وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر افتخار نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں صوبہ بھرمیں محرم الحرام و صفرالمظفر میں عزاداری اور عزادروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ان مسائل کو حکومتی سطح پر حل کرنے کے لیے پنجاب عزاداری کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا جس کی صدارت کیلئے صوبائی کابینہ کے ممبر رانا ماجد کو منتخب کیا گیا۔عزاداری کونسل میں پنجاب کےہر ضلع سے دونمائندوں کو شریک کیا گیاجبکہ صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب میں عزاداری شکایتی سیل بھی قائم گیا ۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ تمام اضلاع کے نمائندے بانیان مجالس اور عزاداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور کسی بھی بد انتظامی کی صورت میں رپورٹ شکایتی سیل میں جمع کروائیں گے۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اراکین سید حسن رضا کاظمی، سید اقبال حسین شاہ، مولانا گلزار فیاضی ، رائے ناصر علی،سید حسین زیدی، سید علمدار زیدی اور رانا ماجد نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے پنجاب عزاداری کونسل کے صدر رانا ماجد کا کہنا تھا کہ عزاداری سید الشہدا ہماری شہ رگ حیات ہے جس پر کسی قسم کا قدغن قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ہر فورم پر ملت کے مسائل حل کرنے کے لیے تگ و دو کرتی رہے گی۔ رانا ماجد نے کابینہ اراکین کو بتایا کہ اب حالات پہلے جیسے نہیں پنجاب حکومت ہماری اتحادی جماعت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر عزاداروں کے مسائل کو احسن انداز سے حل کرنے کی مکمل کوشش کریں گے۔ جبکہ پنجاب میں قائم شکایتی سیل کی جانب سے صوبہ بھر کے عزاداروں کی سہولت کے لیے ٹیلی فون نمبرز دیے گئے جہاں شکایتیں موصول کی جائیں گی تاکہ مسائل کا بر وقت حل ممکن ہو ۔