وحدت نیوز(سرگودھا) ساہیوال ضلع سرگودھا میں سانحہ مستونگ کی مذمت اور ہزارہ برادری کے ساتھ یکجہتی کے لیے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین، آئی ایس او اور مقامی انجمنوں کے زیر اہتمام ریلی، حسین آباد سے شروع ہو کر جنرل بس اسٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا باقر عسکری نے کہا کہ مستونگ میں شیعہ زائرین کی بس پر حملہ ناقابل برداشت ہے، پوری ملت تشیع سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر وطن عزیز پاکستان کی بقا چاہتی ہے تو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے، اگر حکومت بے بس ہے تو ہمیں راستہ دے، ہم پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ریلی اور احتجاجی مظاہرے کے سینکڑوں شرکا سے مولانا سبطین قیامت اور سید انتخاب شیرازی نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے شرکا نے پرچم اٹھا رکھے تھے اور لبیک یا حسینؑ کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی جب سرگودھاملتان روڈ پر پہنچی تو روڈ بلاک کر دی گئی۔ مظاہرے کے دوران ریلی میں شریک نوجوانوں نے مردہ باد امریکہ اور مردہ باد لشکر جھنگوی کے نعرے بھی لگائے۔ ریلی کے اختتام پر قرادادیں منظور کی گئیں۔