بقول چوہدری نثار 10%دہشت گرد مدارس کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا جائے، علامہ ناصرعباس جعفری

28 دسمبر 2014

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مربوط فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن کی ضرورت ہے، حکومت سمیت بعض سیاسی جماعتیں نان ایشوزکو اُٹھاکرقوم کی یکسوئی کہ سبوتاژ کررہی ہیں ، مذہبی جماعتیں اپنے اندر موجود تکفیری عناصر سے چھٹکارا حاصل کریں ۔ سانحہ پشاور دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا طویل ڈرامہ رچانے کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں صوبے بھر کے عہدیداران کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ اور بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ تربیت کے مرکزی سیکریٹری علامہ احمد اقبال رضوی،مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصرشیرازی، علامہ اقتدار نقوی، علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ غلام مصطفی انصاری، علامہ اصغر عسکری، علامہ عسکری الہدایت، علامہ قاضی نادر حسین علوی، اسد عباس نقوی، محمد عباس صدیقی، سید دلاور عباس زیدی، زاہد حسین مہدوی سمیت دیگر رہنما بھی موجودتھے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ پشاور سفاکیت ، بربریت اور ظلم کی انتہا ہے، جس معاشرے میں پانچ سالہ بچے کو بیدردی سے گولیاں ماری جائیں، مستقبل کے معماروں کو ذبح کیا جائے اور معلمہ کو پٹرول چھڑ ک کر آگ لگائی جائے یہ اُس ریاست کے حکمرانوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔

 

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ان غیر معمولی حالات میں حکمرانوں اور عسکری قیادت کو غیرمعمولی فیصلے کرنا ہوں گے۔ ہمیں پاکستان کی عدالتوں سے انصاف کی توقع نہیں لہذافوجی عدالتوں کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ فوجی عدالتیں دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گی۔ اُنہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب بھی دہشت گردی کا گڑھ بن چکا ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردانہ کاروائیاں بھی یہیں سے ہوتی ہیں ، ہمیں شہباز حکومت سے کسی طور پر خیر کی توقع نہیں ہے کیونکہ پنجاب حکومت کے دہشت گردوں کے ساتھ سیاسی روابط تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجودتمام مدارس ہر گز دہشت گردی میں ملوث نہیں ، قلیل تعداد میں موجود ایسے مدارس جو دہشت گردی اورفرقہ واریت کو سپورٹ کرتے ہیں ان کے خلاف بھرپور کاروائی ہونی چاہیے اور اُمت کو نقصان پہنچانے والی مساجد کا بھی سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے میڈیا، عوام، دانشوروں اور اہل علم ودانش سے بھی گزارش کی کہ وہ دہشت گردی ، تکفیریت اور فرقہ پرستی کے خلاف اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree