طالبانا ئزیشن کے مقابلے کے لئے محب وطن کونسل کی تشکیل ،ایک درجن سے زائد جماعتیں شمولیت کے لئے آمادہ ہیں،ایم ڈبلیو ایم /سنی اتحاد کونسل

02 فروری 2014

وحدت نیوز(کوئٹہ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے طالبان سے مذاکرات کے نام پر دہشت گرد قوتوں کو مضبوط کرنے کا جو پروگرم بنایا ہے ہم اُس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، شہداء کے ورثاء یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ پچپن ہزار شہداء کے خانوادوں سے پوچھے بغیر مذاکرات کیسے کیے جا سکتے ہیں، پچپن ہزار بے گناہوں کے قاتلوں ، پاک فوج پر حملہ کرنے والوں، اولیا کرام کے مزارات کو بم دھماکوں سے اُڑانے والوں اور آئین پاکستان کو نہ ماننے والوں سے مذاکرات وطن کی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کااظہار اُنہوں نے کوئٹہ میں پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ وزیرالقادری،مفتی محمد سعید، علامہ ابوذر مہدوی،صاحبزادہ حسن رضا ، سید فرحت حسین شاہ، میرآصف اکبر اور شیخ نوید صابرسمیت دیگر رہنما بھی موجودتھے۔

 

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہناتھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ حکومت نے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے یہ کمیٹی تو بنادی مگر شہداء کے ورثاء کے آنسو پوچھنے کے لیے آج تک کوئی کمیٹی تشکیل نہیں دی، ہم نے اسلام آباد کے قومی امن کنونشن میں اعلان کیا تھا کہ ہم پورے ملک میں شہداء کی یاد کو زندہ کرتے ہوئے وطن دوستی کا پیغام عام کریں گے، کل بروز اتوار کوئٹہ کی سرزمین پر منعقد ہونے والی پیام شہداء کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ طالبان کو پاکستان کااثاثہ ہیں تو قراردینے والے کس منہ سے پاکستان کی نمائندگی کریں گے، اگر اتنے قتل کرنے کے بعد بھی طالبان پاکستان کا اثاثہ ہیں تو پاکستان جیلوں میں قیدپاکستان کا اتنا بڑا اثاثہ اپنے حقو ق سے محروم کیوں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سمیع الحق، منورحسن او ر فضل الرحمان کو پاکستان کی نہیں طالبان کی فکر ہے وہ فوج کے جوانوں کو مروانا اور طالبان کو بچانا چاہتے ہیں، پاکستان کی اکثریت کاماننا ہے کہ طالبان فساد فی الارض کے مرتکب ہیں اس لیے وہ کسی معافی کے مستحق نہیں ہیں، اگر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو شہداء کے ورثاء خود بدلہ لینے کا سوچ سکتے ہیں۔

 

ناصر شیرازی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاد کے نام پر امریکہ سے ڈالر لینے والے آج کس منہ سے اسلام کی بات کرتے ہیں، پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کرنے والے بے رحم اور سفاک دہشت گردوں کی ناز برداریوں سے مزید بغاوتوں کو دروازہ کھلے گا ، طالبان کے ساتھ محبت ملک اور قوم سے نفرت کے مترادف ہے، فوجیوں کے گلے کاٹنے والے طالبان کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے ملک اور عوام کے دشمن ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے قابل مذمت ہیں، سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے امریکی، اسرائیلی اور بھارتی ایجنٹ ہیں، پاکستان بچانے کے لیے امریکہ اور طالبان دونوں سے نجات ضروری ہے۔ اُنہون نے مزید کہا کہ ہمارا جینا مرنا اپنے وطن کے لیے ہے اور اس راہ مین ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین دہشت گردی کے متاثرین اور مخالفین کو متحد کرے گی اور دنیا دیکھے گی کہ کس طرح بانیان پاکستان کی اولادیں اپنے وطن اور دین کی سالمیت کے لیے ملک اور اسلام دشمن قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہوں گی اور وہ دن ضرور آئے گا کہ جب ہمارا ملک امریکہ اور طالبان کی دہشت گردی سے نجات حاصل کرے گا اور امن کا گہوارہ ہوگا۔

 

رہنماؤں نے مزید کہا کہ کل 2 فروری کو کوئٹہ میں عظیم الشان امن کانفرنس بیاد شھدائے پاکستان میں عوامی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین ، سنی اتحاد کونسل پاکستان ،منہاج القرآن پاکستان،اقلیتی نمائندے اور کئی دیگر پارٹیاں بھی شریک ہو رہی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل نے محب وطن کونسل کا اجلاس فروری کے پہلے ہفتہ میں طلب کر لیا ہے جس کے نتیجہ میں ملک بھر میں طالبانائزیشن کے مقابلے میں عوامی تحریک کا آغا ز متوقع ہے، ایک درجن سے زائد جماعتیں محب کونسل میں شامل ہونے کے لیے رسمی طور پر آمادگی کا اظہار کرچکی ہیں، محب وطن قوتیں مل کر دہشت گردوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور آئندہ چند دنوں میں اس کا عملی اظہا ر ملک کے طول عر ض میں نظر آئے گا۔آخر میں رہنمائوں نےکہا کہ آپ صحافی دوستوں سے گزارش ہے کہ حقیقی عوامی مؤقف کو پھیلانے میں ہمارا ساتھ دیں اور طالبان کی دھمکیوں کی پرواہ نہ کریں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree