وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا بیالیسواں سالانہ مستضعفین جہاں کنونشن لاہور کے جامعۃ المنتظر میں شروع ہو گیا ہے۔ کنونشن کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز اسکاﺅٹس کی سلامی سے ہوا، امامیہ اسکاﺅٹس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران طاہر، سینئر بردار فدا حسین اور نثار ترمذی بھی موجود تھے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ایس او صالح، باکردار اور باشعور طلباء کی تنظیم ہے، جس نے اصلاح معاشرہ میں بھرپور انداز میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ بات فخر کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ معاشرے میں جتنے بھی فلاحی منصوبے ہیں یا جو معاشرے کی بہبود اور ملت کے مفاد میں کام کئے جا رہے ہیں، ان کے پیچھے آئی ایس او کی سوچ کار فرما ہے۔