وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فا ئونڈیشن کی طرف سے ضلع چنیوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں مہدی آباد، ٹھٹھہ محمد شاہ، سانگرہ، بورج پودا،ڈھیر سیداں اور بورج سرگانہ میں 300 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کر دیا گیا جس میں آٹا،چاول،گھی، چائے اور دالیں شامل ہیں اس موقع پر خیرالعمل فا ئونڈیشن پنجاب کے سیکر ٹری فلاح وبہبود مسرت کاظمی، خیرالعمل فائوندیشن پنجاب کے ایگزیکٹو ممبر محمد سرور کھوسہ،ایم ڈبلیو ایم ضلع اٹک کے سیکر ٹری جنرل مولانا نیاز حسین ،خیرالعمل فائونڈیشن کی مرکزی ایتام کمیٹی کے ممبر اخترعباس اور ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیاسی سیل کے ممبران عاشق بخاری اور اخلاق بخاری موجود تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خیرالعمل فائونڈیشن پنجاب کے سیکرٹری فلاح و بہبود مسرت کاظمی نے کہا کہ پورے پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین کے رضا کار دن رات امدادی سر گر میاں جاری رکھے ہوئے ہیں متاثرین کی مشکلات بے حد زیادہ ہیں اور اب تک حکومتی سطح پر کی جانیوالی کوششیں صفر ہیں جس کی وجہ سے قومی جماعتوں ،فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی ذمہ داریاں مزیدبڑھ گئی ہیں ۔مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فائونڈیشن کے مسئو لین نے امدادی سر گر میوں کے ساتھ ساتھ نقصانات کا سروے بھی شروع کر دیا ہے ا نشاء اللہ ریلیف و ریسکیو کے ختم ہو تے ہی بحا لی و تعمیر نو کے مرحلے میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹیں گے جب تک متاثرین اپنی سابقہ حالت میں واپس نہیں لوٹ جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ 2010 کے سیلاب متاثرین کی اب تک بحالی کے منصوبہ جات پر خیرالعمل فائونڈیشن کے کاموں کا جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم مستقل مزاجی کے ساتھ عوام کے دکھ درد میں شریک ہیں ۔