وحدت نیوز (لاہور) شام میں مزارات مقدسہ پر حملوں اور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظر لاہور کے اہل تشیع عیدالفطر انتہائی سادگی سے منائیں گے۔ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواسی رسول حضرت بی زینب سلام اللہ علیہا اور اصحاب رسول رضی اللہ تعالٰی عنہ کے مزارات پر حملوں اور بے حرمتی سے ملت اسلامیہ کے دل رنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امسال ان واقعات کے پیش نظر ہی عیدالفطر سادگی سے منائی جائیگی اور نماز عید کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کربلا گامے شاہ اور ناصر باغ کے باہر بڑے مظاہرے ہونگے، جن کی قیادت شیعہ رہنما الحاج حیدر علی مرزا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لہر پنجاب میں پہنچ گئی ہے، گذشتہ ہفتے رحیم یار خان میں 2 شیعہ افراد اور 2 ہی سرگودھا میں قتل کئے گئے جبکہ سید شاکر علی رضوی، ڈاکٹر شبہیہ الحسن ہاشمی، ڈاکٹر علی حیدر اور انکے بیٹے مرتضٰی حیدر کے قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔
علامہ اسدی نے کہا کہ عیدالفطر کے اجتماعات کے بعد پورے پنجاب میں مظاہرے کئے جائیں گے، جن کے شرکاء شام میں امریکی مداخلت کی مذمت میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے پنجاب بھر میں اپنے یونٹس کو سرکلر جاری کر دیا ہے جس میں مظاہروں کی ہدایت کی گئی ہے۔ علامہ اسدی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ اقدامات کرے، بصورت دیگر اقتدار سے باہر ہونے کیلئے تیار ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت سے عوام کو جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں اور عوام مایوس ہونا شروع ہوگئے ہیں، توانائی سمیت کوئی بھی بحران حکومت سے کنٹرول نہیں ہو رہا۔