وحدت نیوز (راولپنڈی ) ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی اسلام آباد کے زیراہتمام شام پر ممکنہ امریکی حملے اور مصر میں فوجی مداخلت کیخلاف لیاقت باغ راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں جڑواں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر مصر اور شام کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی، راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شام پر ممکنہ امریکی حملہ عالم اسلام پر حملہ ہوگا، مسلم ممالک امریکہ کو جارحیت سے روکنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ مقررین کی طرف سے پیسہ ہم دیں گے اور حملہ تم کرو، کی عرب ممالک کی پیشکش کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ عالم اسلام پر یہ کیسا وقت آن پڑا ہے کہ مسلمان ممالک ایک مسلم ملک پر یہود و نصاریٰ کے حملے کے منتظر ہیں اور دعوت دے رہے ہیں۔ مقررین نے مصر میں جمہوری حکومت کے خاتمے اور عرب ممالک کی جانب سے فوجی مداخلت کی حمایت کی شدید مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ خادمین حرمین شریفین کا پتہ لگ چکا ہے کہ وہ کس کے خادم اور خدمت گذار ہیں۔ مقررین نے آل پارٹیز کانفرنس میں طالبان سے مذاکرات کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پچاس ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات کسی صورت قبول نہیں ہیں۔ شہداء کے لواحقین کو اعتماد میں لئے بغیر مذاکرات کرنا ملک سے غدار ہوگی۔