وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے بارہ کہو میں واقع مسجد علی ابن ابیطالب (ع) میں خوکش حملہ کی ناکام کوشش کے بعد مسجد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ واقعہ کی مکمل ذمہ داری تھانہ بارہ کہو پر عائد ہوتی ہے جس کا ایک اہلکار بھی سکیورٹی پر موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کتنی عجیب بات ہے کہ 150 گز کے فاصلہ پر تھانہ ہے لیکن اس کا کوئی اہلکار یہاں موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اصل عید تھانہ بارہ کہو کے ایس ایچ او اور اہلکاروں نے گھروں میں بیٹھ کر منائی ہے جبکہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ مسجد کے پیش نماز اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید حسنین گردیزی نے کہا کہ آج کا واقعہ اسلام آباد پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہائی سکیورٹی کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔