وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بےگناہ شیعہ و سنی مسلمانوں کی ارواح سے تجدید عہد کیلئے جمعہ کو ’’یوم ایفائے شہدا‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا۔ ایک بین الاقوامی ویب سائٹ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پورے ملک میں شہدا کی یاد میں مجالس اور شمعیں روشن کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام ہو گا جس میں ضلع بھر کے تمام کارکنان شریک ہونگے۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کابینہ ، سیکرٹری جنرل لاہور علامہ امتیاز کاظمی سمیت ماتمی انجمنیں اور وحدت یوتھ کے کارکنان خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہماری ملت کا سرمایہ ہیں اور ہماری منزل کربلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں موت سے ڈرا کر منزل سے بھٹکانا چاہتا ہے لیکن اسے اس بات کی خبر ہی نہیں کہ موت ہمارے لئے شہد سے زیادہ شریں ہے۔