وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی اپیل پر آج ملک گیر یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ اس حوالے سے پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں بھی مجلس وحدت مسلمین لاہور اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما علامہ سید حسن رضا ہمدانی اور سیدہ حنا تقوی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کیخلاف اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین میں خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔ علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیر کا ہندوستان میں غیر قانونی انضمام مودی سرکار کی اوچھی حرکت ہے جس کو ہرگز تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، اس کے علاوہ اس کا کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق کیلئے لڑتے رہیں ہیں اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد ہے جس میں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا مودی کو اپنا قبیح فیصلہ ہر صورت میں واپس لینا ہوگا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کی رائے کے مطابق حل کیا جائے۔ علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ہمارے کارکنوں نے کارگل میں بھارت کیخلاف مظاہرہ کیا مگر افسوس کی ریاستی پولیس نے ہمارے سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا، ہم ان گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے تمام کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیری ہمارے بھائی ہیں ہر محاذ پر اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین لاہور شعبہ خواتین کی سربراہ خانم حنا تقوی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے کشمیری عوام اور پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں ہم پاکستان بچانے والوں میں سے ہیں، اس کے باوجود ہمارے جوانوں کو جبری لاپتہ کرنا ہماری حب الوطنی کیساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد سے سابق صدر آئی ایس او یافث نوید ہاشمی کا جبری لاپتہ ہو جانا لمحہ فکریہ ہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یافث نوید ہاشمی کو فی الفور رہا کیا جائے۔ ریلی میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی جبکہ سجاد نقوی، شیخ عمران، سید حسین زیدی، رائے ناصر علی و دیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔