وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے اسلام آباد میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی فرشتہ کے والدین کے نام تعزیتی پیغام میں اس قتل اور زیادتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ بچی فرشتہ کے واقعہ میں غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کو جیل بھیجا جائے، ملک میں انصاف کا یہ حال ہے کہ پوچھنے والا ہی کوئی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ فرشتہ کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا لیکن اس کا پوسٹ مارٹم ہی نہیں کیا جا رہا تھا اور ایف آئی آر کے مطالبہ پر مقامی تھانہ نے صاف انکار کیا۔ غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کو صرف معطل کر دینا ہی کافی نہیں انہیں برطرف کر کے جیل بھیجا جائے کیونکہ ایف آئی آر درج نہ کرنے کا مطلب پولیس ملزمان سے ملی ہوئی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ فرشتہ پوری قوم کی بیٹی ہے، قوم کی بیٹی اور انصاف کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ یہ کیسی ریاست مدینہ ہے جہاں پوچھنے والا ہی کوئی نہیں ہے جبکہ یہاں ایک ظلم نہیں بلکہ تواتر سے ہی مظالم ہو رہے ہیں۔علامہ عبدالخالق اسدی نے مزید کہا کہ مظلوم کے ساتھ پہلے انصاف ہونا چاہیے، جزا اور سزا پر عمل کو یقینی بنائیں گے تو آئندہ جرم نہیں ہو گا جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ مظلوم اور غریب کو سب سے پہلے انصاف ملے۔