وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے تحت عظمت ولایت کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں منعقدہ عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات میں پروگرام کی تشہیر کے سلسلے میں کیمپ لگائے گئے، جن سے پروگرام کے ہینڈ بلز، اسٹیکرز اور دیگر لٹریچر تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف کیمپوں کو دورہ کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو سندھ کی عوام غدیری جذبہ کے ساتھ نشتر پارک میں حاضر ہونگے اور انشاء اللہ ولایت کے پیروکاروں کا یہ عظیم الشان اجتماع ثابت کردے گا کہ غدیر کے ماننے والے آج بھی زندہ ہیں اور ہمیشہ غدیر کے پیغام کو عام کرنے کیلئے اپنی تمام کر کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ولایت کے پیروکار سرزمین پاکستان میں دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف ہیں اور عظمت ولایت کانفرنس میں ثابت کردیں گے کہ ہم نے ہمیشہ ظالم کے ظلم کے خلاف اپنی آواز حق کو بلند کیا ہے چاہے اس کیلئے ہمیں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں لائنزایریا، سولجر بازار، نارتھ کراچی ، ملیر ، بن قاسم ، لانڈہی ، کورنگی ، عباس ٹائون، گلشن اقبال، جعفر طیار ، کھوکراپار ، اسٹیل ٹائون میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے نماز عید کے اجتماعات میں رابطہ کیمپس لگائے گئے ، جب کہ مختلف مساجد میں آئمہ جماعت نےموجودہ حالات میں قومی وحدت اور اتحاد کے عنوان پر خطاب کیا اور مومنین سے عظمت ولایت کانفرنس میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ۔