وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام کی معاونت سے پاسپورٹ کی شرط لگا کر ہزاروں مستحقین کو نظر انداز کیا گیا ہے .کیونکہ سالانہ غریب اور نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والے لاکھوں زائرین زمینی راستے سے مشہد مقدس اور کربلا معلی جاتے ہیں. فرزند رسول ص کی زیارت کے عشق میں امن و امان کی ابتر صورت حال اور مالی مشکلات کے باوجود لاکھوں زائرین زیارتی سفر اختیار کرتے ہیں. انہوں نے وزیر اعظم وفاقی حکومت اور احساس کفالت پروگرام کے منتظمین سے مطالبہ کیا کہ وہ مستحق پاسپورٹ رکھنے والے افراد کی مدد کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے سندہ حکومت کی جانب سے راشن کی غیر منصفانہ تقسیم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندہ حکومت مستحقین تک راشن کی فراہمی کو یقینی بنائے اور اسے اقرباء پروری اور با اثر افراد کی خورد برد سے بچائے۔انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں غربت افلاس اور لاک ڈاؤن کے باعث مجبور لوگوں کی خود کشی کے متعدد واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غریب مستحق لوگوں کی بروقت امداد کو یقینی بنائیں. انہوں نےکہا کہ مزدور اور بے سہارا انسانوں کی خودکشی ارباب اقتدار کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔