارس،کالجزاور یونیورسٹیز کے طالبعلموں کو ” علم دشمن مافیا” سے محفوظ کر یں،انہیں تعلیم ترک کرنے کے بجائے تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دیں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ خدمت کرنے کا ہنر بھی سکھائیں،اسی طرح ان کے ہاتھوں میں کلاشنکوف یا چندے کے باکس تھمانے کے بجائے،ان کی اخلاقی و علمی  تربیت  کریں اور ان کی تحقیقی   و مدیریتی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے منصوبہ بندی کریں۔

ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ پھل ایک دن میں پک کر میٹھا نہیں ہوجاتا، پھل بھی سورج کی کرنوں اور چاندنی کی آغوش میں مقررہ عمل طے کرنے کے بعدہی میٹھا اور شیرین ہوتاہے۔ انسانی و اسلامی  تہذیب  کا شجر بھی اسی طرح ہے۔اس شجر کے ثمر آور ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی ملت کے  نونہالوں کو علم دشمن  مافیا سے بچائیں چونکہ تعلیم  وتربیت اور تحقیق ِ نوو تولید علمی کے بغیر اسلام  اور مسلمانوں کی خدمت کا نعرہ لگانا ایسے ہی ہے جیسے نور کے بغیر چراغ  لے کر کسی کی  رہنمائی کے لئے نکل پڑنا۔


تحریر۔۔۔۔۔۔نذر حافی



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree