وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے وفد کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل خانہ فرنگ ایران لاہور سے خانہ فرہنگ لاہور میں ملاقات کے دوران ڈاکٹر ابراہیم ریئسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ایرانی قوم کیساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعتاً ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی اچانک موت امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، اور ان کیساتھ وزیر خارجہ ایران جو ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے ساتھ شہید ہوئے ہیں، وہ ایک ایسی بے مثال شخصیت تھے، جنہوں نے فلسطین کہ مظلومین کا پیغام پوری دنیا کے ہر کونے تک پہنچایا اور مظلوم فلسطینیوں کی ایک بلند و بالا مثالی آواز تھے، ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے ہمیشہ اتحاد و امت کیلئے اپنی آواز بلند کی، اور امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق پر ہمیشہ کاربند رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج الحمدللہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی شہادت اور ساتھی شہیدوں کے خون کے اثر سے مزید مضبوط ہوں گے، ان شاءاللہ العزیز آج بھی پوری پاکستانی قوم صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے غم میں دکھی ہے۔ وفد میں ضلع لاہور کے صدر نجم عباس خان، سینیئر نائب صدر آفتاب علی ہاشمی، ملک محمد علی، سید محمد عباس رضوی، فخر عباس ایڈووکیٹ، حیدر عباس حیدری، مولانا شمشں الحسنین نقوی، آغا زاہد قزلباش، اسد حسین جعفری، چودھری سجاد گجر، علامہ ظہیر الحسن کربلائی، رانا محمد آصف، سید جاوید علی بخاری، ندیم عباس جنجوعہ اور دیگر افراد شامل تھے۔