وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کراچی میں دھرنا مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی طرح پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) بھی پاراچنار کے مظالم میں شریک ہیں۔ وفاق بھی پاراچنار کے معاملے میں خاموش ہے۔ یہ بات انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کی جانب سے پاراچنار کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ڈی سی چوک پر جاری دھرنے کے چھٹے دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ میڈیا سے گفتگو اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مظلوم پاراچنار کے حق میں پورا پاکستان دھرنے دے کر بیٹھا ہوا ہے۔ یہ دھرنا صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں بشمول پشاور اور پاراچنار میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں پرامن احتجاج پر شیلنگ اور لاٹھی چارج قابل مذمت ہے۔ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی طرح پیپلز پارٹی اور نون لیگ سانحہ پاراچنار کی بنیادی ذمہ دار ہیں۔ کیونکہ وفاقی حکومت کے وسیع تر اختیارات میں نون لیگ کا وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کا صدر مملکت بیٹھا ہوا ہے۔ مگر اس کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومت سانحہ پاراچنار کے مظلومین کے قتل عام کو روکنے اور ضلع کرم کے سات لاکھ لوگوں کا محاصرہ ختم کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ پنجاب حکومت کی ترجمان کی جانب سے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی شان میں ہرزہ سرائی قابل مذمت عمل ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پاکستان کے کروڑوں عوام کے ترجمان اور مظلوموں کے حامی ہیں۔
اس سے قبل احتجاجی دھرنے سے مجلس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم نذیر حسین جعفری، علی محمد عوامی پارٹی کے چیئرمین و کونسلر دل مراد لاشاری، پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے ضلعی صدر نور محمد منجھو، عام انسان تحریک کے ڈویژنل رہنماء سید علی شاہ، عابد سندھی، صرافہ یونین کے وائس چیئرمین حاجی غلام رسول سونارو، عزاداری کونسل ضلع جیکب آباد کے جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی نے اپنے وفود کے ساتھ شریک کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے پاراچنار کے عوام کے قتل عام اور روڈوں اور راستوں کی بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مظلومین پاراچنار کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔