وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے فرانسیسی میگزین چارلی ایبدو کی طرف سے پیامبر اسلام حضرت محمد مصطفے (ص) کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے امریکہ اور یورپ میں پھیلنے کی وجہ سے اسلام دشمن طاقتیں خوف زدہ ہو گئی ہیں کیونکہ وہ دن دور نہیں جب اسلام یورپ کا سب سے بڑا مذہب ہو گا جس کو روکنے کے لئے یہ لوگ آئے روز سازشیں اور بہانے تلاش کر رہے ہیں اور نت نئے حربے استعمال کر رہے ہیں ۔کبھی ورلڈٹریٹ سنٹر میں دھماکہ کر وا کر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جارحیت کی جاتی ہے ۔ان خیالات کااظہار اُنہوں نے جامعہ شہید مطہری میں ضلعی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اُنہوں نے کہا کہ کبھی اپنے پالتو ایجینٹوں القاعدہ ،طالبان ،اور داعش کے ہاتھوں لاکھوں لوگوں کا قتل عام کروا کر اسلام کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی ناکام کوشش کی جاتی ہے اور اب چند گستاخ لوگوں کے مرنے پر پورے عالم اسلام کی دل آزاری کی گئی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ پیامبر اعظم (ص) کی عزت و توقیر کی خاطر ہم سب اپنی جانوں کی قربانی دینے سے بھی ہرگز گریز نہیں کریں گے۔علامہ قاضی نادر نے کہا آج اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کی نا اتفاقی سے فائدہ اور ہمارے مقدسات کی توہین کی جرات کر رہی ہیں اور اگر ہمیں دشمن کا مقابلہ کرنا ہے تو پھر ہمیں پیامبر اکرم(ص)کی تعلیمات کو اپنا کر آپس میں اتفاق و اتحاد کو فروغ دینا چاہیے جسکے بعدکوئی دشمن ،اسلام اور ہمارے مقدسات کی طرف میلی آنکھ اٹھانے کی بھی جرات نہیں کر سکتا۔