وحدت نیوز (ملتان ) عالمی یوم القدس کے موقع پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح جنوبی پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام مشترکہ یوم القدس ریلیاں نکالی گئی۔ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی ریلی ملتان میں نکالی گئی۔ ریلی بعد از نماز جمعتہ الوداع امام بارگاہ شاہ گردیز سے شروع ہوئی جو کہ مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا عمران ظفر، سید دلاور عباس زیدی، سید عاصم رضا شاہ، مظفر حسن، فخرنسیم، سید نسیم عباس شمسی اور ڈویڑنل صدر آئی ایس او ملتان تہور حیدری نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز، پوسٹرز، پینافلکس اور پرچم اْٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی جارحیت اور امریکی پشت پناہی کے خلاف اور فلسطینی مظلوموں کے حمایت کے نعرے درج تھے۔ ریلی شدید بارش کے باوجود اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی۔
ملتان کے علاوہ مظفرگڑھ میں پریس کلب سے قنوان چوک تک یوم القدس ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مظفرگڑھ علامہ زکریا عباس ترابی نے کی۔ خانیوال میں نماز جمعہ کے بعد القدس ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی سیکرٹری جنرل انصر عباس سرگانہ کی۔ عبدالحکیم میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے نکالی جانیوالی ریلی کی قیادت مختار حسین نے کی۔ کبیروالا میں عدیل عباس زیدی اور دیگر نے کی۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازیخان، لیہ، بھکر، راجن پور، علی پور، کوٹ ادو، جام پور، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ساہیوال، شورکوٹ، قائم بھروانہ، جھنگ سمیت تقریبا جنوبی پنجاب کے 40سے زائد مقامات پر چھوٹی بڑی ریلیاں نکالی گئی