پاکستان کو بچانے کیلئے سرائیکی صوبے کا قیام ضروری ہے، الیکشن میں نواز لیگ کا راستہ روکیں گے، علامہ ناصرعباس

25 مارچ 2018

وحدت نیوز (بھکر)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان میں قانون بھی موجود ہے اور ادارے بھی موجود ہیں لیکن اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، مرکزی حکومت شریف فیملی کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے، مزدور کا استحصال ہوتا ہے تو ہو جائے، کسان مرتا ہے تو مر جائے، ہاری کی عزت برباد ہوتی ہے تو ہو جائے، لیکن شریف فیملی کو بچنا چاہیے۔ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ ملک کے تاجر سیاستدان بن گئے ہیں، اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے ملک اور قوم کا استحصال کر رہے ہیں، ملک پر سیاسی فرعونوں، معاشی قارونوں اور مذہبی ملاں جو دنیا پرست اور بدکردار ہیں، قابض ہیں اور یہ معاشرے کا استحصال کرتے ہیں، اس وقت قانون پائوں تلے روندا جا رہا ہے، ہسپتالوں کی صورت حال ناگفتہ بہ ہے، سیاستدان اپنے اقتدار کے لئے عوام کو لڑاتے ہیں، شیعہ سنی تفرقہ پیدا کرکے اپنی حکومت کو مستحکم کرتے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کے سدباب کی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دورہ جنوبی پنجاب کے موقع پر بھکر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ سرائیکی خطے کی محرومیاں ناقابل بیان ہیں، ہم سرائیکی صوبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس الیکشن میں ہم سرائیکی صوبے کے حوالے سے خصوصی مہم شروع کریں گے۔ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کسان اس وقت بے حال اور اپنی فصلیں جلانے پر مجبور ہیں، شوگر ملوں کے مالکان تو طاقتور اور امیر ترین ہوتے جا رہے ہیں، لیکن گنے کی کاشت کرنے والا کسان خودکشی اور ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے، یہ قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ہے، ادارے اپنا کام نہیں کر رہے ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھکر میں 71 اہل تشیع اور 41 اہلسنت افراد کو شیڈول فورتھ میں ڈالا گیا ہے، جس میں اینٹ کے بھٹے پر کام کرنے والا مزدور، کسان اور غریب شامل ہیں، قانون شکن اور لٹیروں کو فورتھ شیڈول میں نہیں ڈالا جاتا، اگر قانون استعمال کرنے والے اچھے انسان نہ ہوں تو قانون کی دھجیاں اُڑائی جاتی ہیں، کاش ان غریبوں کی بجائے شوگر ملوں کے اُن مالکان کو ڈالا جاتا جو عوام کے پیسے کھاتے ہیں، کاش عوام کے ووٹ لے کر تفرقہ بازی پیدا کرنے والے سیاستدان کو شیڈول فورتھ میں ڈالا جاتا، شیڈول فورتھ میں دہشتگردوں کو ڈالا جائے اور محب وطن افراد کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا بند کئے جائیں، مجلس وحدت مسلمین اتحاد اور وحدت کی علامت ہے، ہم اس اتحاد کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں، یہ ملک کسی مسلک کا نہیں بلکہ تمام مذاہب اور مسالک کے پیروکاروں کا ہے، ہمیں آج قائداعظم اور علامہ اقبال کے بیانیے کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں تعصب، تقسیم اور نفرتوں کی دیواروں کو گرانا ہوگا، ملک میں میرٹ کی حکمرانی ہونی چاہیے، جنرل ضیاء الحق کی پالیسی ملک کو بربادی کی جانب لے گئی ہے، ورنہ پاکستان آج ترقی کی منازل طے کر رہا ہوتا، آج نہ مسجد محفوظ ہے، نہ چرچ محفوظ ہے، نہ امام بارگاہ محفوظ ہے، نہ عبادت خانے محفوظ ہیں، اسلام آباد ہمارا دارالحکومت ہے لیکن وہاں کتنی چیک پوسٹیں ہیں؟ یہ تو ہمارے پایہ تخت کی صورتحال ہے، باقی حصوں کی کیا صورتحال ہوگی، ہم ضیاء الحق کی پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم جمہوری جدوجہد پر ایمان رکھتی ہے، اس ملک کو جمہوریت کی ضرورت ہے، اداروں کا احترام ضروری ہے، نواز شریف کی جانب سے اداروں پر حملے ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے، اس سے اداروں کا احترام ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، نواز شریف تین مرتبہ وزیراعظم رہے، کھربوں پتی ہیں، اُنہیں اپنے اقدامات پر نظرثانی کی ضرورت ہے، پنجاب میں سیاسی مخالفین کے خلاف جو اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان سے ہمارے اداروں کی عزت میں کمی آئے گی، ایم ڈبلیو ایم انتخابات کے ذریعے ملک میں تبدیلی کی خواہاں ہے، آنے والے الیکشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، محب وطن افراد کو پارلیمنٹ میں بھیجنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے، آئندہ الیکشن میں اتحاد کے حوالے سے سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہمارے مختلف جماعتوں کے ساتھ رابطے جاری ہیں، الیکشن میں نواز شریف اور اُن کی جماعت کا راستہ روکیں گے، ان کے مقابلے میں کھڑے ہوں گے، ان کی شکست میں مرکزی کردار ادا کریں گے، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تربیت ڈاکٹر یونس حیدری، جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی، مولانا ہادی حسین ہادی، مزمل حسین، سفیر حسین شہانی اور دیگر بھی موجود تھے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree