وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے زیر اہتمام حالات حاضرہ اور ناصرشیرازی کے اغواء کے تناظر میں مدرسہ حجتیہ میں ایک فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے خصوصی خطاب کیا جبکہ مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ شفقت حسین شیرازی نے بھی خطاب کیا اور راجہ یاسر عباس نے نذرانہ عقیدت پیش کیا، نشست میں حوزہ علمیہ قم کے پاکستانی طلاب واساتیذ کی بڑی تعداد شریک تھی، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں داعش کی شکست مقاومتی بلاک کی عظیم فتح ہے، اس کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا پرپڑیں گے، عالمی استعماری قوتیں شام وعراق میں شکست کے بعد افغانستان میں داعش کو منظم کررہی ہیں، انہوں نے ناصرشیرازی کے ایک ماہ کے قریب گذرجانے والے اغواء پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی احکامات پر ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، ہمیں ایوانوں کے گھیراو پر مجبور کیا جارہا ہے۔