وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے زیراہتمام گزشتہ روز شام میں بی بی زینب سلام اللہ علیھا کے روضے پر ہونے والے حملے کے خلاف جامع مسجد حیدریہ گلگشت سے جلال چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی اور جامعہ شہید مطہری ملتان کے پرنسپل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی۔ ریلی کے شرکاء جب جلال چوک کے قریب پہنچے تو نامعلوم شخص نے ریلی پر فائرنگ کردی تاہم فائرنگ سے کسی قسم کا کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ موقع پر موجود پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا اور بعد ازاں اُسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
''اسلام ٹائمز'' سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے رہنما سید شبر رضا زیدی نے کہا کہ ریلی پر فائرنگ کے واقعہ کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کس نوعیت کا واقعہ ہے لیکن پولیس تفتیش کر رہی ہے جس کے بعد ہی کچھ پتا چلے گا۔ دوسری طرف ریلی پر ہونے والی فائرنگ کے بعد ملتان میں انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کا تعلق کسی کالعدم جماعت سے بھی ہوسکتا ہے۔