سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس،سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری کا تفتان میں زائرین کی مشکلات کے ازالہ کا مطالبہ

24 جولائی 2024

وحدت نیوز(اسلام آباد) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں تفتان بارڈر پر زائرین کو درپیش مسائل کا  تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری  نے کہا کہ تفتان میں زائرین کو کئی کئی دن انتظار کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور کھانے پینے کی اشیا انتہائی مہنگی اور ناقص معیار کی ہیں۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ کچھ معاملات صوبائی حکومتوں کے پاس بھی ہیں، ان کو ساتھ ملانے سے نمایاں بہتری آئے گی، جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطاالرحمان نے کہا کہ اس معاملے کو صوبائی حکومت اور چیف سیکریٹری کے ساتھ اٹھایا جائے اور کمیٹی کے چند اراکین بھی ان کے ساتھ ملاقات کر کے ایک رپورٹ مرتب کریں۔

سیکریٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے کمیٹی کو بتایا کہ ایران اور عراق زائرین کے لیے حج ڈائریکٹوریٹ کی طرز پر ڈائریکٹوریٹ بنا رہے ہیں، پاکستان ہاؤس والا منصوبہ پی ایس ڈی پی سے نکال دیا گیا تھا۔

اس کے لیے زمین بلوچستان حکومت نے دینی تھی کیونکہ کوئٹہ میں 5 ہزار زائرین کو ٹھہرانے کا بندوبست کرنا مشکل ہے۔

قائمہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس مسئلے کو ون ایجنڈا رکھ کر تمام متعلقہ اداروں اور چیف سیکریٹریز کے ساتھ مل کر جائزہ لیا جائے گا اور رپورٹ مرتب کی جائے گی اور چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ان امور کے متعلقہ ایک جامع پالیسی بنائی جائے تاکہ معاملات میں بہتری ہو۔

قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ انڈیا جانے والے زائرین اور انڈیا سے پاکستان آنے والے زائرین کے لیے کل نشستیں 200 سے500 ہیں جو 1974 کے بعد نہیں بڑھائی گئیں۔

مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ زائرین کے لیے جو بھی نئی پالیسی بنے اس میں خواتین اور بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کی سہولیات کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ غیر قانونی طورپر دیگر ممالک جانے والے لوگوں کے معاملات کو کنڑول کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree